• Mon, 27 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

رنبیر کپور، عالیہ بھٹ اور وکی کوشل کی ’’لو اینڈ وار‘‘ فلم ’’سنگم‘‘ کا ریمیک ہے؟

Updated: October 08, 2024, 7:01 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

سنجے لیلا بھنسالی نے کہا کہ انہوں نے ’’ہم دل دے چکے سنم ‘‘ میں ایشوریہ رائے کو ’’سنگم ‘‘ کی وجینتی مالا بنانے کی کوشش کی۔

Sanjay Leela Bhansali. Photo: INN
سنجے لیلا بھنسالی ۔ تصویر : آئی این این

او ٹی ٹی پر ویب سیریز ’’ہیرا منڈی‘‘ سے آغاز کرنے کے بعد اب بالی ووڈ فلمساز سنجے لیلا بھنسالی ، رنبیر کپور ، عالیہ بھٹ اور وکی کوشل کی مرکزی اداکاری والی فلم ’’لو اینڈ وار‘‘ کی ہدایتکاری کریں گے لیکن اب انہوں نے’دی ہالی ووڈ رپوٹر انڈیا ‘ کے ساتھ ایک انٹرویو میں اس افواہ کو مسترد کردیا کہ یہ فلم ۱۹۶۴ء کی فلم ’’سنگم ‘‘ کا ریمیک ہے۔
بھنسالی نے مداحوں کی چٹکی لیتے ہوئے کہا کہ اگروہ ’’لو اینڈ وار‘‘ کی کہانی سننا چاہتےہیں تو انہیں اس کیلئے تھوڑا انتظار کرنا ہوگا۔
کیا ’’لواینڈوار‘‘ فلم ’’سنگم‘‘ کا ریمیک ہے؟
جب ان سے پوچھا گیا کہ انٹر نیٹ پر کافی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ فلم راج کپور کی’’سنگم ‘‘ کا ریمیک ہے تو بھنسالی نے کہا کہ ’’ نہیں ، مجھے سنگم فلم پسند ہے اور میں نے یہ فلم دیکھی بھی ہے۔’ہم دل دے چکے سنم‘ بھی ’سنگم ‘ کی طرح تھی۔ میں نے ایشوریہ رائے کو سنگم کی وجینتی مالا بنانے کی کوشش کی تھی لیکن یہ ’سنگم‘ کی طرح نہیں ہے۔ راج کپور کے ساتھ میری ساری محبت کے باوجود آپ ایک عظیم شخص کی بہترین فلم کا ریمیک نہیں بنا سکتے ۔ آپ کیسے ’مغل اعظم ‘ ، ’سنگم ‘اور ’’پاکیزہ ‘‘ کا ریمیک بناسکتے ہیں۔’ہیرا منڈی ‘ خراج عقیدت ہے ’پاکیزہ ‘ کیلئے ، یہ میری کمال امروہی سے محبت ہے۔‘‘  
بھنسالی کی فلم ’’لواینڈ وار‘‘
’لواینڈ وار ‘ پر انہوںنے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’ یہ وہ فلم ہے جس کیلئے میں کافی پرجوش ہوں۔ یہ بہت خاص فلم ہے لیکن فی الحال اس کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتالیکن اتنا ضرور کہنا چاہوں گا کہ یہ فلم مختلف ہے۔ اس کی موسیقی بھی متاثر کن ہے ، فلم میں بہترین اداکار کام کررہے ہیں ۔یہ میرے لئے مشکل فلم ہےاس لئےمیں اسے بنانے کیلئے تھوڑا وقت لینا چاہتا ہوںتاکہ صحیح طریقہ اور دھیان سے بنا سکوں۔‘‘
سنگم
’’سنگم‘‘ ۱۹۶۴ء کی ایک رومانوی ڈراما فلم تھی جس کے ہدایتکار راج کپور تھے ۔ اس فلم میں راج کپور ، راجندرکمار اور وجینتی مالا مرکزی کردار میں تھے۔ افتخار، راج مہرا، ناناپالسکیر، لالیتا پوار، اچھلا سچدیو اور ہاری شیودیسانی جیسے اداکاروں نے کام کیا تھا۔اس فلم کی کہانی ایک پائلٹ سندر (راج کپور) کی ہے جسے مرا ہوا سمجھ لیا جاتا ہےجو بعد میںجنگ سے واپس آتا ہے۔ اس کے بعد وہ رادھا (وجینتی مالا) سے شادی کرتا ہے جس سے وہ محبت کرتا تھا۔ تاہم، وہ اس بات سے بے خبر ہے کہ وہ اس کے بہترین دوست، گوپال (راجندر کمار) سے شادی کرنے کا ارادہ کر رہی ہے۔
بھنسالی کی اگلی فلم
واضح رہے کہ بھنسالی کی اگلی فلم ’’لواینڈ وار‘‘ ہوگی جو سنیما گھروں میں ۲۰ ؍مارچ ۲۰۲۶ء کو ریلیز ہونا متوقع ہے جبکہ فلم کی شوٹنگ اگلے مہینے سے شروع ہوسکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK