• Sat, 23 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

روینہ ٹنڈن نے بالی ووڈ میں کئی عمدہ کردار ادا کرکے عوام کو اپنا دیوانہ بنایا

Updated: October 26, 2024, 11:40 AM IST | Mumbai

روینہ ٹنڈن کو اداکاری کافن وراثت میں ملا۔ طالب علمی کے دوران روینہ کی ملاقات ڈائریکٹر شانتنو شوري سے ہوئی۔

Raveena Tandon. Photo: INN
روینہ ٹنڈن۔ تصویر: آئی این این

شہر کی لڑکی‘، ’مست مست گرل‘ اور’ تو چیز بڑی ہے مست مست‘ جیسے ناموں سےمشہور روینہ ٹنڈن کو بالی ووڈ میں ایک ایسی اداکارہ کے طور پر شمار کیا جاتا ہے جنہوں نے اپنی بنداس اداکاری سے مداحوں کو دیوانہ بنایا۔  روینہ ٹنڈن ۲۶؍ اکتوبر ۱۹۷۴ء کو ممبئی میں ہدایتکار روی ٹنڈن اور وینا ٹنڈن کے گھر پیدا ہوئیں۔ روینہ ٹنڈن کو اداکاری کافن وراثت میں ملا۔ طالب علمی کے دوران روینہ کی ملاقات ڈائریکٹر شانتنو شوري سے ہوئی۔ انہوں نے روینہ ٹنڈن کو فلموں میں کام کرنے کامشورہ دیا۔ اس کے بعد کالج کی پڑھائی چھوڑ کر روینہ ٹنڈن فلموں میں اداکاری کرنے کا خواب دیکھنے لگیں۔
انہوں نے ۱۷؍ سال کی عمرمیں ۱۹۹۱ء میں فلم ’پتھر کے پھول‘ سےفلمی دنیا میں قدم رکھا جس میں انہوں نے سلمان خان کے مدمقابل مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ پہلی فلم کی کامیابی کے بعد انہیں نئے چہرے کے طور پر فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا جس کے بعد بھی بہت سی فلموں میں انہوں نے اپنی بہترین اداکاری کے جوہر دکھا کر کئی ایوارڈز اپنے نام کئے۔۱۹۹۴ء روینہ کے فلمی کریئر کیلئے اہم ثابت ہوا۔ اس سال ان کی کئی کامیاب فلمیں ریلیز ہوئیں۔ فلم ’لاڈلا‘ کیلئے انہیں بہترین اداکارہ کے طور پر نامزد بھی کیا گیا تھا۔فلم ’مہرہ‘ روینہ ٹنڈن کی بہترین فلم ثابت ہوئی۔ اس فلم کا گیت ’تو چیز بڑی ہےمست مست‘ بہت مشہور ہوا تھا۔
۱۹۹۵ء میں فلم ’رکشک‘ روینہ کی ایک اور بہترین فلم رہی۔ اس فلم میں یو ں تو روینہ نے مہمان اداکار کے طور پر کام کیا لیکن فلم میں ان پرفلمایا گیا نغمہ ‘شہر کی لڑکی‘ مداحوں کے درمیان کافی مقبول ہوا اور اپنے مداحوں کے درمیان شہر کی لڑکی کے نام سے مشہور ہوگئیں۔
۲۰۰۱ء میں فلم ’دمن‘ روینہ کے کریئر کی ایک مثالی فلم بن گئی۔ کلپنالاجمی کی ہدایتکاری میںبنی اس فلم میں انہوں نے ’درگا‘ نامی خاتون کا رول ادا کیا تھا جسے اس کا شوہر بہت زیادہ ہراساں کرتا ہے۔ فلم میںاپنی بہترین اداکاری کیلئے انہیں بہترین اداکارہ کے نیشنل ایوارڈسے نوازا گیا۔ ۲۰۰۳ء میں فلم ’ستّا‘ بھی روینہ کی کامیاب فلموں میں شمار ہوتی ہے۔۲۰۰۴ء میں روینہ ٹنڈن نے انل تھڈانی سے شادی کرلی۔۲۰۰۳ء میں روینہ چلڈرن فلم سوسائٹی کی صدر منتخب ہوئیں۔ اس دوران انہوں نے فلموں پر کم توجہ دی۔ اس کی وجہ سے انہوںنےاپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ ۲۰۰۶ء میں فلم ’سینڈوچ‘ کی ناکامی کے بعد روینہ نے فلم انڈسٹری  سے بریک لے لیا۔اس کے بعد انہوں نے کئی ٹی وی شوز،فلموں اور ویب سیریز میں بھی کام کیاجس میں ان کے کام کو سراہا گیا بلکہ کئی ایوارڈ بھی انہیں دیئے گئے۔ان کی حالیہ فلموں میں ۲۰۲۲ءکی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم’کے جی ایف:چیپٹر۲‘ بھی ہے جس میں انہوں نے سپورٹنگ رول ادا کیا تھا۔
۲۰۲۳ء میں روینہ ٹنڈن کو ہندوستانی فلموں میں شاندار کارکردگی کیلئے حکومت ہند کی جانب سے پدم شری ایوارڈ سے نوازا گیا۔اس کےعلاوہ انہیں ۲۰۱۹ء میں فوربز انڈیا کی جانب سے ۱۰۰؍ مشہور شخصیات کی فہرست میں ۸۹؍ویں مقام پر رکھا گیا۔اس کے علاوہ بھی کئی اعزازات ان کے نام ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK