• Tue, 11 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

راجیو کپور اپنے بھائیوں کی طرح باصلاحیت اداکار تھے

Updated: February 10, 2025, 2:25 PM IST | Mumbai

راج کپور کے سب سے چھوٹے بیٹے، رندھیر اور رشی کپور کے چھوٹے بھائی راجیو کپورکی پیدائش ۲۵؍اگست ۱۹۶۲ء کو ہوئی تھی۔

Rajiv Kapoor (centre) can be seen with his two elder brothers Randhir Kapoor and Rishi Kapoor during an event. Photo: INN.
راجیو کپور(درمیان میں )کو اپنے دونوں بڑے بھائیوں رندھیر کپور او رشی کپور کے ساتھ کسی تقریب کے دوران دیکھا جاسکتاہے۔ تصویر: آئی این این۔

راج کپور کے سب سے چھوٹے بیٹے، رندھیر اور رشی کپور کے چھوٹے بھائی راجیو کپورکی پیدائش ۲۵؍اگست ۱۹۶۲ءکوہوئی تھی۔ فلموں میں ان کی آمد۱۹۸۳ءکی فلم ’ایک جان ہیں ہم‘ سے ہوئی تھی۔ 
تاہم راجیو کپور کو شہرت راج کپور کی بطور ڈائریکٹر آخری فلم رام تیری گنگا میلی (۱۹۸۵ء) سے ملی۔ یہ ان کے کیریئر کی واحد سپر ہٹ فلم تھی۔ انہوں نےاپنے ۱۰؍سالہ فلمی کریئرمیں محض ۱۳؍ فلموں میں کام کیاجن میں سے ۱۲؍فلاپ رہیں۔ ساتھ ہی ان کی ہٹ فلم ’رام تیری گنگا میلی‘ کی کامیابی کا سہرا بھی فلم کی اداکارہ منداکنی کو دیا گیا۔ 
ان کی دیگر فلموں میں آسمان(۱۹۸۴ء)لور بوائے (۱۹۸۵ء)، زبردست (۱۹۸۵ء)، ہم تو چلے پردیس (۱۹۸۸ء) میرا ساتھی، لاوا ، پریتی، زلزلہ، شکریہ، ناگ ناگن اور زمیندار شامل ہیں۔ 
۱۹۹۰ءکی دہائی میں اداکاری کی بجائے راجیو کپورکی ساری توجہ فلم ڈائریکشن اور پروڈکشن پر مرکوز ہوگئی۔ پہلے۱۹۹۱ءمیں اپنے بھائی رندھیر کپور کی فلم حنا میں پروڈیوسر کے طور پر کام کیاجبکہ ۱۹۹۶ءمیں فلم پریم گرنتھ کی ہدایت کاری کی جس میں مرکزی کردار ان کے بڑے بھائی رشی کپور نے ادا کیا تھا۔ 
انہوں نے منداکنی، کِمی کاٹکر، امریتا سنگھ، وجیتا پنڈت، پدمنی کولہاپورے، میناکشی شیشادری، ڈمپل کپاڈیا، دویا رانا، رتی اگنی ہوتری اور ٹینا منیم کے ساتھ کام کیا۔ ۱۹۹۸ءمیں انہیں فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا جسے انہوں نے آر کے بینر کی جانب سے قبول کیا۔ وہ ۱۹۹۹ءمیں فلم ’آ اب لوٹ چلیں ‘ کے پروڈیوسر بھی تھے جس کے بعد انہوں نے بالی وڈ سے دوری اختیار کرلی تھی۔ 
راجیوکپور کا فلمی سفر اچھا نہیں رہا اور ان کی ذاتی زندگی بھی مصائب میں گزری۔ رام تیری گنگا میلی کے بعدراجیو اور ان کے والد راج کپور کے تعلقات میں تلخی آ گئی۔ راجیو کو یقین تھا کہ اس کے والد نے انہیں صحیح طریقےسے لانچ نہیں کیا تھا۔ راجیو نے ۲۰۰۱ء میں آرتی سبھروال سے شادی کی، لیکن وہ اپنی شادی شدہ زندگی میں کبھی خوش نہیں رہے۔ شادی کے دو سال مکمل ہونے سے پہلے ہی۲۰۰۳ءمیں آرتی اور راجیوکی طلاق ہو گئی۔ اس کےبعد سے راجیو کپور تنہا زندگی گزار رہے تھے۔ 
انتقال سےقبل انہوں نے فلموں میں واپسی کا اعلان کیا تھا اور ڈائریکٹر اشوتوش گواریکر کی فلم میں کردار ادا کرنا تھا۔ اس فلم کااعلان دسمبر ۲۰۲۰ء میں ہوا تھا اور مرکزی کردار سنجے دت ادا کررہے ہیں۔ آخری بارراجیوکپوراپنےخاندان سے کرسمس کےموقع پرملےتھےجس کی تصاویر کرینہ کپور نے انسٹاگرام پر شیئرکی تھیں۔ راجیو کپور کا انتقال۹؍ فروری۲۰۲۱ءکو ۵۸؍سال کی عمر میں ہوا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK