ممبئی پولیس کی ٹیم اُجین اور کھنڈوہ میں خیمہ زن، قتل کی ذمہ داری لینے کا فیس بک پوسٹ کرنے والےشبھم لونکر اور سازش میں شامل ذیشان اختر کی بھی تلاش
EPAPER
Updated: October 14, 2024, 11:38 PM IST | Mumbai
ممبئی پولیس کی ٹیم اُجین اور کھنڈوہ میں خیمہ زن، قتل کی ذمہ داری لینے کا فیس بک پوسٹ کرنے والےشبھم لونکر اور سازش میں شامل ذیشان اختر کی بھی تلاش
این سی پی کے سینئر لیڈر اور سابق ایم ایل اے بابا صدیقی کے قتل میں ملوث فرار اور مطلوبہ ملزمین کو تلاش کرنے اور انہیں دھر دبوچنے کیلئے کرائم برانچ کی جو ۱۵؍ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ان میں سے ۵؍ ٹیمیں پنجاب کے جالندھر ،مہاراشٹر کے پونے اورجلگاؤں ، مدھیہ پردیش کے اجین اور کھنڈوہ اور اتر پردیش کے بہرائچ میں خیمہ زن ہیں۔ باباصدیقی پر گولی چلانےوالے شیو کمار اور فیس بک پر حملے کی ذمہ داری قبول کرنےوالے شبھم لونکر کے تعلق سے پولیس کو شبہ ہے کہ وہ مدھیہ پردیش میں روپوش ہوگئے ہیں۔ان کی تلاش بطور خاص اجین اور کھنڈوہ کے مذہبی مقامات پر کی جارہی ہے۔
اہم بات یہ ہے کہ ۳۶؍ گھنٹے گزر جانے کے بعد بھی پولیس تفتیش میں صرف اتنی پیش رفت کرسکی ہے کہ اس نے اتوار کی رات پونے سے پروین لونکر کو گرفتار کیا اور ۲۱؍ اکتوبر تک ریمانڈ حاصل کرلی۔ پولیس ذرائع کے مطابق سابق وزیر بابا صدیقی پر ۶؍ راؤنڈ فائرنگ کرنے والا ملزم شیو کمار جس کے خلاف کسی بھی پولیس اسٹیشن میں کوئی مجرمانہ کیس نہیں ہے، مذہبی ذہنیت کا حامل ہے اس لئے ممکن ہے کہ وہ فرار ہو کر کسی مذہبی مقام پر چھپاہوا ہو ۔ شیو کمار کو تلاش کرنے کیلئے کرائم برانچ اتر پردیش اور مدھیہ پر دیش پولیس سے رابطہ میں ہے ساتھ ہی دونوں ہی ریاستوں میں کرائم برانچ کی الگ الگ ٹیمیں پہنچ چکی ہیں۔ شیو کمار کو بطور خاص اومکیشور اور مہاکال جیسے مذہبی مقامات پر تلاش کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔
اس کیس سے ایک نیانام ۲۲؍ سال کے محمد ذیشان اختر کا بھی جڑ گیا ہے۔ الزام ہے کہ بابا صدیقی کے قتل کی سازش تیار کرنے میں اس کا کلیدی رول ہے، پولیس اسے ماسٹر مائنڈ کے طور پر دیکھ رہی ہے ۔۲۳؍ سال کا ذیشان پنجاب کے جالندھر کا رہنے والا ہے اور اس کے خلاف پنجاب کی الگ الگ پولیس اسٹیشنوں میں قتل ،اقدام قتل اور ڈکیتی کے ۷؍ سنگین معاملے درج ہیں ۔