ٹی وی شو ’جودھا اکبر ‘ سے اپنے کریئر کا آغاز کرنے والی شائنی دکشت اس وقت چھوٹے پردے کا معروف چہرہ بن چکی ہیں۔ ۲۰۱۳ء سے وہ ٹی وی شوز میں سرگرم ہیں اور اب وہ ’رام پیارے صرف ہمارے ‘ میں بھی نظرآنے والی ہیں۔
EPAPER
Updated: October 05, 2020, 11:16 AM IST | Agency | Mumbai
ٹی وی شو ’جودھا اکبر ‘ سے اپنے کریئر کا آغاز کرنے والی شائنی دکشت اس وقت چھوٹے پردے کا معروف چہرہ بن چکی ہیں۔ ۲۰۱۳ء سے وہ ٹی وی شوز میں سرگرم ہیں اور اب وہ ’رام پیارے صرف ہمارے ‘ میں بھی نظرآنے والی ہیں۔
ٹی وی شو’جودھا اکبر‘سے اپنے کریئر کا آغاز کرنے والی شائنی دکشت اس وقت چھوٹے پردے کا معروف چہرہ بن چکی ہیں۔ ۲۰۱۳ء سے وہ ٹی وی شوز میں سرگرم ہیں اور اب وہ ’رام پیارے صرف ہمارے‘میں بھی نظرآنے والی ہیں۔ امسال ان کا شو ’تیرا کیا ہوگا عالیہ ‘ بھی شروع ہوا تھا۔ شائنی نے ٹی وی شو کے ساتھ فلم اور ویب سیریز میں بھی کام کیا ہے اوروہ اداکاری کا ہنر ہر پلیٹ فارم پر دکھانے میں یقین رکھتی ہیں۔ وہ اسکرین پلے اور اسکرپٹ بھی لکھتی ہیں۔ نمائندہ انقلاب نے ان سے گفتگو کی جسے یہاں پیش کیا جارہاہے
س:’رام پیارے صرف ہمارے‘ کے بارے میں بتائیں اور اس میں آپ کا کردار کیاہے؟
ج: یہ ایک مزاحیہ شو ہے اور اس میں صرف شائقین کو ہنسانے کا کام کیا گیا ہے۔ اس شو میں میرے کردار کا نام چیری ہےجوکہ بہت ہنس مکھ لڑکی ہے لیکن وہ ہر بات کو الٹے طریقے سے کہتی ہے۔ مثلاً وہ شروع کا لفظ آخر میں کہتی ہے اور آخر کا لفظ شروع میں کہتی ہے۔ اس کو مزاحیہ کردار بھی کہہ سکتے ہیں لیکن یہ ایک سنجیدہ کیریکٹر بھی ہے جوکہ مجھے بہت پسند ہے۔
س: کورونا کے ماحول میں یہ شوکس طرح شائقین کی تفریح کرے گا؟
ج: جیسا کہ میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ یہ ایک مزاحیہ شو ہے اور اسے دیکھنےوالے ہنس ہنس کر خود کو بہت اچھا محسوس کریں گے۔کورونا وائرس کی وجہ سے ماحول بہت افسردہ ہے اور سبھی پریشان ہیں۔ یہ شو شائقین کیلئے مرہم کا کام کرےگا۔ اس کے مکالمے بہت مزاحیہ ہیں جنہیں سن کر ہنسی آجائے گی۔ ہم سبھی نے اسے بہت اچھی اداکاری سے سجایا ہے تو دیکھنے والوں کو بہت مزہ آئے گا۔امید کرتی ہوں کہ کورونا وائرس کے اس دور میں ہم لوگوں کے چہروں پر ہنسی لائیں گے۔
س: لاک ڈاؤن اور اس کے بعد کے حالات کیسے رہے؟
ج: لاک ڈاؤن میں کہیں جانا ہوتا نہیں تھااس لئے میں نے گھر پر ہی ڈائٹنگ کرتے ہوئے اپنے وزن کو کم کیا ۔ اس کے ساتھ ہی میں نے اسکرین پلے اور اسکرپٹ لکھی۔ لاک ڈاؤن کے بعد شوٹنگ شروع ہوچکی ہے جوکہ بہت اچھی بات ہے اور ہم سبھی ایک بارپھر مصروف کار ہیں۔ شوٹنگ شروع ہونے کے بعد اب ماحول تھوڑا بوجھل نہیں لگ رہا ہے اور سبھی سیٹ پر خوش نظر آرہے ہیں۔
س: کون سا ٹی وی شوآپ کیلئے ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا؟
ج: زی ٹی وی پر ایک شو آیا تھا جس کا نام زندگی کی مہک تھا ۔ اس میں میں نے اسنیہل کا کردار ادا کیا تھا۔ اس شو کی وجہ سے مجھے انڈسٹری میں بہت اچھی پہچان ملی تھی اور اس میں میرے کردار کو بھی بہت پسند کیا گیا تھا۔ اس شو کے بعد مجھے زیادہ شوز کی پیشکش ہونے لگی۔ اس سے پہلے میں نے ایک اورشو جودھا اکبر کیا تھا۔ حالانکہ یہ میرا پہلا شو تھا اور اس میں بھی مجھے کافی شہرت ملی تھی۔
س:فلم اور ویب سیریز کے بارے میں کیا کہنا ہے ؟
ج: میں نے ۵؍ویب سیریز میں کام کیا ہے اور مجھے اس کا بہت اچھا تجربہ رہا ہے۔ویب سیریز کی کہانی اگر اچھی ہوتو اس میں کام کرنے میں بہت مزہ آتا ہے۔ امید کرتی ہوں کہ میں آئندہ بھی ویب سیریز میں نظر آؤں۔ میں ٹی وی شوز کے ساتھ ساتھ فلموں اور ویب سیریز میں بھی کام کرتی رہتی ہوں ۔ اداکاری میرا پیشہ ہے اور میں سبھی پلیٹ فارم اس کا اظہارکرنا چاہتی ہوں۔
س: اداکاری کے ساتھ ساتھ اور کیا کرنا پسند ہے؟
ج: ماڈلنگ مجھے پسند نہیں ہے اور اس میں میں دلچسپی بھی نہیں لیتی ہوں۔ ایکٹنگ میں مہارت ہے اورمیں مختلف پلیٹ فارم سے اس کا اظہار کرتی ہوں۔ ان کے ساتھ ہی مجھے لکھنے کا بہت شوق ہے اور میں اسکرپٹ ، کہانیاں اور اسکرین پلے لکھتی رہتی ہوں۔
س: شو بز انڈسٹری میں صلاحیت ضروری ہے یا سفارش ؟
ج: میرے خیال میں صلاحیت بہت اہمیت رکھتی ہے۔ اگر سفارش ہی کام آتی تو امیتابھ بچن کے بیٹے ابھیشیک بچن بھی آج سپراسٹار ہوتے۔ اگر آپ کے پاس میں صلاحیت ہے اور آپ کی قسمت اچھی ہے تو آپ کو انڈسٹری میں سپراسٹار بننے سے کوئی بھی نہیں روک سکتا۔ صلاحیت کے بغیر کوئی بھی شخص کامیاب نہیں ہوسکتا چاہے وہ کتنی ہی سفارشیں لے آئے۔ میرے خیال میں صلاحیت کی بنیادپر کوئی بھی شخص کامیاب ہوسکتاہے۔