سماج وادی پارٹی کارکنان نے رکن اسمبلی کو معطل کرنے کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا، ساتھ ہی انہیں سیکوریٹی فراہم کرنے کی مانگ کی۔
EPAPER
Updated: March 08, 2025, 11:13 AM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon
سماج وادی پارٹی کارکنان نے رکن اسمبلی کو معطل کرنے کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا، ساتھ ہی انہیں سیکوریٹی فراہم کرنے کی مانگ کی۔
اورنگ زیبؒکی تعریف کے جرم میں اسمبلی کے بجٹ اجلاس سے معطل کئے گئے سماج وادی پارٹی کے رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی کی حمایت میں مالیگائوں سماج وادی پارٹی نے شہر میں واقع’ شہیدوں کی یادگار‘ کے پاس محمد مستقیم کی قیادت میں مظاہرہ کیا۔ جمعہ کی نمازکےبعدکثیر تعداد میں عوام نے شہیدوں کی یادگار کا رُخ کیا۔ مظاہرے میں شریک افراد نے ریاستی حکومت کے جانب دارانہ اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔
ریاست کے گورنرپی سی رادھا کرشنن کے نام لکھے گئے خط میں محمد مستقیم نے چند مطالبات پیش کئے ہیں ۔ اول یہ کہ ابوعاصم اعظمی کی معطلی کو منسوخ کیاجائے۔ مکتوب میں لکھا ہے کہ آئینی ضابطوں کے مطابق اور ایوان کے وقار کو ملحوظ رکھتے ہوئے عوام کے ووٹوں سے منتخب نمائندے کواِس طرح ایوان سے باہر نہیں کیا جاسکتا۔ ابوعاصم بحیثیت رُکن اسمبلی چوتھی میعاد کیلئے منتخب عوامی نمائندے ہیں۔ ابوعاصم نے اِس ملک کی سب سے بڑی پنچایت یعنی پارلیمنٹ کے ایوانِ بالامیں ۶؍ برس تک ہندوستانی عوام خاص طورسے اقلیتوں کی نمائندگی کی ہے۔ ۴؍مرتبہ رکن اسمبلی اور اور ایک مرتبہ رکن پارلیمان رہ چکے ایک معزز عوامی قائد کےساتھ جانبدارانہ اقدام کی عوامی سطح پر مذمت کی جارہی ہےلہٰذا ریاستی اربابِ اقتدار عوامی رجحان کو سمجھنے کی کوشش کریں۔ ساتھ ہی مکتوب میں کہا گیا ہےکہ ابو عاصم اعظمی کو زیڈ پلس سیکوریٹی دی جائے کیونکہ شرپسند عناصرغیر انسانی طریقے سے پیش آسکتے ہیں جیسے کہ ماضی قریب میں ممبئی کے مشہور سیاسی لیڈربابا صدیقی کا بہیمانہ قتل ہوگیا۔ ابوعاصم کی جان کے تحفظ کیلئے گورنر اپنے خصوصی اختیارات کا استعمال کریں۔
محمد مستقیم نے کہا کہ یوپی کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ پارلیمانی الیکشن میں مالیگائوں آئے تھے۔ اُن کے آنے سے اِس حلقے سے بی جے پی امیدوار کو کراری شکست ہوئی۔ یوگی کو چاہئے کہ وہ یوپی کے اسمبلی اجلاس میں اپنی کارکردگی پر بات کریں۔ گاندھی کو مارنےوالے کو ’مہاپرش‘ بتانے والوں کو سماج وادی نظریات سے بہت کچھ سیکھنے کی ضرورت ہے۔ اِس مظاہرے میں الحاج اطہر حسین اشرفی، سہیل احمد عبدالکریم، خان رضوان اللہ، ایڈوکیٹ شیخ توصیف، ابواللیث انصاری، معین اختر، یحییٰ عبدالجبار، مسیح اللہ، فراز گلنار سمیت بڑی تعداد میں سماج وادی کارکنان شامل ہوئے۔