• Thu, 19 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’رہنا ہے تیرے دل میں‘ کی ری ریلیز، مادھون اور دیا مرزا نے مداحوں سے بات چیت کی

Updated: September 01, 2024, 9:02 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

۳۰؍ اگست کو آر مادھون، دیا مرزا اور سیف علی خان کی اداکاری سے سجی فلم ’’رہنا ہے تیرے دل میں‘‘ ۲۳؍ سال بعد سنیما گھروں میں دوبارہ ریلیز ہوئی ہے۔ اس موقع پر آر مادھون اور دیا مرزا نے انسٹاگرام لائیو کے ذریعے اپنے مداحوں سے بات چیت کی اور فلم کے متعلق چند دلچسپ حقائق بتائے۔

Rehnaa Hai Terre Dil Mein. Photo: INN
’رہنا ہے تیرے دل میں‘۔ تصویر : آئی این این

’’رہنا ہے تیرے دل میں‘‘ اپنی ابتدائی ریلیز کے بعد ۲۳؍ سال بعد سینما گھروں میں دوبارہ ریلیز ہوئی ہے۔ اس موقع کو دِیا مرزا اور آر مادھون نے خاص بنادیا۔ دونوں اداکار اپنے انسٹاگرام پر ایک ساتھ لائیو ٹیلی کاسٹ شروع کیا اور اپنے مداحوں سے بات چیت کی۔ اس دوران، مادھون اور دیا نے اپنی فلم کو اس قدر پسند کرنے پر ناظرین کا شکریہ ادا کیا۔ دیا مرزا نے یہ بھی انکشاف کیا کہ جب فلم کامیاب نہیں ہوئی تھی تو ان کا دل ٹوٹ گیا تھا۔ انہوں نے وہ بات بھی بتائی جو مادھون نے فلم کی تشہیر کے دوران کہی تھی۔ انسٹاگرام لائیو کے دوران دیا مرزا نےکہا کہ ’’ہم شوٹنگ کیلئے مسلسل ایک جگہ سے دوسری جگہ سفر کر رہے تھے۔ اکثر فلائٹ میں نیند پوری کر تے تھے۔ ہم نے جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور ممبئی میں شوٹنگ کی تھی۔ فلم کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان پہلے ہی کردیا گیا تھا۔ ایک مرتبہ مادھون نے مجھ سے کہا تھا کہ یہ بہت خاص فلم ہے جو ناظرین کو یقیناً پسند آئے گی۔ میں بھی پُر امید تھی۔ جب فلم ریلیز ہوئی تو تھیٹر خالی تھے۔ ہم نے فلم کیلئے بہت محنت کی تھی۔ ہمیں اس سے کافی امیدیں تھیں اس لئے خالی تھیٹر دیکھ کر ہمارا دل ٹوٹ گیا۔ لیکن پھر بعد کے برسوں میں اس فلم کو بہت پسند کیا گیا۔ ‘‘
مادھون نے کہا کہ ’’کئی بار لگتا ہے کہ ہم سے کوتاہی ہوئی ہے۔ یہ ہماری پہلی فلم تھی اور ہم نے اس پر پوری سنجیدگی سے کام کیا تھا، پھر، ہم نے خود کو مورد الزام ٹھہرانا شروع کر دیا کہ کیا میں نے فلم کو بہتر بنایا، یا کیا ملبوسات مزید بہتر ہوسکتے ہیں۔ پھر آپ اپنی خامیوں کو تلاش کرنا شروع کر دیتے ہیں۔اب ۲۳؍ سال ہوگئے ہیں۔ اور اس دوران یہ فلم کسی نہ کسی ٹی وی چینل یا دوسرے چینل پر نشر ہوتی رہی ہے۔ یہ اب او ٹی ٹی پربھی ہے۔اور لوگوں نے اسے کہیں نہ کہیں دیکھا ہے۔ لیکن اب، جب میں دیکھتا ہوں کہ شوز ہاؤس فل ہیں تو کنفیوز ہوجاتا ہوں کہ لوگ فلم دیکھنے کیلئے پیسے کیوں ادا کرنا چاہتے ہیں، اس کا مطلب ہے کہ وہ اب بھی فلموں کو بڑی اسکرینوں پر دیکھنا چاہتے ہیں؟‘‘ خیال رہے کہ اس فلم میں سیف علی خان نے بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔ یہ فلم پرائم ویڈیو پر بھی دستیاب ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK