• Sat, 21 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

رنبیر کپور میں وہ سب کچھ ہے جو بالی ووڈ میں کامیابی کیلئے ایک اداکار میں ہونا چاہئے

Updated: September 29, 2024, 1:46 PM IST | Agency | Mumbai

بالی ووڈ میں کپور خاندان کی چوتھی نسل کی نمائندگی کرنے والے اداکار رنبیر کپور کی پیدائش۲۸؍ ستمبر ۱۹۸۲ء کو ہوئی تھی۔ رنبیر نے بالی وڈ میں اپنے خاندان کا نام روشن کیا۔

Actor Ranbir Kapoor is the representative of the fourth generation of the Kapoor family. Photo: INN
کپور خاندان کی چوتھی نسل کا نمائندہ فنکار رنبیر کپور۔ تصویر : آئی این این

بالی ووڈ میں کپور خاندان کی چوتھی نسل کی نمائندگی کرنے والے اداکار رنبیر کپور کی پیدائش۲۸؍ ستمبر ۱۹۸۲ء کو ہوئی تھی۔ رنبیر نے بالی وڈ میں اپنے خاندان کا نام روشن کیا۔ ۳۱؍ سالہ رنبیر، پردادا پرتھوی راج کپور، دادا راج کپور اور معروف بالی ووڈ اداکار رشی کپور اور اداکارہ نیتو کپور کے بیٹے ہیں۔ 
 اگر ہم رنبیر کے اب تک کے فلمی کریئرپر نظر ڈالیں تو رنبیر نے اپنے کریئر کا آغاز۲۰۰۷ء میں فلم ’سانوریا‘ سے کیا تھا جس میں انھوں نے ایک ایسے کردار کو مجسم کیا ہے جو اپنی زندگی کو کھل کر جینا پسند کرتا ہے، جس چیز کو پسند کرتا ہے اس کے بارے میں بات کرتا ہے، وہ بتاتا ہے کہ اسے جو برا لگتا ہے اس کے بارے میں بولنے سے وہ ہچکچاتا نہیں ہے۔ وہ عاشق جو اپنی محبت کا کھل کر اظہار کرنے سے نہیں ڈرتا لیکن ساتھ ہی اپنی محبت کو بدنام ہونے سے بچانے کیلئے ہر طرح کا خیال رکھتا ہے۔ اس میں رنبیر نے ایک شکست خوردہ عاشق کا کردار ادا کیا تھا۔ فلم زیادہ کامیاب نہیں رہی، لیکن اس فلم سے رنبیر لوگوں کی نظروں میں آگئے۔ اُس سال انہیں فلم فیئر نے ’بیسٹ میل ڈیبیو‘ کے ایوارڈ سے نوازا۔ 
 اس کے بعد رنبیر نے۲۰۰۸ء میں فلم ’بچنا حسینو‘ میں کام کیا۔ اپنی اداکاری سے وہ نوجوان دلوں کی دھڑکن بن گئے۔ اس فلم میں رنبیر پیار کو کھیل سمجھ کر یکے بعد دیگرے لڑکی کو دھوکہ دیتے گئے لیکن جب اسے حقیقی محبت ہوئی تو اپنی ساری غلطیوں کو سدھارنے کیلئے اس عاشق نے ہر ممکن تلافی کی کوشش کی۔ پھر چاہے اس کیلئے اسے نوکر، سیکریٹری یا پھر ویٹر ہی کیوں نہ بننا پڑا ہو۔ اس فلم کے بعد انہوں نے فلم ’لک بائی چانس‘ میں مزاحیہ کردار ادا کیا۔ فلم ’ویک اپ سڈ‘ سے رنبیر کالج جانے والے لڑکوں اور لڑکیوں کیلئے رول ماڈل بن گئے۔ نوجوان اس کی نقل کرنے لگے۔ اس فلم کیلئے انہیں بہترین اداکار کے طور پر نامزد کیا گیا تھا۔ 
 اس کے بعد۲۰۰۹ء میں ریلیز ہونے والی ’عجب پریم کی غضب کہانی‘ میں رنبیر ہیپی کلب کے صدر کے طور پر کول اور معصوم نظر آئے، جو فلم کی ہیروئن جینی (کترینہ کیف) کا دل جیتنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ اس فلم کیلئے رنبیر کو ایک بار پھر بہترین اداکار کے طور پر نامزد کیا گیا۔ اُسی سال ان کی فلم ’راکٹ سنگھ: سیلز مین آف دی ایئر‘ میں رنبیر نے ایک کم عقل نوجوان کا کردار نبھایا لیکن وہ نوجوان اپنے مسائل کو قسمت کہنے کے بجائے اس سے لڑنے کی صلاحیت رکھتا تھا۔ رنبیر کو ’ویک اپ سڈ‘، ’عجب پریم کی غضب کہانی‘ اور ’راکٹ سنگھ‘ میں ان کی اداکاری کیلئے لگاتار فلم فیئر کریٹکس ایوارڈ سے نوازا گیا۔ 
 رنبیر کپور نے فلم ’راج نیتی‘ میں تو کمال ہی کر دیا۔ رنبیرسمر پرتاپ کے کردار میں اس قدر جمے کہ ناقدین بھی ان کی تعریف کرنے سے خود کو نہ روک سکے۔ بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے کے بعد بھی سمر پرتاپ ہندوستانی سیاست میں اس طرح شامل ہوئے کہ کسی کو یقین نہیں آرہا تھا کہ یہ وہی رنبیر ہے جو کبھی کم عقل، کبھی سست لڑکے اور کبھی نوجوان عاشق کے کردار میں نظر آتا ہے۔ رنبیر نے ایک نوجوان سیاستدان کے طور پر اپنے سنجیدہ کردار سے اس فلم میں جان ڈال دی۔ ان کی فلم ’چلر پارٹی‘ ایک الگ ہی قسم کی فلم تھی جس میں وہ بچوں کو خوش کرنے کیلئے گانے ’ٹائیں ٹائیں فش‘ پر تھرکتے نظر آئے۔ اسی درمیان رنبیر کے راک اسٹار رول کو کیسے بھلایا جا سکتا ہے؟ وہ ان کی ایک اچھی فلم قرار دی جاسکتی ہے۔ اسی طرح ’برفی‘ میں بھی ان کی اداکاری کو خوب سراہا گیا۔ 
 ویسے بھی بالی ووڈ میں بہت کم اداکار ایسےہیں جو اپنے والدین کے انڈسٹری میں ہونے کے بعد بھی اپنی الگ پہچان بنانے میں کامیاب رہے ہیں، لیکن رنبیر وہ شخص ہے جس نے نہ صرف اپنے والدین کو عزت دی بلکہ یہ بھی ثابت کیا کہ کپور خاندان میں اداکاری کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی ہے۔ یہاں تک کہ ان کے ہم عصر اداکار بھی اتنے اچھے مقام تک نہیں پہنچ سکے جو مقام چند برسوں میں رنبیر نے حاصل کیا۔ 
 کسی نے درست ہی کہا ہے کہ قسمت بھی انہی کا ساتھ دیتی ہے جن میں کچھ کرنے کا جذبہ ہو۔ یہی وجہ ہے کہ رنبیر کو اتنے کم وقت میں انوراگ باسو، امتیاز علی، سنجے لیلا بھنسالی، راجکمار سنتوشی، پرکاش جھا اور سدھارتھ آنند جیسے بڑے ہدایت کاروں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ رنبیر کے تعلق سے ایک بار سدھارتھ آنندنے کہا تھا کہ رنبیر انتھونی (فلم ’امر اکبر انتھونی‘ میں امیتابھ کا کردار) کا کردار ادا کرنے کیلئے بہترین اداکار ہیں۔ وہ ’قلی‘ کا کردار ادا کر سکتے ہیں، وہ وہ تمام کردار کر سکتے ہیں جو امیتابھ کے بہترین کردار سمجھے جاتے ہیں۔ سدھارتھ نے رنبیر کی تعریف میں زمین آسمان کے قلابے ملا دیئے تھے لیکن یہ سچ ہے کہ فلمی ہیرو بننے کیلئے رنبیر کے پاس وہ سب کچھ ہے جو امیتابھ میں ہے۔ 
 رنبیر کپور کی شادی مہیش بھٹ اور سونی رازدان کی دختر اور بالی ووڈکی معروف اداکارہ عالیہ بھٹ سے ہوئی ہے۔ ان کی ایک بیٹی ہے۔ رنبیر کی دیگر فلموں میں برہماستر، اینی مل، جوانی دیوانی، اے دل ہے مشکل، سنجے دت کی بایو پک سنجو، شمشیرا، تماشہ، بے شرم، انجانہ انجانی اور رائے شامل ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK