Inquilab Logo Happiest Places to Work

’ری سائیکل‘ سونے کی فروخت میں اضافہ

Updated: April 14, 2025, 11:18 AM IST | Agency | Mumbai

مہنگے سونے کے زیورات کی خریداری نہیں ہو رہی ہے۔ شادیوں کے سیزن کی وجہ سے۸۰؍ فیصد صارفین سونے کی ری سائیکلنگ کر رہے ہیں۔

Consumers are selling old jewelry to make new ones. Photo: INN
صارفین پرانے زیورات کو فروخت کرکے نئے بنوا رہے ہیں۔ تصویر: آئی این این

امریکہ اور چین کے درمیان بڑھتی ہوئی تجارتی کشیدگی اور ٹیرف کے خدشات کے باعث کچھ عرصہ قبل سونے کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی تھی لیکن اب بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت۳۲۰۰؍ ڈالرس تک پہنچ گئی ہے جس کا اثر ہندوستان میں بھی نظر آ  رہا ہے۔ ہندوستانی بازار میں سونے کی قیمت میں روزانہ اتار چڑھاؤ آرہا ہے۔ ۱۲؍ اپریل کو ممبئی میں۲۴؍ کیرٹ سونے کی قیمت (دوپہر تک)۹۶۶۰۰؍ روپے فی ۱۰؍ گرام تک پہنچ گئی جبکہ۲۲؍ کیرٹ سونے کی قیمت۸۷۴۶۰؍  روپے فی ۱۰؍ گرام تھی۔ مارکیٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ جمعہ کے مقابلے سونے کی قیمت میں ۲؍ہزار روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ سونے کی قیمت ایک لاکھ  روپے کی نئی بلند ترین سطح تک پہنچنے سے محض۴۵۰۰؍ روپے دور ہے۔ 
بامبے بلین اسوسی ایشن کے رکن اور جیولر سنجے کوٹھاری نے کہا کہ سونے کی قیمت ریکارڈ بلند سطح پر ہے جس کی وجہ سے فی الحال زیورات کی خریداری نہیں ہو رہی ہے۔ شادیوں کے سیزن کی وجہ سے ۸۰؍فیصد صارفین سونے کی ری سائیکلنگ کر رہے ہیں، یعنی اپنے پرانے زیورات کو نیا بنا رہے ہیں، جس کیلئے  انہیں صرف بنانے کی قیمت  دینا ہوگا یا وہ پرانا سونا بیچ کر اس کی جگہ نئے زیورات خرید رہے ہیں۔
 گاہک بھی سونے کے سکے یا سونے  کے بسکٹ فروخت  کرکے  اسے زیورات میں تبدیل  کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اتنی زیادہ قیمتوں پر۵؍ فیصد تک نئی خریداری دیکھی جا رہی ہے، جس میں بھی صرف زیادہ آمدنی والے طبقے ہی خریداری کرتے نظر آ رہے ہیں۔ چاندی میں چھوٹی اشیاء کی خرید بھی ہو رہی ہے، جس میں تحائف کے طور پر دی جانے والی پازیب یا ہلکی چیزوں کی مانگ ۱۰؍ فیصد تک ہے۔ بامبے بلین اسوسی ایشن کے قومی ترجمان کمار جین کا کہنا ہے کہ فی الحال صارفین کو سونا خریدنے سے پہلے تھوڑا انتظار کرنا چاہیے۔ اگر وہ سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں تو انہیں گولڈ ای ٹی ایف میں سسٹمیٹک انویسٹمنٹ پلان (ایس آئی پی) کے ذریعے کرنا چاہیے  کیونکہ سونا اتنا مہنگا ہو چکا ہے کہ اس وقت اسے جسمانی طور پر خریدنے کی بجائے منصوبہ بند طریقے سے خریدنے کی ضرورت ہے۔
 امریکہ  اور چین کے درمیان بڑھتی ہوئی تجارتی کشیدگی اور ٹیرف کے باعث کچھ عرصے سے سونے کی قیمت میں کمی ہوئی تھی تاہم اب بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت۳۲۰۰؍ ڈالرس تک پہنچ گئی ہے۔ آنے والے وقت میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں اضافہ یقینی ہے۔ اس غیر یقینی ماحول میں، فزیکل سونا خریدنے کے بجائے، گاہک گولڈ ای ٹی ایف کے ذریعے سونے میں اپنی سرمایہ کاری بڑھا سکتے ہیں، جو سرمایہ کاری کے محفوظ ترین اختیارات میں سے ایک ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK