ششی کپور کا نام ایک ایسے اداکار کے طورپر لیا جاتاہےجنہوں نےاپنی رومانوی اداکاری سے تقریباً ۳؍ عشرے تک شائقین کی بھرپور تفریح کی۔ ششی کپور کا اصل نام بلبیر راج کپور تھا۔
EPAPER
Updated: December 04, 2024, 10:56 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai
ششی کپور کا نام ایک ایسے اداکار کے طورپر لیا جاتاہےجنہوں نےاپنی رومانوی اداکاری سے تقریباً ۳؍ عشرے تک شائقین کی بھرپور تفریح کی۔ ششی کپور کا اصل نام بلبیر راج کپور تھا۔
ششی کپور کا نام ایک ایسے اداکار کے طورپر لیا جاتاہےجنہوں نےاپنی رومانوی اداکاری سے تقریباً ۳؍ عشرے تک شائقین کی بھرپور تفریح کی۔ ششی کپور کا اصل نام بلبیر راج کپور تھا۔ ان کی پیدائش ۱۸؍ مارچ ۱۹۳۸ء کو ہوئی تھی۔ ان کا رجحان بچپن سے ہی فلموں کی جانب تھا اور وہ اداکار بننا چاہتے تھے۔ ششی کپور نے اپنے طویل فلمی کریئر کی شروعات اپنے بچپن میں کی تھی۔ ۴۰ء کے عشرےمیں انہوں نے کئی فلموں میں چائلڈ ایکٹر کے طورپر کام کیا۔ ان میں ۱۹۴۸ء میں ریلیز ہوئی فلم ’آگ‘ اور ۱۹۵۱ء کی فلم’آوارہ‘ شامل ہیں جن میں انہوں نے راج کپورکے بچپن کا کردار ادا کیا ہے۔
۵۰ء کے عشرے میں ششی اپنے والد کے تھیٹر سے وابستہ ہوگئے۔ اسی دوران ہندوستان اور شمالی ایشیا کے سفر پر آئے برطانوی ڈراماگروپ شیکسپیئر سے وہ وابستہ ہوگئے جہاں ان کی ملاقات گروپ کےکنوینر کی صاحبزادی جینیفر کینڈال سے ہوئی۔ وہ ان سے محبت کربیٹھے اور بعد میں انہی سے شادی کرلی۔ ششی کپور نے اداکار کے طورپرباقاعدہ شروعات ۱۹۶۱ءمیں یش چوپڑہ کی فلم ’دھرم پتر‘ سے کی۔ اس کے بعد انہیں بمل رائے کی فلم ’پریم پتر‘ میں بھی کام کرنے کا موقع ملا لیکن بدقسمتی سے دونوں ہی فلمیں ناکام ثابت ہوئیں۔
اس کے بعد ششی کپور نے ’مہندی لگی میرے ہاتھ‘، ’ہالی ڈے ان بامبے‘ اور ’بے نظیر‘ جیسی فلموں میں بھی کام کیا لیکن یہ تمام فلمیں کچھ خاص کمال نہیں دکھا سکیں۔ ۱۹۶۵ءمیں ششی کپور کے کریئر نے اہم موڑلیا۔ اس سال ان کی فلم ’جب جب پھول کھلے‘ریلیز ہوئی۔ بہترین نغموں، موسیقی اور اداکاری سے آراستہ اس فلم کی زبردست کامیابی نےششی کپور کے کریئر کو ایک نئی سمت دی۔ ۱۹۶۵ء ہی میں ششی کپور کے کریئر کی ایک اور اہم فلم ’وقت‘ ریلیز ہوئی۔ اس فلم میں ان کےسامنے بلراج ساہنی، راج کمار اور سنیل دت جیسے مشہور اور بہترین اداکاری تھے۔ اس کے باوجود اپنی اداکاری سے شائقین کی توجہ اپنی طرف مبذول کرنےمیں وہ کامیاب رہے۔ ان فلموں کی کامیابی کے بعد ششی کپور کی شبیٖہ رومانوی ہیرو کی بن گئی اور فلمسازوں اور ہدایتکاروں نے بیشتر فلموں میں ان کی اسی شبیٖہ کو کیش کیا۔ ۱۹۶۵ء سے ۱۹۷۶ء کے درمیان کامیابی کے سنہرے دور میں ششی کپور نے جن فلموں میں کام کیا، ان میں زیادہ تر ہٹ ثابت ہوئیں۔ ۸۰ء کے عشرے میں ششی کپور نے فلم پروڈکشن کے میدان میں بھی قدم رکھا اور ’جنون‘ بنائی۔ اس کے بعد انہوں نے ’کل یگ‘، ’۳۶؍چورنگی لین‘، ’وجیتا‘ اور ’اُتسو‘ وغیرہ بھی بنائیں۔ حالانکہ یہ فلمیں باکس آفس پر زیادہ کامیاب نہیں ہوسکیں لیکن ان فلموں کو ناقدین نے کافی پسند کیا۔ ۱۹۹۱ء میں امیتابھ بچن کو لے کر انہوں نے فلم ’عجوبہ‘ بنائی اور ہدایتکاری بھی کی لیکن بے جان اسکرپٹ کی وجہ سے فلم زیادہ کامیابی حاصل نہیں کرسکی۔ حالانکہ یہ فلم بچوں کو بہت پسند آئی۔
ششی کپور کے کریئر میں ان کی جوڑی اداکارہ شرمیلا ٹیگور اور نندہ کے ساتھ کافی پسند کی گئی۔ ان سب کے درمیان ششی کپور نے اپنی جوڑی سپر اسٹار امیتابھ بچن کے ساتھ بھی بنائی اور کامیاب رہے۔ یہ جوڑی سب سے پہلے فلم ’دیوار‘ میں ساتھ نظر آئی۔ بعد میں اس نے ’ایمان دھرم‘، ’ترشول‘، ’شان‘، ’کبھی کبھی‘، ’روٹی کپڑا اور مکان‘، ’سہاگ‘، ’سلسلہ‘، ’نمک حلال‘، ’کالا پتھر‘ اور ’اکیلا‘ میں بھی کام کیا۔
۱۹۸۴ء میں جب ششی کپورکی بیوی جنیفر کی گلے میں کینسر کی وجہ سے موت ہوگئی تو وہ ٹوٹ سے گئے تھے۔ آہستہ آہستہ خود بھی بیمار رہنے لگے۔ ششی کپور نے ۷۹؍ سال کی عمر میں اپنی آخری سانس لی۔ طویل علالت کے بعد اس عظیم اداکار نے ۴؍ دسمبر ۲۰۱۷ء کو اس دنیا کو الوداع کہا۔