• Tue, 19 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’اداکاری کے علاوہ مجھے اور کچھ نہیں آتا، اسلئے کچھ اور نہیں سوچتی‘‘

Updated: October 08, 2024, 1:29 PM IST | Abdul Karim Qasim Ali | Mumbai

فلم، ٹی وی اور ویب شواداکارہ رنکو گھوش کا کہنا ہے کہ نئی نسل ٹی وی شوز نہیں دیکھتی، ان کی آڈینس خواتین اور معمر افراد ہیں، اسلئے ان کی کہانیوں میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔

Rinku Ghosh. Photo: INN.
رنکو گھوش۔ تصویر: آئی این این۔

گزشتہ ۲۲؍سال سے شو بز انڈسٹری سے وابستہ رنکو دتہ رائے جو رنکو گھوش کے نام سے مشہور ہیں ، نے مختلف زبانوں کی فلموں کے ساتھ ساتھ ٹی شوز میں بھی کام کیاہے۔ وہ بھوجپوری فلموں میں مصروف رہیں اور اس کے بعد دوبارہ ہندی ٹی وی شوز میں کام کرنے لگیں۔ حال ہی میں ان کا ایک شو انوکھا بندھن دنگل ٹی وی پر ختم ہوا ہے۔ بھوجپوری میں بھی ان کی ۲؍فلمیں امسال ریلیز ہوئی ہیں جن میں بھابھی جی گھرپر ہیں اور لیڈیز اسپیشل ہیں۔ اس وقت انہوں نے انڈسٹری سے وقفہ لیاہے اور نوراتری کے بعد ہی وہ شوٹنگ پر جائیں گی۔ نمائندہ انقلاب نے رنکو گھوش سے بات چیت کی جسے یہاں پیش کیا جارہا ہے:
اس وقت کہا ں مصروف ہیں اور کون سا شو کررہی ہیں ؟
ج: نوراتری کی وجہ سے میں نے ایک چھوٹا سا وقفہ لیا ہے، اس کے بعدمیں درگا پوجا کیلئے کولکاتا جاؤں گی۔ حال ہی میں میں نے دنگل کے شو انوکھا بندھن کی شوٹنگ مکمل کی ہے۔ یہ شو کی آخری شوٹنگ تھی کیونکہ یہ آف ایئر ہونے والا ہے۔ اب تہوار شروع ہورہے ہیں تو میں بریک لے کر تہواروں پر بھی توجہ مرکوز کرنا چاہوں گی۔ بہرحال میں نئے پروجیکٹ کیلئے بھی تیار ہوں ۔ 
انڈسٹری میں اتنے برسوں کا تجربہ کیسا رہا؟
ج: ۲۲؍برس سے میں شو بز انڈسٹری میں مصروف ہوں۔ یہاں میں نے بہترین افراد کے ساتھ کام کیاہے جن کے بارے میں کچھ کہنا مناسب نہیں ہے۔ کریئر میں اچھے اور برے تجربات دونوں سے سابقہ پڑاہے۔ اچھے تجربات یہ رہے کہ انڈسٹری میں اچھا کام کرنے کا موقع ملا اور روی کشن جیسے معروف اداکاروں کے ساتھ اسکرین پر نظرآئی۔ کچھ ایسے کردار اداکئے جن کی میں نے خواہش کی تھی اور انہیں نبھاکر بہت خوشی ہوئی۔ تلخ تجربات بھی رہے لیکن ان کے بارے میں زیادہ نہ سوچتے ہوئے انہیں بھول کرآگے بڑھ گئی۔ بارہا ایسا ہواکہ میرا انتخاب کرکے آخری وقت میں فلم یا شو سے نکال دیاگیا۔ کبھی کبھی کہانی سنائی گئی اور آخری وقت میں منع کردیاگیا۔ اگر میں اس کے بارے میں سوچتی رہتی تو شاید آگے نہیں بڑھ پاتی۔ میرے خیال میں جو من کو ہووہ بہتر ہے، جو من کا نہ ہو وہ اس سے بھی بہتر ہے۔ 
