• Fri, 24 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

پوجا بھٹ اداکارہ ہی نہیں بہترین فلم ساز اور ہدایتکار بھی ہیں

Updated: February 24, 2022, 11:05 AM IST | Agency | Mumbai

ہمہ جہت صلاحیت کی مالک پوجا بھٹ نےنہ صرف ادکاری میں شہرت حاصل کی بلکہ فلمسازی اور ہدایت کاری میں بھی اپنی بہترین صلاحیت سے شائقین کو اپنا دیوانہ بنالیا۔

Pooja Bhatt. Picture:INN
پوجا بھٹ۔ تصویر: آئی این این

ہمہ جہت صلاحیت کی مالک پوجا بھٹ نےنہ صرف ادکاری میں شہرت حاصل کی بلکہ فلمسازی اور ہدایت کاری میں بھی اپنی بہترین صلاحیت سے شائقین کو اپنا دیوانہ بنالیا۔پوجا بھٹ کی پیدائش ۲۴؍ فروری ۱۹۷۲ءکوممبئی میں ہوئی۔وہ  ہندی فلموںکےمعروف ڈائریکٹر و پروڈیوسر مہیش بھٹ کی صاحب زادی ہیں۔پوجا بھٹ نے اپنے کریئرکا آغاز محض ۱۷؍برس کی عمر میں اپنے والدکی ٹیلی فلم ’ڈیڈی‘سےکیاتھا۔یہ فلم ایک شرابی باپ اور اس کی بیٹی کےرشتے پر مبنی تھی۔اس فلم میں شرابی باپ کا رول     انوپم کھیرنےادا کیا تھا۔ پوجا نے اپنی پہلی ہی فلم میں ادکاری کا لوہا منوایا۔ اس فلم کو ناظرین نے کافی پسند کیا۔ پوجا بھٹ کو فلموں میں اصل شناخت فلم ’دل ہے کہ مانتا نہیں‘سےملی۔یہ فلم آسکر وننگ فلم’اٹ ہپینڈ ون نائٹ‘ کا ری میک تھی۔یہ فلم پوجا کےکریئرکی سپر ہٹ فلم ثابت ہوئی۔ مہیش بھٹ کی ہدایت کاری والی اس فلم میںپوجا کے اپوزٹ عامر خان تھے۔اس فلم کے لئے پوجا بھٹ کو بہترین اداکارہ کے فلم فیئرایوارڈسےنوازہ گیا۔ ۱۹۹۱ء میں پوجا بھٹ کی ایک اورفلم ’سڑک‘ریلیز ہوئی۔یہ فلم بھی سپر ہٹ ثابت ہوئی۔یہ فلم بھی ان کے والدمہیش بھٹ کی ہدایت کاری میں بنی تھی۔ اس فلم میں ہیروسنجے دت تھے۔ ۱۹۹۲ءمیںان کی ایک اور ٹیلی فلم  پھر تیری کہانی یاد آئی ریلیز ہوئی۔اس فلم کو بھی ناظرین نے کافی پسند کیا۔۱۹۹۲ء سے۱۹۹۶ء  کے درمیان پوجا نے بے شمار فلمو ںمیں کام کیا جن میں تڑی پار، چور اورچاند، ناراض، گناہگار، چاہت، ہم دونوں جیسی فلمیں شامل ہیں۔ یہ سبھی فلمیں سلور اسکرین پر اپنا اثر چھوڑنے میں ناکام رہیں۔  ۱۹۹۷ء  میں پوجا نے فلمسازی کے میدان میںقدم رکھا۔ بطورفلمسازاپنی پہلی فلم تمنا میں پوجا نے  اداکاری بھی کی تھی۔اس فلم کے ذریعہ انہوں نے ایک ایسےمخنث کی زندگی کی ایسی کہانی پیش کی جو سماج کی تمام مخالفت کے باوجود ایک یتیم لڑکی کی پرورش کرتا ہے۔ حالانکہ یہ فلم ٹکٹ کھڑکی پر کچھ خاص کامیاب نہیں ہوئی لیکن فلم ناقدین کا ماننا ہے کہ یہ فلم پوجا بھٹ کی بہترین فلموں میں سے ایک ہے۔۱۹۹۸ءمیں پوجا نے زخم اور دشمن جیسے سپر ہٹ فلموںکی فلمسازی کی۔ زخم کے ذریعہ پوجا نے اجودھیامیںرونما ہوئےواقعات کے بعد ممبئی میں پھوٹے فسادات کے دوران ایک کنبے کی کہانی سلور اسکرین پر پیش کی تھی۔اس فلم میں پوجا کی سنجیدہ اداکاری کا الگ ہی رنگ دیکھنے کو ملا۔ ۲۰۰۳ء میں ریلیز ہونے والی فلم پاپ کے ذریعہ پوجا بھٹ نے ہدایت کاری کے شعبے میں قدم رکھا۔پوجا بھٹ ان دنوں بطور فلمساز سرگرم ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK