’’تانڈو‘‘ اور ’’دی ایمپائر‘‘ میں اہم کردار ادا کرنے والے ڈینو موریا نے کہا مختلف سیاسی وجوہات کی بنیاد پر ان دونوں کا سیزن ۲؍ نہیں بنایا جارہا ہے۔
EPAPER
Updated: March 14, 2025, 8:52 PM IST | Mumbai
’’تانڈو‘‘ اور ’’دی ایمپائر‘‘ میں اہم کردار ادا کرنے والے ڈینو موریا نے کہا مختلف سیاسی وجوہات کی بنیاد پر ان دونوں کا سیزن ۲؍ نہیں بنایا جارہا ہے۔
سیف علی خان کا سیاسی تھریلر ’’تانڈو‘‘ سب سے زیادہ پسند کئے جانے والے شوز میں سے ایک تھا جو ۲۰۲۱ء میں ریلیز ہوا تھا۔ علی عباس ظفر کی ہدایتکاری میں بننے والے اس شو کو شائقین کی جانب سے خوب پسند کیا گیا لیکن ریلیز کے وقت اس پر مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا الزام لگایا گیا۔ بہر حال، شائقین اس کے دوسرے سیزن کا انتظار کر رہے تھے، جو نہ ہو سکا، اور ڈینو موریا نے حال ہی میں اس کے پیچھے کی اصل حقیقت کا انکشاف کیا۔ پنک ولا کے ساتھ خصوصی بات چیت میں ڈینو موریا نے کہا کہ ’’یہ امیزون کا بہترین ہٹ شو تھا جس کی وجہ سے بہت مسئلہ بھی ہوا۔ اس کا سیزن ۲؍ نہیں بنا کیونکہ اجازت نہیں ملی۔ سیف کے ساتھ کام کرکے ہمیشہ لطف آتا ہے۔‘‘
انہوں نے اپنی جیو ہاٹ اسٹار ویب سیریز’’ دی ایمپائر‘‘ کے بارے میں بھی بات چیت کی۔ جب ایک مداح نے ان سے دوسرے سیزن کے بارے میں پوچھا۔ انہوں نے تصدیق کی کہ شو کا نیا سیزن نہیں بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’اس میں بابر کی، ہمایوں کی اور پھر اورنگ زیب، شاہ جہاں اور اکبر، سبھی کی کہانیاں دکھائی جائیں گی لیکن یہ منصوبہ مسترد کردیا گیا۔ حالانکہ یہ شو بھی خوب پسند کیا گیا لیکن اسے بھی ری نیو نہیں کیا گیا۔ ‘‘ خیال رہے کہ ڈینو موریا، اکشے کمار کے ساتھ ’’ہاؤس فل ۵‘‘ میں نظر آئیں گے۔