• Sat, 21 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’بازیگر‘ اور ’بادشاہ‘ کا سیکویل بنا تو مرکزی کردار شاہ رخ ہی ہوں گے: رتن جین

Updated: November 13, 2024, 3:34 PM IST | Mumbai

’’کس کس کو پیار کروں ۲‘‘ کی تصدیق کے دوران پروڈیوسر رتن جین نے کہا کہ اگر ’’بازیگر ۲‘‘ اور ’’بادشاہ ۲‘‘ بنتی ہے تو اس میں مرکزی کردار شاہ رخ خان ہی ادا کریں گے۔ شاہ رخ بھی اس پر متفق ہیں۔

Shah Rukh Khan and Kajol in a scene from `Bazigar`. Photo: INN
شاہ رخ خان اور کاجول ’’بازیگر‘‘ کے ایک منظر میں۔ تصویر: آئی این این

’’بادشاہ‘‘ اور ’’بازیگر‘‘ کا شمار شاہ رخ خان کی مشہور اور بہترین فلموں ہوتا ہے۔ اول الذکر فلم نے حال ہی میں اپنی ریلیز کے ۲۵؍ سال مکمل کئے ہیں۔ اس موقع پر پروڈیوسر رتن جین نے ’’بادشاہ‘‘ اور ’’بازیگر‘‘ کے سیکویل کے بارے میں چند دلچسپ باتیں بتائی ہیں۔ بالی ووڈ ہنگامہ کے ساتھ ایک حالیہ انٹرویو میں، وینس ورلڈ وائیڈ انٹرٹینمنٹ کے تخلیقی سربراہ رتن جین نے ’’کس کس کو پیار کروں ۲‘‘ کی تصدیق کی اور کہا کہ وہ ’’بادشاہ‘‘ اور ’’بازیگر‘‘ کے سیکویل کیلئے ایک موزوں مصنف اور ہدایت کار کی تلاش میں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ یہ فلمیں صرف شاہ رخ خان کے ساتھ ہی بنائیں گے۔
رتن جین نے کہا کہ ’’مَیں اکثر و بیشتر شاہ رخ سے بات کرتا رہتا ہوں کہ ہمیں ان دونوں فلموں کے سیکویل کے بارے میں کیا کرنا چاہئے۔ لیکن پہلا سیکویل جو میں شاہ رخ کے ساتھ بنانا چاہتا ہوں وہ ’’بازیگر ۲‘‘ ہے، اس کے بعد ’’بادشاہ ۲ ۔‘‘ جس دن ہمیں صحیح موضوع اور ہدایتکار ملیں گے، ہم ان دونوں فلموں کا سیکویل بنائیں گے، اور یقیناً یہ دونوں فلمیں شاہ رخ کے ساتھ ہی بنیں گی۔ شاہ رخ بھی اس بات پر متفق ہیں۔ ‘‘واضح رہے کہ ’’بازیگر‘‘ پہلی فلم تھی جس نے ملک بھر میں شاہ رخ خان کو سفاک ہیرو اور ویلن کے طور پر پیش کیا تھا۔ شاہ رخ کے اس کردار نے ہر طرف سنسنی پھیلا دی تھی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کردار کو اس وقت کے معروف اداکار جیسے اکشے کمار، انیل کپور، اور سلمان خان وغیرہ، سبھی نے مسترد کر دیا تھا۔
’’بادشاہ‘‘ ایک سائنس فکشن ایکشن فلم تھی جو اپنی کامیڈی اور مشہور ٹائٹل گیت کے سبب آہستہ آہستہ بالی ووڈ کی کلاسک فلم بن گئی۔ ۲۰۲۳ء میں یکے بعد دیگرے ۳؍ ہٹ فلمیں دینے کے بعد شاہ رخ خان اب ’’کنگ‘‘ کی تیاری کررہے ہیں جو ۲۰۲۵ء میں ریلیز ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK