• Fri, 27 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

شاہ رُخ خان اور سلمان خان میں کبھی دوستی رہی کبھی دشمنی لیکن اِس وقت دونوں کی دوستی کافی مستحکم ہے

Updated: December 04, 2023, 3:07 PM IST | Inquilab Desk | Mumbai

سال رواں میں شاہ رُخ خان کی ۲؍ فلمیں ’پٹھان‘ اور ’جوان‘ بلاک بسٹر ہوچکی ہیں جبکہ سلمان خان کی فلم ’ٹائیگر تھری‘ کی باکس آفس پر ہنگامہ آرائی جاری ہے۔

Shah Rukh Khan And Salman Khan. Photo: INN
شاہ رُخ خان اور سلمان خان ۔ تصویر : آئی این این

سال رواں میں شاہ رُخ خان کی ۲؍ فلمیں ’پٹھان‘ اور ’جوان‘ بلاک بسٹر ہوچکی ہیں جبکہ سلمان خان کی فلم ’ٹائیگر تھری‘ کی باکس آفس پر ہنگامہ آرائی جاری ہے۔ فلم عالمی سطح پر ۴۴۶؍ کروڑ روپے کا کاروبار کرچکی ہے اور کمائی کا سلسلہ ابھی جاری ہے۔ ان میں سے ۲؍ فلمیں ’پٹھان‘ اور ’ٹائیگر تھری‘ میں شاہ رخ اور سلمان دونوں ہی نظر آچکے ہیں ۔ ایک مرکزی کردار میں تو دوسرا کیمیو کے طورپر۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ دونوں میں کتنی گہری دوستی ہے کہ دونوں ہی ایک دوسرے کی فلموں میں کیمیو کے طور پر نظر آتے ہیں ۔ ویسے یہ کوئی پہلا موقع نہیں ہے۔ اس سے قبل بھی ایک دوسرے کی فلموں میں دونوں کیمیو کے طورپر کئی بار نظر آچکے ہیں ۔ یہ اور بات ہے کہ دونوں میں کئی بار جھگڑے بھی ہوچکے ہیں لیکن اِس وقت بالی ووڈ میں ان کی دوستی ایک مثال کے طور پر پیش کی جارہی ہے۔آئیے دیکھتے ہیں کہ ان دونوں کے تعلقات کس طرح سردو گرم رہے ہیں۔ 
شاہ رخ اور سلمان کی فلموں میں آمد
شاہ رخ خان فلم انڈسٹری میں ۱۹۹۲ء میں فلم ’دل آشنا ہے‘ سے داخل ہوئے، حالانکہ ان کی پہلی ریلیز فلم ’دیوانہ‘ تھی۔ اس سے قبل دوردرشن کے ایک سیریل ’فوجی‘ سے اپنی شناخت بنا چکے تھے۔اس کے برعکس سلمان خان کی پہلی فلم ’بیوی ہو تو ایسی‘ ۱۹۸۸ء میں ریلیز ہوچکی تھی لیکن انہیں شہرت’میں نے پیار کیا‘ سے ملی جو ۱۹۸۹ء میں ریلیز ہوئی تھی۔ مطلب یہ کہ جس وقت شاہ رخ بالی ووڈ میں جدوجہد کر رہے تھے ،اُس وقت تک سلمان خان اپنی جگہ بنا چکے تھے اور باغی، صنم بے وفا اور ساجن جیسی کئی کامیاب فلمیں بالی ووڈ کو دے چکے تھے۔ پھر ایک وقت ایسا بھی آیا جب چمتکار، راجو بن گیا جنٹلمین، بازی گر، ڈر اورکبھی ہاں ، کبھی ناں جیسی فلموں کی وجہ سے شاہ رخ خان آگے نکل گئے۔ اسی درمیان سلمان خان کی فلم ’ہم آپ کے ہیں کون‘ ریلیز ہوئی جس نے باکس آفس کو پوری طرح سے زیر و زبر کردیا۔ اس کے کچھ ہی دن بعد عامر خان کے ساتھ فلم ’انداز اپنا اپنا‘ ریلیز ہوئی جس نے کامیابی کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔
یہ وہ دور تھا جب فلم شائقین شدت سے چاہتے تھے کہ وہ اپنے دونوں ہی فنکاروں کو ایک ساتھ دیکھیں ۔ ان کی اس خواہش کو راکیش روشن نے پایہ تکمیل تک پہنچایا اور فلم ’کرن ارجن‘ بنائی۔۶؍ کروڑ کی بجٹ والی اس فلم نے ۴۳؍ کروڑ کا کاروبار کیا۔ یہیں سے دونوں میں اچھی دوستی ہوگئی۔ اس کے بعد دونوں ۱۹۹۷ء کی بلاک بسٹر ہٹ فلم ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ میں ایک ساتھ نظر آئے۔ اس میں سلمان خان کا کیمیو تھا۔ اس کے ۵؍ سال بعد دونوں ایک بار پھر ’ہم تمہارے ہیں صنم ‘میں نظر آئے۔ اس میں بھی سلمان بطور کیمیو ہی نظرآئے۔ اس کے بعد کئی فلموں میں دونوں ایک دوسرے کیلئے کیمیو کے طور پر نظر آتے رہے۔ امسال ریلیز ہونے والی فلموں ’ ٹائیگر تھری‘ اور ’پٹھان‘ میں بھی دونوں نے ایک دوسرے کی فلموں میں کیمیو کیا ہے۔ 
 سلمان کی چھوڑی ہوئی فلموں نے شاہ رخ کو اسٹار بنادیا 
اس دوران کئی ایسے مواقع آئے جب سلمان خان نے کچھ ایسی فلمیں چھوڑ دیں جنہیں قبول کرکے شاہ رخ خان، ان سے آگے نکل گئے۔ سلمان کی چھوڑی گئی ان فلموں میں ایک اہم فلم ’بازی گر‘ ہے جو ۱۹۹۳ء میں ریلیز ہوئی تھی۔ عباس مستان کی ہدایت میں بننے والی اس فلم کیلئے سلمان خان پہلی پسند تھے لیکن انہوں نے انکار کردیا تھا۔ وہ منفی رول نہیں کرنا چاہتے تھے ۔ یہ فلم زبردست کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔
 اسی طرح ہدایت کار منصور خان اپنی فلم ’جوش‘ میں سلمان کو کاسٹ کرنا چاہتے تھے لیکن انہوں نے یہ پیشکش اس وجہ سے قبول نہیں کی کہ اس میں ایشوریہ رائے کو اُن کی بہن کاکردار پہلے ہی سونپ دیا گیا تھا۔ اُس وقت دونوں ریلیشن شپ میں آچکے تھے۔ بعد میں پردۂ سیمیں پر ایشوریہ کے بھائی کا کردار شاہ رخان نے ادا کیا اور فلم زبردست کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔ یہ فلم ۹؍ جون ۲۰۰۰ء کو ریلیز ہوئی تھی۔ اس کے بعد آدتیہ چوپڑہ ۲۰۰۷ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’چک دے انڈیا‘ میں سلمان خان کو کاسٹ کرنا چاہتے تھے تاہم ہدایت کار شمیت امین اور سلمان کے درمیان کچھ اختلافات پیدا ہوگئے جس کی وجہ سے انہوں نے فلم چھوڑ دی۔ اس کے بعد یہ فلم بھی شاہ رخ خان کے پاس گئی اور اُس سال کی تیسری سب سے بڑی فلم قرار پائی۔ ۲۰۰۷ء میں باکس آفس کے لحاظ سے سرفہرست شاہ رخ خان کی فلم ’اوم شانتی اوم‘ تھی جبکہ سلمان خان کی فلم ’پارٹنر‘ چوتھے نمبر پر تھی۔
’کل ہو نہ ہو‘ میں ساتھ آنے والے تھے
 یش جوہر کی فلم ’کل ہو نہ ہو‘ میں کرن جوہر شاہ رخ خان اور سلمان خان کو ایک ساتھ سائن کرنا چاہتے تھے۔ اس کے ہدایت کار نکھل اڈوانی تھے۔ امن ماتھر کے کردار کیلئے شاہ رخ خان کو چونکہ سائن کرلیا گیا تھا، اسلئے روہت پٹیل کے کردار کیلئے سلمان خان رضا مند نہیں ہوئے۔بعد ازاں ان کی جگہ پرسیف علی خان کو سائن کیا گیا۔ یہ اُ س سال کی سب سے زیادہ کمائی والی فلم تھی اورسیف علی خان کو بہترین معاون اداکار کا فلم فیئر ایوارڈ بھی دیا گیا۔ 
شاہ رخ اور سلمان کے درمیان لڑائی
 ۱۹۹۹ء میں ریلیزسنجے لیلا بھنسالی کی مشہورفلم ’ہم دل دے چکےصنم‘کی شوٹنگ کے دوران سلمان خان اور ایشوریہ رائے کے درمیان قربت پیدا ہوگئی اور دونوں ریلیشن شپ میں آگئے تھے۔ کہا جاتا ہے کہ اُن دنوں سلمان پر کچھ اس قدر دیوانگی طاری ہوا کرتی تھی کہ وہ اکثر ایشوریہ رائے کی فلموں کے سیٹ پر انہیں بتائے بغیر پہنچ جاتے تھے۔ انہی دنوں کی بات ہے۔ شاہ رخ خان، جوہی چاولہ اور عزیز مرزا نے ایک فلم ’چلتے چلتے‘ مشترکہ طور پر شروع کی تھی۔ اس فلم میں شاہ رخ نے اپنے ساتھ ایشوریہ رائے کو مرکزی کردار میں کاسٹ کیا تھا۔ فلم کی شوٹنگ شروع ہو چکی تھی۔ ایسے میں ایک دن وہ اچانک سیٹ پر پہنچ گئے اور کافی ہنگامہ برپا کر دیا۔ کہا جاتا ہے کہ شاہ رخ نے کچھ سمجھانے کی کوشش کی تو سلمان ان سے بھی لڑ گئے۔ صورتحال یہاں تک پہنچی کہ ہدایت کار عزیز مرزا کو شوٹنگ روکنی پڑی اور پھر نوبت یہاں تک آئی کہ ایشوریہ کی جگہ پر رانی مکھرجی کو سائن کرنا پڑا۔۲۰۰۴ء میں فرح خان کی شادی میں سلمان اور شاہ رخ کی ملاقات ہوئی تو دونوں کے گلے شکوے دور ہوگئے لیکن ایشوریہ اور شاہ رخ کے درمیان دوستی بحال نہیں ہوسکی۔ 
کترینہ کی پارٹی میں بھی سلمان شاہ ر خ کا جھگڑا ہوا
 فلم ’میں نے پیار کیوں کیا‘ کے بعد سلمان خان اور کترینہ کے درمیان تعلق کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا۔ بات ۲۰۰۸ء کی ہے۔ کترینہ کیف نے اپنی سالگرہ کی تقریب میں شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان سمیت بالی ووڈ کے کئی ستاروں کو مدعو کیا تھا۔ پارٹی میں اچانک شاہ رخ اور سلمان کے درمیان کسی بات پر جھگڑا شروع ہوگیا اور پھر جھگڑا اتنا بڑھ گیا کہ نوبت ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔ اس تصادم کے بعد برسوں تک دونوں کے درمیان رنجش قائم رہی۔ ۱۰۔۸؍ سال بعد دونوں میں تعلقات بحال ہوئے اور پھر کچھ اس طرح بحال ہوئے کہ دونوں میں بہترین دوستی ہوگئی۔۲۰۱۷ء میں سلما ن خان کی ریلیز ہونے والی فلم ’ٹیوب لائٹ‘ میں شاہ رخ نے اور ۲۰۱۸ء میں فلم ’زیرو‘ میں سلمان نے کیمیو کرکے اس دوستی کااعلان کیا۔ 
 ’ٹائیگر بمقابلہ پٹھان‘
 اس کے بعد ہی سے دونوں کی دوستی کافی مضبوط دکھائی دے رہی ہے۔ دونوں نہ صرف دکھ سکھ میں ساتھ نظر آتے ہیں بلکہ ایک دوسرے کی فلموں کی تشہیر میں بھی ساتھ دیتے ہیں ۔ اگر سب کچھ ٹھیک ٹھاک رہا تو جلد ہی دونوں ایک فلم میں مرکزی کردار میں نظر آئیں گے جو ٹائیگر اور پٹھان سریز کی ساتویں فلم ہوگی۔ اس کا نام ’ٹائیگر بمقابلہ پٹھان‘ ہوگا ۔اطلاعات کے مطابق اس کی اسکرپٹ پر کام چل رہا ہے، اسلئے ۲۰۲۵ء میں اس کی شوٹنگ کا آغاز ہوگا اور ۲۰۲۶ء میں فلم شائقین کے روبرو پیش کی جائے گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK