• Sun, 06 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’سوشل میڈیا اور او ٹی ٹی پلیٹ فارم وقت کی ضرورت بن گئے ہیں ‘‘

Updated: July 07, 2024, 1:26 PM IST | Abdul Karim Qasim Ali | Mumbai

ٹی وی کی معروف اداکارہ سیما کپور نے کہاکہ میں فلمی پارٹیوں میں جانے سے گریز کرتی ہوں کیونکہ میں شرمیلامزاج رکھتی ہوں، میں شوٹنگ پربھی اکثر اپنا موبائل نہیں لے جاتی ہوں اور سوشل میڈیا پر بھی عام سے پیغامات شیئر کرنا پسند کرتی ہوں۔

Veteran TV actress Seema Kapoor has played many roles. Photo: INN
ٹی وی کی تجربہ کار اداکارہ سیما کپور نے بہت سے کردار نبھائے ہیں۔ تصویر : آئی این این

اداکارہ سیما کپور نے ٹی وی انڈسٹری میں تقریباً ۳۵؍سال کام کیا ہے اور وہ اب بھی اس میں سرگرم رہنا پسند کرتی ہیں۔ سیما کپور کی خوبصورت آنکھیں پُر کشش ہیں جس کی وجہ سے وہ شائقین کے ذہن پر نقش ہو جاتی ہیں۔ سیما کپور نے ٹی وی انڈسٹری کے جتنے بھی پروجیکٹ میں کام کیا ہے وہ سبھی پسند کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کرکشیترا، وراثت، سلسلہ، جنم جنم، ناک ناک، حسرتیں، پڑوسن، لوک پرلوک، سپنے اور نورنگ نامی شوز میں کیاہے۔ ان کے ساتھ ہی انہوں نے بدائی، ساس ورسیزبہو، ایک ہزاروں میں میری بہناہے، سکنیا، مدھوبالا اور رضیہ سلطان شوز میں اپنے ہنر کا جلوہ بکھیرا ہے۔ انہوں نے حال ہی میں ادھاریاں نامی ٹی وی شو میں کام کیا تھاجس کے بعد وہ گھریلو اور نجی وجوہات کی بنیاد پر انڈسٹری سے دور ہو گئی ہیں۔ وہ اکثر شوبز کی دنیا کی پارٹیوں سے دور رہتی ہیں اوران میں شرکت سے شرماتی ہیں۔ نمائندہ انقلاب نے اداکارہ سیما کپور سے بات چیت کی جسے یہاں پیش کیا جارہا ہے:
س:اس وقت آپ نے کیوں بریک لیاہے ؟
ج:جی ہاں میں نے اس وقت ٹی وی انڈسٹری سے وقفہ لیاہے لیکن میری کوشش ہے کہ میں جلد ہی چھوٹے پردے کے شوز میں نظرآؤں۔ میں نے گزشتہ جنوری میں آخری شو ادھاریاں کیا تھالیکن میرے گھر پر کچھ ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی تھی اس لئے مجھے بریک لینا پڑا۔ میرے والدکی طبیعت زیادہ خراب ہوگئی تھی اور انہیں اسپتال لانا اور لے جانا پڑتا تھا، ان کی دیکھ بھال کیلئے میں نے دوری اختیار کی تھی۔ اب حالات قدرے بہتر ہیں اور میں کوشش کررہی ہوں کہ کوئی اچھا شو یا رول مل جائے تو دوبارہ انڈسٹری میں سرگرم ہوجاؤں۔ 
 س:آپ کے کریئر کا ٹرننگ پوائنٹ کون سا شو تھا ؟
ج:میرے کریئر پر آپ نظرڈالیں تو میرے سبھی شو سپرہٹ رہے ہیں اور انہیں شائقین کی جانب سے بہت محبت ملی تھی۔ میرے لئے ٹرننگ پوائنٹ میرے کریئر کا پہلا شو قسمت سے تھا۔ ہدایتکار رمیش سپی نے اس شو میں مجھے بہت ہی اچھے انداز میں پیش کیاتھا۔ اس شو کی وجہ سے انڈسٹری میں میرا تعارف بہترانداز میں ہوااور میں راتوں رات اسٹار بن گئی تھی۔ میں اس شو کو ٹرننگ پوائنٹ اس لئے بھی کہوں گی کیوں کہ اس کے بعد مجھے اچھے اچھے شوز کے آفر آنے لگے اور میں ۳؍ سال تک مسلسل شوز میں کام کرتی رہی۔ 
س:کتنے ہی کردار آپ نے نبھائے ہیں، کیا اب بھی کوئی کردار نبھانا باقی ہے ؟
ج:بہت سے اداکارایک سے کیریکٹر نبھانے کے عادی ہوتے ہیں اور کچھ اداکار الگ الگ کردار نبھانے میں یقین رکھتے ہیں ۔ میں بھی ان ہی میں سے ایک ہوں جو انڈسٹری میں منفرد رول نبھانا چاہتی ہیں۔ مجھے کاسٹیوم بہت پسند ہیں جیسے کہ پریاڈک فلمیں ہوتی ہیں، مثلاً ہیرا منڈی شو میں جس طرح خواتین کے رول وہ میں کرنا چاہتی ہوں۔ میں نے اب تک کسی پولیس افسر کا رول نہیں نبھایا ہے چاہوں گی کہ مستقبل میں یہ رول میرے حصہ میں آجائے۔ ایک اور کردار جو میں نبھانا چاہتی ہوں وہ وکیل کا ہے۔ میں نے اپنے کریئر میں وکیل کا رول نہیں نبھایا ہے۔ اب کوشش یہی ہے کہ جوبھی کام کروں وہ تھوڑا علاحدہ ہو۔ 
س:آپ فلمی پارٹیوں اور محفلو ں میں کم ہی نظرآتی ہیں، ایسا کیوں ؟
ج:یہ بات بالکل صحیح ہے کہ میں ایسی پارٹیوں اور محفلوں میں کم ہی جاتی ہوں کیونکہ میرے پاس اتنا وقت نہیں ہوتاہےکہ میں اس جانب توجہ دوں۔ دوسرا یہ کہ میں خود کو سمیٹ کررکھتی ہوں اور کبھی بھی بلاتکلف بات چیت بھی نہیں کرتی۔ میری طبیعت اور مزاج شرمیلا ہے اس لئے میں صرف اپنے کام پر توجہ دیتی ہوں اور اس سے فارغ ہونےکے بعد اپنے گھر چلی آتی ہوں۔ 
س:سوشل میڈیا کے تعلق سے آپ کاکیا کہنا ہے؟
ج:میرے خیال میں سوشل میڈیا بہت اچھی چیز ہے اور اس سے کئی افراد کو فائدہ ہواہے۔ اس کے ذریعہ بہت سی پوشیدہ صلاحیتیں سامنے آئی ہیں اور وہ اپنے فن کا مظاہرہ کررہی ہیں جس کی وجہ انہیں ریئلیٹی شوز میں بھی موقع دیا جارہا ہے۔ پہلے آرٹسٹ کو تشہیر کیلئے صحافیوں پر انحصار کرنا ہوتا تھا لیکن اب ایسا نہیں ہے۔ اب سوشل میڈیا کے ذریعہ اپنی فلم، ٹی وی شو یا کسی پروگرام کا اعلان کر سکتے ہیں۔ پہلے بہت سے صحافی اداکاروں کے بارے میں افواہیں پھیلا دیتے ہیں لیکن سوشل میڈیامیں ایسا نہیں ہوتاہے۔ اس میں حقیقی پہلوؤں کو ہی دکھانا پڑتاہے۔ میرے خیال میں سوشل میڈیا بہت اچھا پلیٹ فارم ہے۔ 
 س:او ٹی ٹی پلیٹ فارم کے بارے میں آپ کا کیا کہنا ہے؟ 
ج: سوشل میڈیا ہی کی طرح او ٹی ٹی پلیٹ فارم بھی اچھا ہے اور اس کے ذریعہ بھی بہت سے اچھے اداکار شائقین کی تفریح کررہے ہیں۔ اوٹی ٹی کی ایک خاص بات یہ ہے کہ اس میں آپ ایک دائرے تک محدود نہیں رہتے، بلکہ آپ اپنے آپ کو پوری طرح ظاہرکرتے ہیں۔ اگر مجھے مستقبل میں کوئی اچھا شو یا رول ملتا ہے تو میں ضرور او ٹی ٹی پر کام کرنا چاہوں گی۔ 
