فلم اداکار اور ٹی وی پروڈیوسر پرشانت بجاج کا کہنا ہےکہ بڑےفنکاروں کے ساتھ کام کرتے ہوئے میں کبھی نروس نہیں ہوتا، میں بس یہی سوچتا ہوں کہ وہ اپنا کام کریں گے اور میں اپنا۔
EPAPER
Updated: April 13, 2025, 12:06 PM IST | Abdul Karim Qasim Ali | Mumbai
فلم اداکار اور ٹی وی پروڈیوسر پرشانت بجاج کا کہنا ہےکہ بڑےفنکاروں کے ساتھ کام کرتے ہوئے میں کبھی نروس نہیں ہوتا، میں بس یہی سوچتا ہوں کہ وہ اپنا کام کریں گے اور میں اپنا۔
سنی دیول کی فلم جاٹ ریلیز ہوچکی ہے اور ان کے شائقین نے اس فلم کی پزیرائی بھی خوب کی ہے۔ اس فلم میں ان کے ساتھ پرشانت بجاج نے بھی کام کیاہے جوکہ آسام سے تعلق رکھتے ہیں۔ وہ اداکاری کے ساتھ ہی پروڈیوسر کی خدمات بھی انجام دیتے ہیں۔ فلم جاٹ میں پرشانت بجاج نے سنی دیول کے سامنے ایکشن سین کئے ہیں۔ پرشانت نے فلم انڈسٹری میں ۱۴؍ سے زائد سال گزارے ہیں، اسلئے وہ یہاں کے زیر و زبر سے واقف ہیں۔ بڑے بجٹ کی فلم اور بڑے اداکاروں کے ساتھ کام کرکے انہیں بہت خوشی محسوس ہوئی اور انہوں نے اسے ایک بہترین تجربہ قرار دیا۔ پرشانت بجاج خود کو فٹ رکھنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں اور سوشل میڈیا پر بھی سرگرم رہتے ہیں۔ نمائندہ انقلاب نےپرشانت بجاج سےگفتگو کی ہے جسے یہاں پیش کیا جارہا ہے:
جاٹ میں آپ کے ایکشن کے بارے میں بتائیں ؟
جاٹ میں میں نے سینڈی کا رول نبھایاہے۔ اس فلم میں صرف ایکشن ہی نہیں ہے بلکہ اس کی کہانی کچھ پیغام بھی دیتی ہے۔ میں اپنے اور دیگر اداکاروں کے ایکشن سے بالاتر اس فلم کے اسٹنٹ ڈائریکٹرس کی تعریف کرناچاہوں گاجن کی وجہ سے دیگر افراد نے اپناکام بہتر انداز میں انجام دیا ہے۔ ان میں قابل ذکر اینل اراسو ہیں جنہو ں نے باہو بلی کے اسٹنٹ میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ ان کے بعد رام لکشمن کا نام آتاہے۔ ان دونوں کے بعد وینکٹ نے بھی اچھے ایکشن مناظر کئے ہیں۔ ایک اور نام باسد نورا کا بھی ہے جنہوں نے اتنے اچھے ایکشن مناظر کئے ہیں کہ فلم قابل تعریف بنی ہے۔
سنی دیول ایک بڑے فنکار ہیں۔ ان کےساتھ آپ کے تجربات کیسے رہے ؟کوئی خاص واقعہ آپ بتانا چاہیں گے؟
ج:فلم انڈسٹری میں بہت سے اداکارہیں اور ان کے مداحوں کی تعدادبھی زیادہ ہے۔ ان میں امیتابھ بچن، سلمان خان، شاہ رخ خان اور سنی دیول کا نام قابل ذکر ہے۔ متذکرہ اداکاروں کے ساتھ کام کرنے کا خواب سبھی دیکھتے ہیں اور میں نے بھی دیکھا تھا۔ میں خوش قسمت تھا کہ مجھے سنی دیول کے ساتھ اسکرین شیئر کرنے کا موقع ملا۔ ان کی اداکاری کے بارے میں زیادہ بات نہیں کرسکتے لیکن شوٹنگ کے دوران ایک واقعہ پیش آیا تھاجس کا ذکر میں یہاں کرنا چاہوں گا۔ اس سے آپ کو پتہ چلے گا کہ وہ کس طرح ساتھی اداکاروں کا احترام کرتے تھے۔ میرا اور ان کا فائٹنگ سین تھا۔ مجھے ان پر حملہ کرنا تھا، اس سین میں انہوں نے میری مدد کی۔ انہوں نے کہاکہ میں اس طرف سے آکر ان پر حملہ کروں۔ میں نے سنی دیول سے کہا کہ آپ میرا گلاپوری طاقت کے ساتھ پکڑ لیں لیکن انہوں نے فوراً منع کردیا اور کہاکہ میں تمہارا گلا آرام سے پکڑوں گا کیونکہ میں تمہیں چوٹ نہیں پہنچانا چاہتا۔ اس واقعہ سے اندازہ ہوتاہے کہ وہ ساتھی اداکاروں کا پورا خیال رکھتے ہیں۔
بڑے اداکاروں کے ساتھ کام کرنے کے دوران خوف رہتا ہے؟