کیا آپ نے ہندی شوز اور فلموں سے وقفہ لیاہے؟
ج: بھوجپوری زبان سے مجھے اچھی فلمیں آفر ہورہی تھیں اسلئے میں نےوہاں کارخ کیا تھا۔ میں نے ہندی شوز اور فلموں میں کام کرنا چھوڑا نہیں تھا۔ مجھے بھوجپوری فلمیں اس وقت مل رہی تھیں جب مجھے اس کی انتہائی ضرورت تھی۔ وہاں سے مسلسل آفر آتے رہے، اسلئے میں نے مڑ نہیں دیکھا۔ میں ایک فنکار ہوں اور کسی بھی زبان میں کام کرنے سے ہچکچاتی نہیں ہوں۔ بہرحال اس دوران بھوجپوری کے بہت سے اچھے شوز اور فلموں کی پیشکش مجھے ملی۔ فی الحال میں دونوں جگہ مصروف ہوں۔ 
کیا بھوجپوری فلموں کی سطح کمتر ہوگئی ہے؟
ج:یہ بالکل صحیح ہے کہ گزشتہ ۱۰؍برسوں میں بھوجپوری فلموں کی سطح کمتر ہوگئی ہے۔ پہلے فلموں کی زبان پر زیادہ کام ہوتا تھا اور شوٹنگ پر بہت وقت لگتاتھا۔ اُس وقت ایک فلم ۶؍ ماہ سے ایک سال کے اندر بنتی تھی۔ اس وقت بھوجپوری فلمیں ہندی فلموں کے قریب ہوا کرتی تھیں لیکن آج فلمیں ۲۰؍دن اور ایک ماہ میں تیار ہوجاتی ہیں۔ آپ خود سوچئے کہ اتنے کم وقت میں فلمیں بن رہی ہیں تو ان کی سطح کیا ہوگی۔ ان کی زبان بھی اچھی نہیں ہوتی ہے۔ دوسری بات آج کل اس میں فحش گیت بھی بڑے پیمانے پر بن رہے ہیں جس سے خواتین اس زبان کے سنیما سے دور ہو گئی ہیں۔ اس کی وجہ سے بھوجپوری فلمیں دیکھنے والوں کی تعداد بھی کم ہوگئی ہے لیکن بھلا ہو بھوجپوری شوز کا جس کے ذریعہ خواتین اب ٹی وی پر ہی سہی بھوجپوری فلمیں اور شوز دیکھ رہی ہیں۔ 
آپ سینئر ہیں، نئے اداکاروں کے ساتھ تجربہ کیسا رہتا ہے؟
ج:بحیثیت تجربہ کار اداکار میں اپنے سے جونیئر اور نئے اداکاروں کا احترام کرتی ہوں کیونکہ وہ میری عزت کرتے ہیں اور میرا احترام کرتے ہیں۔ اگر میں ان کے ساتھ شفقت سے پیش آؤں گی تو وہ بھی میرے ساتھ محبت سے پیش آئیں گے۔ بہرحال جب بھی وہ میرے ساتھ کام کرتے ہیں تو مجھ سے سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں اوربار بار شوٹنگ کے بارے میں پوچھتے ہیں۔ میں بھی اپنے تجربات بتاتی رہتی ہوں اور ہر شاٹس میں ان کی مدد کرتی ہوں۔ وہ بھی سامنے سے مجھ سے اداکاری کے بارے میں پوچھتے ہیں۔ ان کی اس محبت کو دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے۔ 
کیا آپ نئے اورجونیئر اداکاروں سے سیکھنے کی کوشش کرتی ہیں ؟
ج:جی ہاں، اگر میں زمانے کےساتھ نہیں چلوں گی تو پیچھے رہ جاؤں گی۔ جب بھی کوئی نیا شو یا فلم کرتی ہوں تو اس سے پہلے بہت تیاری کرتی ہوں۔ اگر ایسا نہ کروں تومیں اپنے کام سے وفاداری نہیں کرسکوں گی۔ بہرحال جتنا میں نوجوانوں کو سکھاتی ہوں اس سے زیادہ ان سے سیکھنے کی بھی کوشش کرتی ہوں۔ آج کی نسل سوشل میڈیا پر سب سے زیادہ مصروف رہتی ہے تو میں ان سے سوشل میڈیا کے بارے میں سیکھتی ہوں۔ سوشل میڈیا پر بھی سرگرم رہنا ضروری ہے۔ 
سوشل میڈیا پر کتنا وقت گزارتی ہیں ؟
ج:سوشل میڈیا پر سرگرم نہیں ہوں کیونکہ اپنے گھراور کام سے اتنی فرصت نہیں ملتی کہ فیس بک، انسٹاگرام اور دیگر سائٹس پر وقت گزاروں۔ میں سوشل میڈیا پر ہوں لیکن تواتر کے ساتھ اس پر اپ لوڈنگ نہیں کرتی۔ میں اپنی ذاتی چیزیں سوشل میڈیا پر شیئر نہیں کرتی اور اس کی قائل بھی نہیں ہوں۔ 
اگر کبھی آپ اپنا یوٹیوب چینل شروع کرنا چاہیں تو اس کیلئے آپ کس طرح کے ویڈیو زبنائیں گی؟ 
ج:فی الحال تو میں اس کے بارے میں نہیں سوچتی کیونکہ یوٹیوب چینل شروع کرنے کے لئے ایک ٹیم کی ضرورت ہوتی ہے جو میرے پاس نہیں ہے۔ اپنے ویڈیو بنانےمیں بھی وقت لگتا ہے۔ اس لئے میں یوٹیوب چینل شروع نہیں کرسکتی۔ اگر مستقبل میں کبھی شروع کرتی ہوں تو اس میں اپنے سیٹ پر بنائے جانے والے ویڈیوز ہی اپ لوڈ کروں گی۔ میں اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں کچھ نہیں بتاؤں گی۔ میں اس پر اپنا کچن یا اپنے گھر کے بارے میں نہیں بتاؤں گی۔ 
کیا ٹی وی شوز نوجوانوں کو متوجہ کرتے ہیں ؟
ج:آج کی نوجوان نسل ٹی وی شوز نہیں دیکھتی بلکہ ٹی وی کی آڈینس گھریلو خواتین اورمعمر افراد ہوتے ہیں جو گھر پر رہتے ہیں اور ٹی وی شوز سے اپنی تفریح کرتے رہتے ہیں۔ نوجوان نسل ان شوز کی طرف کبھی متوجہ نہیں ہوتی۔ وہ تو نیٹ فلکس اور امیزون پر مصروف رہتی ہے لیکن اب ایسا لگتاہے کہ ہندوستان کے ٹی وی شوز کی کہانیوں میں تبدیلی کی ضرورت ہےکیونکہ آڈینس پر گرفت مضبوط کرنے کیلئے یہ لازمی ہے۔ اسے ہم وقت کا تقاضا بھی کہہ سکتے ہیں۔ 
اداکاری کے ساتھ کیا آپ اور بھی کسی شعبے میں قسمت آزمانے کی خواہش رکھتی ہیں ؟
ج:میں تو صرف اداکاری ہی کرنا پسند کرتی ہوں۔ سچ تو یہ ہے کہ اداکاری کے علاوہ مجھے کچھ اور نہیں آتا ہے، اسلئے کچھ اور سوچتی بھی نہیں۔ حالانکہ میرے شوہر بھی کہتے ہیں کہ میں انڈسٹری میں کسی اور شعبے میں بھی قسمت آزماؤں۔ ابھی تو ایسا کوئی ارادہ نہیں ہے لیکن اگر کبھی کچھ کرنا چاہوں گی تواپنا پروڈکشن ہاؤس کھولنے کا ارادہ ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK