کانگریس کے اقتداروالی ریاستوں میں بہتر پالیسی کا وعدہ کیا ، اہل خانہ سے بھی ملے۔
EPAPER
Updated: August 20, 2024, 12:55 PM IST | Agency | New Delhi
کانگریس کے اقتداروالی ریاستوں میں بہتر پالیسی کا وعدہ کیا ، اہل خانہ سے بھی ملے۔
عام آدمی تک پہنچنے اور ان کے مسائل کو سمجھنے کی اپنی کوششوں کے تحت پیر کو ایکس پوسٹ کرکے راہل گاندھی نے اُبر میں سفر کا اپنا ویڈیو جاری کیا ۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے اُبر ڈرائیور اوران جیسے دیگر افراد کی پریشانی کو بیان کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’آمدنی کم اور مہنگائی سے نکلتا دم، یہ ہے ہندوستان کے ڈرائیوروں کی حالت زار۔ ‘‘ کانگریس لیڈر نے اس کے ساتھ ہی یقین دہانی کرائی ہے کہ جن ریاستوں میں ان کی پارٹی کی حکومت ہےوہاں ایسے لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے پالیسی بنائی جائے گی۔
راہل گاندھی ویڈیو میں اُبر ٹیکسی ڈرائیور جس کا نام اسنیل اپادھیائے ہے ، سے گفتگوکرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ انہوں نے ایکس پوسٹ پر لکھا ہے کہ ’’اُبر میں سنیل اپادھیائے جی کے ساتھ گفتگو میں اور پھر ان کے اہل خانہ سے ملاقات کرکےکیب چلانے اور ڈلیوی ایجنٹ کے طور پر کام کرنے والے افرادکے مسائل کو سمجھا۔ انتہائی محدود آمدنی میں ان کا گزر بسر مشکل ہے، نہ کوئی بچت ہے اور نہ ہی خاندان کے مستقبل کا کوئی نظم۔ ‘‘
۱۱؍ منٹ کے اس ویڈیو کے ابتدا میں راہل گاندھی اُبر ایپ کے ذریعہ کیب بُک کرتے نظر آتے ہیں۔ گاڑی آنے کے بعد وہ اس میں سوار ہوتے ہیں اور پھرڈرائیور سے دوستانہ ماحول میں گفتگو کرنے لگتے ہیں۔ ڈرائیور کا تعلق یوپی کے ایٹہ ضلع سے ہے۔
گفتگو کے دوران راہل گاندھی ڈرائیو کے مسائل اور دقتوں کو سمجھنے کی کوشش کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ سفر کے اختتام پر راہل گاندھی نے ڈرائیور کو اس کے بچوںکیلئے تحفہ بھی دیا جبکہ بعد میں دہلی کے ایک ہوٹل میں انہوں نے مذکورہ ڈرائیور کے اہل خانہ کے ساتھ کھانا کھایا۔ کھانا کھانے کے دوران انہوں نے سنیل اپادھیائے کے اہل خانہ کو بتایا کہ مختلف ریاستوں میں کانگریس کی حکومتیں چھوٹے مزدوروں کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔
ویڈیو سے یہ واضح نہیں ہے کہ انہوں نے اُبر کیب میں کس دن سفر کیا ہے ۔ اِدھر کچھ عرصے سے راہل گاندھی نے عام آدمی کے ساتھ رابطہ بڑھانے کی کوششیں تیز کردی ہیں۔اس سے قبل مقدمے کی سماعت میں شرکت کیلئے جاتے ہوئے انہوں نے سلطان پور میں ایک موچی سے ملاقات کی تھی۔