فلم ،ٹی وی اور ویب سیریز اداکاررُشاد رانا کا کہنا ہے کہ فلم’ اُلجھ‘ میں بڑے بڑے اداکاروں کے سامنے کام کرکے میں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کی پوری کوشش کی ہے۔
EPAPER
Updated: August 18, 2024, 1:47 PM IST | Abdul Karim Qasim Ali | Mumbai
فلم ،ٹی وی اور ویب سیریز اداکاررُشاد رانا کا کہنا ہے کہ فلم’ اُلجھ‘ میں بڑے بڑے اداکاروں کے سامنے کام کرکے میں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کی پوری کوشش کی ہے۔
رُشاد رانا بالی ووڈ کے ان اداکاروں میں سے ایک ہیں جنہوں نے ٹی وی، فلم اور ویب سیریز تینوں میڈیم پر اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔ حال ہی میں ان کی فلم ’اُلجھ ‘تھیٹر میں ریلیز ہوئی ہے جس میں انہوں نے پاکستان کے وزیر اعظم کا کردار نبھایا ہے۔ اس میں تجربہ کار اسٹار کاسٹ تھی۔ مسلسل کام کرنے کی وجہ سے انہو ں نے کچھ وقت کیلئے بریک لیا ہے اور وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ اچھا وقت گزاررہے ہیں۔ ان کی پہلی فلم محبتیں تھی، اس کے بعد وہ فلموں میں نظرآتے رہے۔ انہوں نے ۲۰۰۰ء میں فلموں کے ساتھ ہی ٹی وی شوز میں بھی کام شروع کیا تھا۔ ان کا پہلا شو ہپ ہپ ہرے تھا۔ اس کے بعد رُشاد نے ایکتا کپور کے سبھی مشہور اور کامیاب شوز میں اہم رول نبھائے۔ ان کے ٹی وی شوز کی فہرست لمبی ہے۔ وہ اب ویب سیریز میں بھی کام کررہے ہیں۔ نمائندہ انقلاب نے فلم، ٹی وی اورویب سیریز اداکار رُشاد رانا سے بات چیت کی جسے یہاں پیش کیا جارہا ہے:
فلم اُلجھ آپ کو کس طرح ملی؟
ج: اس فلم کے ہدایتکار سدھانشو سریا میرے ساتھ ایک شو بنانے والے تھے۔ اس میں انہوں نے مجھ سے رول کیلئے وعدہ بھی کیا تھا۔ حال ہی میں وہ شو جس کانام ’بگ گرلز ڈونٹ کرائی‘ ہے، ریلیز ہوا ہے۔ اس شو میں مجھے ایک اچھا رول دیا گیا تھا لیکن کسی وجہ سے وہ میں نبھانہیں سکا۔ جب فلم’ الجھ‘ کے پروجیکٹ پر کام شروع ہوا تو انہوں نے میرے لئے پاکستان کے وزیر اعظم کا رول طے کر رکھا تھا اور وہ مجھے ہی اس کیلئے کاسٹ کرنے والے تھے۔ تاہم یہ فلم بھی میرے ہاتھ سے جانے والی تھی کیونکہ تاریخوں کا مسئلہ درپیش تھا۔ بہرحال کسی طرح وہ مسئلہ حل ہوا اور میں نے اس فلم میں اہم کردار اداکیا۔ یہ فلم بہت ہی محنت سے بنائی گئی ہے اور سبھی نے اس میں اچھا کام کیاہے۔ ریلیز سے قبل یہ فلم ہم نے دیکھی تو وہ سبھی کو پسند آئی۔ یہ فلم آپ کو سیٹ سے باندھے رکھے گی۔ اس فلم میں جھانوی کپور اور گلشن دیویا نے اچھا کام کیا ہے اور اپنے کردار میں جان ڈال دی ہے۔ میں ان سبھی اداکاروں کے ساتھ کام کرکے بہت خوش ہوں۔ دراصل میں اسے اپنے لئے ایک اعزاز سمجھتاہوں۔
آپ نے پاکستانی وزیر اعظم کے رول کی تیاری کس طرح کی ؟
ج: پاکستانی وزیر اعظم کے رول کی تیاری کا کریڈٹ میں فلم کے ہدایتکار سدھانشو سریا کو دینا چاہوں گا جنہوں نے میری ہر قدم پر مدد کی۔ سریا کا نظریہ بالکل واضح تھا۔ انہوں نے شوٹنگ سے پہلے اوراس کے بعد مجھے پاکستان کے وزیر اعظم کی مکمل معلومات فراہم کیں۔ میرے لئے یہ ایک بہت بڑا چیلنج تھا کیونکہ پاکستان کا نام آتے ہی عوام کے خیالات تبدیل ہوجاتے ہیں اس لئے میں نے اسے بہترانداز میں نبھانے کی پوری کوشش کی ہے۔ اس کردار کیلئے ہامی بھرنے کی وجہ یہ تھی کہ یہ کیریکٹر ہندوستان اور پاکستان کے درمیان رشتے کو بہتر کرنے کی کوشش کرتا ہے اور اس کیلئے بہت دانشمندانہ رویہ اختیار کرتاہے۔ یہ بہت ہی مثبت رول تھا۔ میرے ذاتی خیالات بھی ایسے ہی ہیں کہ کسی بھی ملک کو کمتر نہیں سمجھا جانا چاہئے بلکہ وہاں کے عوام کو بھی پوری عزت دی جانی چاہئے۔
اپنے لُک کے بارے میں بھی کچھ بتائیں ؟
ج: میں جب لُک ٹیسٹ دینے گیا تو ہدایتکار سریا نے اس تعلق سے بھی پوری تیار کررکھی تھی۔ انہوں نے میرے کیریکٹر کے کپڑے اور دیگر چیزیں تیاررکھی تھیں۔ مجھے صرف جا کر انہیں پہن کر اور میک اپ کرکے اپنا شاٹ دینا تھا۔ میں نے شوٹنگ سے قبل ان سے صرف کہانی سنی تھی اور اسکرین ٹیسٹ وغیرہ بھی نہیں دیا تھا۔ میں براہ راست شوٹنگ کیلئے سیٹ پر پہنچا تھا۔ اس لئے مجھے لُک کیلئے زیادہ پریشان نہیں ہونا پڑا۔
اتنی بڑی کاسٹ کے ساتھ آپ کا تجربہ کیسا رہا ؟
ج:میں نے اسٹار کاسٹ کے ساتھ شوٹنگ تو نہیں کی ہے لیکن ان سے سیٹ پر ملاقات ہوتی تھی۔ میرے زیادہ شاٹس وویک مدان اور راجیندر گپتا کے ساتھ ہیں۔ ان دونوں کے ساتھ کام کرنے میں بہت اچھا لگا۔ خصوصی طورپر وویک مدان میرے اچھے دوست ہیں، اسلئے شوٹنگ میں زیادہ پریشانی نہیں ہوئی۔ اس فلم میں جھانوی کپور کے ساتھ میرا کوئی شاٹ نہیں ہے لیکن میری ان سے آدھے گھنٹے کی ملاقات ضرور ہوئی تھی۔ اس ملاقات سے پتہ چل گیا تھا کہ وہ اچھی اداکارہ ہیں اور مستقبل میں بہت کامیاب ہوں گی۔ میرے خیال میں اتنی بڑی کاسٹ میں بھی میں نے اپنا لوہا منوایا ہے۔
اس فلم کے بعد آپ کس شو یا فلم میں نظر آئیں گے؟
ج:اس فلم کے بعد میں چھٹی پر جارہا ہوں۔ میں نے حال ہی میں اپنے ٹی وی شو ’مہندی والا‘ گھر کی شوٹنگ بھی مکمل کرلی ہے اور اپنے اہل خانہ کےساتھ اچھا وقت گزارنے کیلئے بیرون ملک جارہا ہوں۔ یہ پوری طرح خاندانی تعطیلات ہیں۔ میری اہلیہ کی ایک دوست ہیں، ان کی شادی ہے، اس میں شرکت کرنے یونان جاناہے۔ اس کے بعد میری اہلیہ کا اسکول فرینڈ سرکل یونان میں جمع ہونے والا ہے، اسلئے ہم وہاں وقت گزاریں گے۔ کورونا کے بعد سے میں مسلسل کام میں مصروف رہاہوں اور وقفہ نہیں لے سکاتھا۔ اب اچھا موقع ہے تو اس کا پورا فائدہ اٹھاؤں گا۔
اتنے طویل کریئرمیں کیا ایسا بھی کوئی کردار ہے جسے آپ نے ابھی تک نہیں نبھایا ہے اور نبھانے کی خواہش ہے؟
ج:میں نے اپنے کریئر میں تقریباً ہر طرح کے کردار نبھائے ہیں۔ بہت سے ایسے کردار بھی تھے جو میرے لئے مشکل تھے، وہ بھی میں نے نبھائے ہیں۔ اس کے باوجود میں مزاحیہ فلمو ں میں کام کرنے کا خواہشمند ہوں کیونکہ میں نے اب تک سنجیدہ شوز اور فلموں میں کام کیا ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ میں ایک مزاحیہ فلم میں بھی کام کروں ۔ اگر ایسا کوئی رول یا فلم مجھے ملے تو میں ضرور کرنا چاہوں گا۔
اتنا کام کرنے کے باوجود بھی کیا آپ خود کو بہتر کرنے کی کوشش کرتے ہیں ؟ اگر ہاں تو کس طرح؟
ج:جی ہاں کیونکہ میں خود کو ہر لمحہ بہتر کرنے میں یقین رکھتا ہوں۔ میں مسلسل کام کرتے ہوئے بھی اپنے ہنر کو نکھارنے کی کوشش کرتا ہوں۔ میں ویب سیریز کررہا ہوں، فلم کررہا ہوں اور ٹی وی شوز کررہا ہوں، ان میں مختلف اداکاروں سے ملاقات ہوتی ہے اور ان کا کا م دیکھتا ہوں، انہیں دیکھ کر بھی خود کو بہتر کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔ میرے خیال میں زیادہ سے زیادہ کام کرکے ہی اپنے ہنر کو نکھارا جاسکتاہے۔
کیاکسی اورشعبے میں بھی قسمت آزمانے کا منصوبہ ہے ؟
ج:میرے خیال میں، میں اب تک اس مقام تک نہیں پہنچ پایا ہوں جہاں تک مجھے پہنچنا چاہئے تھا۔ میں پہلے اداکاری میں اس مقام تک پہنچ جاؤں تو اس کے بعد اپنے اگلے ہدف کا تعین کروں گا۔ میں اداکاری ہی کو ترجیح دے رہاہوں، اس لئے دیگر چیزوں کے بارے میں زیادہ نہیں سوچتا۔
آپ نے اداکاری کے تینوں ہی میڈیم میں کام کیاہے، ان میں سے کس میڈیم میں زیادہ لطف آتاہے ؟
ج:ویب فلم اور ویب سیریز میں کافی آزادی ہوتی ہے جہاں ہمیں اپنے رول کواداکرنے کے زیادہ مواقع ملتے ہیں۔ اس میں کافی سطحیں ہوتی ہیں۔ ٹی وی شوز میں ہمیں اپنے کیریکٹر میں محدود رہنا ہوتا ہے اور اپنے کردار کو محدود انداز میں نبھانا پڑتا ہے۔ بہرحال میں کسی بھی میڈیم کیلئے کام کروں وہ دیانتداری سے کرتا ہوں۔ میں ٹی وی کیلئے ۲۰؍فیصد، ویب سیریز کیلئے ۲۵؍ فیصد یا فلم کیلئے ۳۵؍ فیصد کام کم نہیں کرتا۔ میں پوری توجہ کے ساتھ سبھی میڈیم پر اپنا بہترین پرفارمنس دینے میں یقین رکھتاہوں۔ ایک اداکار ہونے کے ناطے مجھے سبھی میڈیم میں کام کرنے میں مزہ آتاہے۔