بڑے اداکارو ں کے ساتھ کام کرتے وقت میں کبھی خوفزدہ نہیں ہوتا، میرے ذہن میں بس یہی بات ہوتی ہے کہ وہ اپنا پرفارم کریں گے اور مجھے اپنا پرفارم کرناہے۔ اگر میں ایسا نہیں سوچوں تو میں اپنی اداکاری پر توجہ مرکوز نہیں کرسکوں گا۔ بہرحال جب آپ بڑے اداکاروں کے ساتھ کام کرتے ہیں تو ان سے کچھ نہ کچھ سیکھنے کو ملتاہے۔ میں تو جونیئر اداکاروں سے سبھی سیکھنے میں یقین رکھتاہوں۔ میں نے جاٹ میں رندیپ ہڈا، ونیت بھائی اور اداکارہ رجینا سے بھی بہت کچھ سیکھاہے۔
فلم میں آپ کے لُک کے بارے میں کچھ بتائیں ؟
میں آپ کو ایک رازکی بات بتانا چاہتاہوں۔ سینڈی کا رول سب سے پہلے ابھیشیک بنرجی کو پیش کیا گیا تھا۔ ان کے انکار کے بعد جنوبی ہند کے معروف اداکاریہ رول کرنے والے تھے۔ لیکن کچھ وجوہات کی بنا پر وہ ممبئی نہیں آسکے اور پھر میں نے اس رول کیلئے لُک ٹیسٹ دیا۔ میں کامیاب ہوگیا۔ شوٹنگ سے پہلے کہا گیا کہ مجھے بال چھوٹے کرنے ہیں، بعد میں کہا گیا تھا کہ میں اپنے بال بڑھاؤں۔ جب سیٹ پر آیا تو ہدایتکار نے کہاکہ مجھے اپنے بدن پر ٹیٹو بنانا ہوگا۔ میں نے کہا کہ یہ کیسے ممکن ہے۔ انہو ں نے پھر سمجھایا کہ سینڈی کے جسم پر ٹیٹوہوں گے تب ہی وہ سینڈی نظر آئے گا۔ اس طرح میں فلم میں سینڈی بنا۔
کیا آپ فٹنیس پر بہت زیادہ توجہ دیتےہیں ؟
میرا جو پیشہ ہے اس میں فٹنیس بہت ضروری ہے۔ ایسے بھی ہر انسان کو فٹ رہنا چاہئے اور اسے جم کرتے رہنا چاہئے۔ حالانکہ میں نے جاٹ فلم کیلئے اپنا وزن بڑھایا تھا۔ فلم میں مجھے شروعات میں غریب دکھایا گیا تھا، بعد میں میں امیر ہو جاتا ہوں، اس طرح میری فٹنیس میں تبدیلی آتی ہے۔ میں روزانہ جم جاتاہوں اور وہاں کافی وقت گزارتاہوں۔ جس طرح عامر خان نے گجنی میں اپنے کیریکٹر کی تیاری کی تھی اسی طرح میں بھی اپنے کردار کے ساتھ انصاف کرنے کیلئے فٹنیس پر توجہ دیتاہوں۔
آپ کس طرح کے پروجیکٹ پروڈیوس کرتے ہیں ؟
ج:میں ممبئی اداکار بننے کیلئے آیا تھا اور میں نے اس پر توجہ دی تھی لیکن مجھے فلمسازی کا بھی شوق ہے اسلئے میں نے پروڈکشن بھی شروع کیا۔ میں نے برتول شو پروڈیوس کیا تھا۔ انڈسٹری میں کچھ ایسے شوز ہوتے ہیں جو آپ کو بہت پسندآتے ہیں۔ مراٹھی زبان کے فلمساز سنجے زنکر کے شو مجھے بہت پسند آتے تھے، ان کے ساتھ میں نے کام کیا۔ اس کے بعد ایک پروڈکشن ہاؤس کے بورڈ آف ڈائریکٹر س میں شامل تھا لیکن بعد میں مجھے احساس ہوا کہ ایک ہی کشتی میں سوار ہونا چاہئے کیونکہ میں ملٹی ٹاسکر نہیں ہوں۔ اسلئے میں نے اداکاری پر توجہ مرکوز کی اور اسی میں آگے بڑھنا چاہتا ہوں۔
سوشل میڈیا آپ کیلئے کتنا اہمیت رکھتا ہے؟
ج:سوشل میڈیا آج کے دور کی ضرورت ہے یا یوں کہئے کہ یہ ٹرینڈنگ ہے۔ اس پر شہرت پانے والے بہت سے افراد ہیں لیکن ایسا نہیں ہے کہ اس پر سرگرم ہونے ہی سے آپ کی شہرت بڑھے گی۔ ماضی میں تو سوشل میڈیا نہیں تھا، اس کے باوجود اُس دور کے اداکار شہرت رکھتے تھے۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ ان کا کام بہترین ہوتا تھا اور میں بھی چاہوں گا کہ میری شہرت میرے کام کی وجہ سے ہو۔
جاٹ کے بعد آپ کون سی فلم میں نظر آئیں گے؟
جاٹ کے بعد میری ۲؍فلمیں ریلیز ہونے والی ہیں، ان کی تاریخ ابھی تک طے نہیں کی گئی ہے۔ ایک فلم تو ابھی ابتدائی مراحل میں ہے۔ دوسری فلم بہت بڑے بجٹ کی ہے اور اس میں بھی میں نے ایک سپراسٹا ر کے ساتھ کام کیاہے۔ اس فلم کی ریلیز کی تاریخ آگے بڑھ گئی ہے اور پروڈکشن کی پابندیوں کی وجہ سے میں اس کے بارے میں آپ کو زیادہ نہیں بتا سکتا۔ بہرحال میں نے پہلے ہی کہا ہے کہ قسمت میں جو رول ہوں گے وہ مجھے ملتے جائیں گے۔ میں قسمت میں بہت یقین رکھتا ہوں۔