• Mon, 23 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

رشی کپور نے اپنی پہلی ہی فلم’میرا نام جوکر‘ کیلئے نیشنل ایوارڈ جیتا تھا

Updated: September 04, 2024, 10:36 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai

بالی ووڈ میں رشی کپور کا نام ایک ایسے سدا بہار اداکار کے طور پر شمار کیا جاتا ہے جنہوں نےاپنی رومانوی اور جذباتی اداکاری سے تقریبا ۴؍ عشرے سے ناظرین کے درمیان اپنی خاص شناخت بنائی ہے۔

Best actor Rishi Kapoor. Photo: INN
بہترین اداکار رشی کپور ۔ تصویر : آئی این این

بالی ووڈ میں رشی کپور کا نام ایک ایسے سدا بہار اداکار کے طور پر شمار کیا جاتا ہے جنہوں نےاپنی رومانوی اور جذباتی اداکاری سے تقریبا ۴؍ عشرے سے ناظرین کے درمیان اپنی خاص شناخت بنائی ہے۔ ۴؍ ستمبر ۱۹۵۲ء کو ممبئی میں پیدا ہوئے رشی کپور کو اداکاری کا فن وراثت میں ملا۔ ان کے والد راج کپورفلم انڈسٹری کے معروف اداکار اورہدایتکار تھے۔ گھر میں فلمی ماحول رہنے کی وجہ سے رشی کپور کی دلچسپی فلموں کی طرف بڑھ گئی اور وہ بھی اداکار بننے کا خواب دیکھنے لگے۔ رشی کپور نے اپنے فلمی کریئر کا آغاز اپنے والد کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’میرا نام جوکر‘ سے کیا تھا۔ ۱۹۷۰ء میں ریلیز ہونے والی اس فلم میں رشی کپورنے۱۴؍ سالہ لڑکے کا کردار ادا کیا تھا جو اپنی ٹیچر سےمحبت کرنے لگتا ہے۔ اپنے اس کردار کو انہوں نے بخوبی ادا کیا تھا۔ فلم میں بہترین اداکاری کیلئے انہیں نیشنل ایوارڈ ملا۔ 
 انہوں نے ۱۹۷۳ء میں اپنے والد راج کپور کے بینر میں بننے والی فلم ’بابی ‘ میں بطور ہیرو کام کیا۔ نوجوانوں کی محبت کی کہانی پر مبنی اس فلم میں ان کے ساتھ ڈمپل كپاڈيہ تھیں۔ بطور اداکارہ ڈمپل کی یہ پہلی فلم تھی۔ اس فلم کی زبردست کامیابی نے نہ صرف ڈمپل کو بلکہ رشی کپور کو بھی شہرت کی بلندیوں تک پہنچایا۔ فلم ’بابی‘کی کامیابی کے بعد رشی کپورکی ’زہریلا انسان‘، ’زندہ دل‘ اور ’راجا‘ جیسی فلمیں ریلیز ہوئیں لیکن یہ باکس آفس پر ناکام ثابت ہوئیں۔ ۱۹۷۵ء میں آئی فلم ’کھیل کھیل میں ‘کی کامیابی کے بعد رشی کپور بطوراداکار اپنی پہچان بنانےمیں کامیاب ہوگئے۔ کالج کی زندگی پر مبنی اس فلم کی کامیابی کےبعد رشی کپور اور نیتو سنگھ کی جوڑی کافی مشہور ہوگئی تھی۔ اس جوڑی نے ’رفوچکر‘، ’ زندہ دل‘، ’کبھی کبھی‘، ’امر اکبر انتھونی‘، ’انجانے میں ‘، ’دنیا میری جیب میں ‘، ’جھوٹا کہیں کا‘، ’دھن دولت‘ اور ’دوسرا آدمی‘ وغیرہ فلموں میں کام کیا تھا۔ ۱۹۷۷ء میں ریلیز ہوئی فلم ’امر اکبر انتھونی‘ رشی کپورکےفلمی کریئر کی اہم فلم ثابت ہوئی تھی۔ منموہن دیسائی کی ہدایتکاری میں بنی اس فلم میں رشی کپورنےاکبرالہ آبادی نامی نوجوان کا اہم کردار ادا کیا تھا۔ ۱۹۷۷ء میں ہی رشی کپور کی ایک اور سپرہٹ فلم ’ہم کسی سے کم نہیں ‘ ریلیز ہوئی۔ ناصر حسین کی ہدایتکاری میں بنی اس فلم میں رشی کپور ڈانسر اور موسیقار کے کردار میں نظرآئے۔ اس فلم کا نغمہ ’بچنا اے حسینوں لو میں آگیا‘ کافی مقبول ہوا۔ 
 ۱۹۷۹ء میں كےوشوناتھ کی’شري شری موا‘کی ہندی میں ریمیک فلم ’سرگم‘ رشی کپور کے فلمی کریئر کی ایک اور اہم فلم ثابت ہوئی۔ فلم میں اپنی بہترین اداکاری کیلئے اپنے کریئر میں پہلی بار بہترین اداکارکے فلم فیئر ایوارڈ کیلئے انہیں نامزد کیا گیا۔ 
 ۱۹۸۰ء میں ریلیز ہوئی فلم ’قرض‘ رشی کپور کی سپرہٹ فلموں میں شمارکی جاتی ہے۔ سبھاش گھئی کی ہدایتکاری میں مبنی اس فلم کا گیت’ا وم شانتی اوم‘اور’درد دل درد جگر‘ ناظرین کے درمیان کافی مقبول ہوا تھا۔ ۱۹۸۲ء میں جلوہ گرہوئی فلم ’پریم روگ‘ میں رشی کپورکی اداکاری کا مختلف انداز دیکھنے کو ملا۔ اس فلم میں اپنی عمدہ اداکاری کیلئے وہ بہترین اداکار کے فلم فیئر ایوارڈ کیلئے نامزد کئے گئے۔ 
 ۱۹۹۶ء میں رشی کپور نے ’پریم گرنتھ‘ سے ہدایتکاری میں بھی قدم رکھا۔ حالانکہ یہ فلم باکس آفس پرکامیاب نہیں رہی لیکن اس فلم میں رشی کپور کی اداکاری کی زبردست تعریف کی گئی۔ اس کے بعد بھی رشی کپورنے فلم ’آ اب لوٹ چلیں، کاروبار جیسی فلمیں بنائیں۔ جو باکس آفس پر ناکام ثابت ہوئیں ۔ رشی کپور نے تقریباً۴؍ عشرے کے اپنے طویل فلمی کریئر میں تقریباً ڈیڑھ سو فلموں میں اداکاری کی۔ ۳۰؍ اپریل ۲۰۲۰ء کو وہ اس دنیا سے رخصت ہوگئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK