ایک ہی سال میں ایک ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کاروبار کرنے والی دو بلاک بسٹر فلمیں (پٹھان، جوان) دینے والے شاہ رخ خان کی ’’ڈنکی‘‘ اور ’’باہوبلی۔۲‘‘ کے بعد سے کوئی بھی سپر ہٹ فلم نہ دینے والے پربھاس کی ’’سالار‘‘ امسال سینما گھروں میں ۲۲؍ دسمبر کو ایک ساتھ ریلیز ہوںگی۔
شاہ رخ خان کی ڈنکی اور پربھاس کی سالار کا ٹکراؤ۔ تصویر:آئی این این
ایک ہی سال میں ایک ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کاروبار کرنے والی دو بلاک بسٹر فلمیں (پٹھان، جوان) دینے والے شاہ رخ خان کی ’’ڈنکی‘‘ اور ’’باہوبلی۔۲‘‘ کے بعد سے کوئی بھی سپر ہٹ فلم نہ دینے والے پربھاس کی ’’سالار‘‘ امسال سینما گھروں میں ۲۲؍ دسمبر کو ایک ساتھ ریلیز ہوںگی۔
جمعہ کو فلمساز نے پربھاس کی ’’سالار‘‘ کی ریلیز کی تاریخ کا اعلا ن کردیا ہے۔ انہوں نے ایکس پر فلم کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’جلد آرہا ہے!‘‘ اس فلم کے پہلے حصہ (سالار: سیز فائر) کے پوسٹر میں پربھاس کے ہاتھ میں ایک خون آلود تلوار ہے۔اس سے قبل فلمساز راجکمار ہیرانی نے شاہ رخ خان اور تاپسی پنو کی اداکاری سے سجی فلم ’’ڈنکی‘‘ کو اسی سال کرسمس پر ریلیز کرنے کا اعلان کیا تھا۔ حال ہی میں شاہ رخ خان کےایکس پر ’’آسک ایس آر کے‘‘ سیشن میں شاہ رخ خان نے بھی دوبارہ یقین دہانی کروائی کہ ڈنکی ۲۲؍ دسمبر ۲۰۲۳ء ہی کو ریلیز ہوگی۔
واضح رہے کہ ’’سالار‘‘ ۲۸ ؍ ستمبر کو ۲۰۲۳ء کو ریلیز ہونے والی تھی لیکن غیر متوقع تکنیکی وجوہات کی وجہ سے ریلیز ملتوی کردی گئی۔ ’’ہومبل‘‘ پروڈکشن نے اپنے بیان میں فلم کی تاخیر کی وجہ بتائی اور تھوڑا اور انتظار کرنے کیلئے مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے کہ ۲۲؍ دسمبر کو شاہ رخ خان اور پربھاس جیسے دو سپر اسٹار کی ٹکر متوقع ہے۔ یہی نہیں’’سالار‘‘ کے ہدایتکار پرشانت نیل اس سے قبل بھی شاہ رخ خان سے ٹکر لے چکے ہیں۔ ان کی فلم ’’کے جی ایف‘‘ شاہ رخ خان کی فلم ’’زیرو‘‘ کے ساتھ ریلیز ہوئی تھی۔ ’’زیرو‘‘ بری طرح ناکام ہوئی تھی جبکہ ’’کے جی ایف‘‘ نے کئی ریکارڈ توڑے تھے۔ یاد رہے کہ ’’ڈنکی‘‘ کے ہدایتکار راجکمار ہیرانی ہیں جبکہ ’’زیرو‘‘ کے بعد کنگ خان ایکشن موڈ میں نظر آرہے ہیں۔ امسال انہوں نے ایک ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کا کاروبار کرنے والی ۲؍ فلمیں ’’پٹھان‘‘ اور ’’جوان‘‘ دی ہیں جبکہ پربھاس ’’باہوبلی۔۲‘‘ کے بعد کوئی بھی ہٹ فلم نہیں دے سکے ہیں جن میں ’’ساہو‘‘، ’’رادھے شیام‘‘ اور ’’آدی پروش‘‘ قابل ذکر ہیں۔ قابل غور بات یہ ہے کہ راجکمار ہیرانی اور پرشانت نیل کا کامیابی کا فیصد ۱۰۰؍ فیصد ہے، یعنی دونوں ہی نے اپنے فلمی کریئر میں ایک بھی فلاپ فلم نہیں دی ہے۔