Inquilab Logo Happiest Places to Work

سائرہ بانو نےعید کی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے دلیپ کمار کو خراج تحسین پیش کیا

Updated: April 01, 2025, 6:15 PM IST | Mumbai

سائرہ بانو نےعید کی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے دلیپ کمار کو خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے لکھا کہ عید کے دن ان کے گھر کے دروازے کھلے رہتے تھے، اور فلمی صنعت کی ہستیاں اور دوست یکے بعد دیگرے آتے رہتے تھے۔

Saira Banu . Photo: INN
سائرہ بانو۔ تصویر: آئی این این

بالی ووڈ کی سابق اداکارہ سائرہ بانو اکثر اپنے مرحوم شوہر اورافسانوی خصوصیات کے مالک دلیپ کمارکیلئے جذباتی خراج تحسین پیش کرتی رہی ہیں۔ آج، عید الفطر کے مقدس موقع پر، اداکارہ نے سوشل میڈیا پر سپر اسٹاردلیپ کمارکو ایک پرجوش خراج تحسین پیش کیا۔ اداکارہ نے یاد کیا کہ کیسے شادی کے بعد عید ایک نئی جہت کے ساتھ ان کی زندگی میں آئی،اور کیسے ان کے گھر کے دروازے عید کے دن ہمیشہ کھلے رہتے تھے، جہاں فلمی صنعت سے وابستہ ہستیاں اور دوست ایک کے بعد ایک آتے تھے۔  

یہ بھی پڑھئے: راجستھان: عیدالفطر کے جشن میں ہندو گروپ کی شرکت، مسلمانوں پر پھول برسائے

شادی کے بعد عید منانے کے واقعات کو یاد کرتے ہوئے سائرہ بانو نے لکھا، ’’جب میں جوان تھی اور رمضان المبارک کا مقدس مہینہ آتا تو ہمارا گھر نہ صرف روشنیوں سے جگمگاتا بلکہ عبادت کی رونق سے بھی بھر جاتا۔ فضا میں کچھ خاص ہوتا، روزے، نماز اور عبادت سے ایک سکون ملتا۔ لیکن دلیپ صاحب سے شادی کے بعد ہی عید نے ایک نئی زندگی پائی۔ ہمارا گھر جو صرف ہمارا تھا، محبت، خیر سگالی اور رشتوں کا گھر بن گیا۔ صبح تک گھر پیار بھرے پھولوں سے سج جاتا۔ اور جب صبح کی پہلی روشنی آسمان پر پھیلتی تو موسیقاروں کا ایک گروہ ہمارے دروازے پر جمع ہو جاتا۔ پالی ہل میں کوئی بھی ان کے ڈھول اور بگل کی دھن کو نظر انداز نہیں کر پاتا تھا۔
اپنے گھر کے کھلے دروازوں کے بارے میں بات کرتے ہوئےسائرہ بانو نے لکھا، ’’ہمارا گھر دیواروں سے خالی تھا، ایک ایسا گھر جہاں کوئی دروازہ بند نہ ہوتا۔ فلمی برادری کے دوست، مداح اور اجنبی ایک کے بعد ایک آتے تھے۔ صاحب کیلئے اس سے بڑھ کر کوئی خوشی نہیں تھی کہ وہ نیک لوگوں کی صحبت میں ہوں، اور اس سے بڑی کوئی دولت نہیں کہ پیار بانٹ سکیں اور وصول کر سکیں۔ ان کا یقین تھا کہ انسان کی قدر اس کی کامیابیوں میں نہیں بلکہ ان باتوں میں ہے جو دلوں کو چھو جاتی ہے۔ اور انہوں نے یہ کام بڑی آسانی سے کیا۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: اترپردیش: نوراتری کے دوران مذہبی مقامات کے قریب گوشت کی فروخت ممنوع قرار

سائرہ بانو نے دلیپ صاحب کی انسانیت نوازی کا بھی ذکر کیا، جس میں ان کے کردار اور عمل سے اس کے اظہار کا اعادہ کیا، ان کی باتوں کو یاد کرتے ہوئے سائرہ بانو نے لکھا کہ ’’ دلیپ صاحب انسانیت پر یقین رکھتے تھے۔وہ اکثر کہا کرتے تھے انسان دوسروں کی زندگی پر جو اثر ڈالتا ہے وہ بیان سے پرے ہوتا ہے، ان کا انسانی ہمدردی کا جذبہ اختلافات کو ختم کر دیتا، فاصلوں کو مٹا دیتا،اور ان  انسانوں کو بھی آپس میں جوڑ دیتا جنہیں دنیا نے جدا سمجھ رکھا تھا۔‘‘سائرہ بانو نےیادوں کو زندہ رکھتے ہوئے ان سب کا شکریہ ادا کیا جو کبھی عید کے موقع پران کے گھر آیا کرتے تھے۔انہوں نے انتہائی جذباتی اندازمیں اختتام کرتے ہوئے لکھا کہ’’ سال گزر سکتے ہیں، لیکن ایسی یادیں ماند نہیں پڑتیں۔ وہ ویسی ہی تازہ رہتی ہیں جیسی ہونی چاہئیں۔ اور ہراس شخص کا جو ہمارے گھر آیا، میں الفاظ سےبڑھ کر شکر گزار ہوں۔ کاش ہم ہمیشہ ایک دوسرے میں گرمجوشی پائیں اور ہمیشہ اس عقیدے پر قائم رہیں جس کا نام ’’انسانیت‘‘ ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK