Updated: September 26, 2024, 8:41 PM IST
| Mumbai
رپورٹس کے مطابق سندیپ ریڈی وانگا نے ’’اسپرٹ‘‘ کیلئے کرینہ کپور خان سے بات کی ہے اور انہوں نے فلم میں کام کرنے کیلئے ہامی بھی بھرلی۔ پربھاس اس فلم میں مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ فلمساز سیف علی خان کو بھی فلم میں شامل کرنا چاہتے ہیں۔
سیف علی خان اور کرینہ کپور۔ تصویر: آئی این این
’’اینیمل‘‘ کی زبردست کامیابی کے بعد، سندیپ ریڈی وانگا اب اپنی آنے والی پولیس ایکشن ڈرامے والی فلم ’’ اسپرٹ‘‘ میں مصروف ہیں جس میں پربھاس مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔ حال ہی میں ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ فلمساز نے کرینہ کپور خان کو فلم میں کام کرنے کیلئے تیار کیا ہے اور اب ایک اور رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سیف علی خان بھی اس فلم کا حصہ ہوں گے۔ اس ضمن میں ذرائع نے بالی ووڈ ہنگامہ کو بتایا کہ سیف اور کرینہ دونوں کو فلم میں ایک ویلن جوڑی کا کردار ادا کرنے کیلئے کاسٹ کیا گیا ہے جو پربھاس سے مقابلہ کریں گے جو ایک پولیس اہلکار کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ سیف علی خان اس سے قبل متعدد بار ویلن کا کردار ادا کر چکے ہیں جس میں این ٹی آر جونیئر کی آنے والی ’’دیورا: پارٹ وَن‘‘ بھی شامل ہے۔ اس سے پہلے انہوں نے ’’بیئنگ سائرس‘‘، ’’ایک حسینہ تھی‘‘، ’’اومکارا‘‘، ’’قربان‘‘، ’’تاناجی: دی ان سنگ واریر‘‘ اور ’’آدی پروش‘‘ میں ویلن کا کردار ادا کرکے خوب داد وصول کی تھی۔ دوسری جانب، کرینہ کپور نے اس سے قبل اپنے کریئر میں صرف ایک بار منفی کردار ادا کیا ہے اور یہ ۲۰۰۴ء کی فلم ’’فدا‘‘ تھی۔
اگر یہ افواہ درست ثابت ہوئی تو یہ سیف اور کرینہ کی ایک ساتھ چھٹی فلم ہوگی۔ حقیقی زندگی کی شادی شدہ جوڑی اس سے قبل ’’ایل او سی کارگل‘‘، ’’اومکارا‘‘، ٹشن‘‘، ’’قربان‘‘ اور ’’ایجنٹ ونود‘‘ میں کام کرچکی ہے۔ اس کے علاوہ، کرینہ، سیف علی خان کی ’’ہیپی اینڈنگ‘‘ میں مہمان اداکار کے طور پر نظر آئی تھیں۔
’’اسپرٹ‘‘ کے تعلق سے سندیپ ریڈی وانگا نے اجیک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ اس کا بجٹ ۳۰۰؍ کروڑ روپے ہے۔ اور ہمیں یقین ہے کہ اس کا پہلے دن کا بزنس ۱۵۰؍ کروڑ سے زائد ہوگا۔ توقع ہے کہ یہ فلم ۲۰۲۶ء میں ریلیز ہوگی۔