س:کیا آپ سوشل میڈیا پر سرگرم ہیں ؟
ج:میں اتنی سرگرم نہیں ہوں ، بس نارمل طریقے سے اپنے ویڈیو ز اپ لوڈ کرتی رہتی ہوں۔ میں سوشلی کسی سے زیادہ رابطہ نہیں رکھتی ہوں بلکہ اپنے قریبی افراد سے میرا تعلق ہے۔ میں ایسی اداکارہ ہوں کہ سیٹ پر بھی اپنا فون نہیں لے جاتی تووہاں ریلزاور ویڈیوز کیا بناؤں گی۔ ہاں مستقبل میں اگر ایسا لگتاہے کہ کسی خاص چیز اور اہم واقعہ کا ویڈیو یا ریلز بنانا ہے تو میں ضرور وہ کروں گی۔ 
س:انڈسٹری کی ایک اچھی اور ایک بری بات آپ کی نظر میں کیا ہے؟
ج:جس طرح انڈسٹری میں تکنیکی طورپر جو انقلاب آرہا ہے وہ بہت اچھی بات ہے۔ تکنیکی طورپر ہماری انڈسٹری دن بہ دن بہتر ہورہی ہے۔ مجھے بہت خوشی ہوتی ہے کہ ہماری انڈسٹری بھی ترقی کررہی ہے لیکن ہمارے شوز میں اب بھی وہ پرانی کہانیاں بتائی جارہی ہیں۔ ہمارے موضوعات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ اس میں تبدیلی کی ضرورت ہے کیونکہ ٹی وی شائقین بہت خبردار ہوگئے ہیں اوروہ بھی سب جانتے ہیں۔ میری نظر میں بری بات یہ ہوئی ہے کہ اب انڈسٹری بالکل کارپوریٹ طرز پر کام کررہی ہے۔ پہلے آپ ایک دو لوگوں سے بات چیت کرکے کوئی بھی شو میں کام کرلیتے تھے لیکن اب ایسا نہیں ہے، الگ الگ ڈپارٹمنٹ بن گئے ہیں اور ایک ہی کام پورا کرنے کیلئے کافی وقت لگ جاتا ہے۔ 
س:آپ بریک کے بعد کس پلیٹ فارم سے شروعات کرنا چاہیں گی؟
ج:میں تویہی چاہتی ہوں کہ میں اداکاری کے ذریعہ سبھی کی تفریح کروں۔ میرے لئے پلیٹ فارم کوئی بھی ہو، میں صرف ایکٹنگ کرنے میں یقین کرتی ہوں۔ امید ہے کہ جلد ہی میں چھوٹے یا بڑے پردے پر نظرآؤں گی۔ 
س:آپ کے نام کے تعلق سے بہت سی غلط فہمیاں ہیں، اس پر روشنی ڈالیں ؟
ج:ہاں یہ بات بالکل صحیح ہے۔ اداکار انو کپور کی بہن کانام بھی سیما کپور ہیں، وہ ہدایتکار بھی ہیں اور اوم پوری کی سابقہ اہلیہ بھی رہی ہیں۔ جب کوئی صحافی میرا انٹرویو لیتاہے تو اس میں وہ یہ کہہ کر مخاطب کرتاہے کہ میں اوم پوری کی سابقہ اہلیہ ہوں۔ میں چاہتی ہوں کہ صحافیوں کو اتنا غیرذمہ دار نہیں ہونا چاہئے۔ انہیں تحقیق کرکے کوئی بھی رپورٹ چھاپنی چاہئے۔ انو کپور کی بہن اور میری عمر میں کافی فرق ہے۔ نام کی وجہ سے ہی دوسری پریشانی یہ ہے کہ ماضی کی ایک اداکارہ سیما کپور چبرہیں وہ اکثر میری تصویر استعمال کرتی ہیں جس سے شائقین تذبذب کا شکار ہوجاتے ہیں۔ میرے خیال میں انہیں ایسا نہیں کرنا چاہئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK