Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

سالگرہ مبارک:آج کے دور میں ملک کی بہترین گلوکارہ شریا گھوشال

Updated: March 12, 2025, 12:10 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

 شریا گھوشال ہندوستانی موسیقی کی دنیا کا ایک چمکتا ہوا ستارہ ہیں۔ ان کی سریلی آواز، منفرد انداز اور بے مثال گائیکی نے انہیں ملک کی بہترین گلوکاراؤں میں شامل کر دیا ہے۔

Shreya Ghoshal, the queen of charming voice. Photo: INN
دلکش آواز کی ملکہ شریا گھوشال۔ تصویر: آئی این این

 شریا گھوشال ہندوستانی موسیقی کی دنیا کا ایک چمکتا ہوا ستارہ ہیں۔ ان کی سریلی آواز، منفرد انداز اور بے مثال گائیکی نے انہیں ملک کی بہترین گلوکاراؤں میں شامل کر دیا ہے۔ شریا نہ صرف بالی ووڈ بلکہ تمل، تیلگو، بنگالی، ملیالم، مراٹھی اور دیگر کئی زبانوں میں اپنی مدھر آواز کا جادو جگا چکی ہیں۔ 
 شریا گھوشال ۱۲؍مارچ ۱۹۸۴ءکوپیدا ہوئیں۔ ان کے والد بسواجیت گھوشال انجینئرتھےاور والدہ سمیرا گھوشال کو موسیقی سے گہرا لگاؤتھا۔ شریا بچپن ہی سے موسیقی کی طرف مائل تھیں اور ان کی والدہ نے ہی ان کی ابتدائی تربیت کی۔ شریا نے۴؍سال کی عمر میں موسیقی کی ابتدائی تربیت لینا شروع کی۔ ۶؍سال کی عمر میں انہوں نے باقاعدہ کلاسیکی موسیقی کی تعلیم لینا شروع کی۔ جب وہ اپنے خاندان کےساتھ راجستھان منتقل ہوئیں تو وہاں انہوں نے موسیقار مہیش چندر شرما سے موسیقی کی تربیت لی۔ بعدمیں، انہوں نے مکیش چتر ویدی سے مزید موسیقی سیکھی۔ شریا کی والدہ انہیں مختلف میوزک کمپٹیشن میں لےجایا کرتی تھیں، جہاں ان کی آواز کو بے حد سراہا گیا۔ 
 شریا گھوشال کی زندگی کا سب سے بڑا ٹرننگ پوائنٹ ۱۹۹۶ء میں آیا جب انہوں نے زی ٹی وی کے مشہور شو’سا رے گا ما پا‘میں حصہ لیا اور جیت حاصل کی۔ جب سنجے لیلا بھنسالی کی والدہ نے’سا رے گا ما پا‘پر شریا کی جادوئی آواز سنی تو وہ بے حد متاثر ہوئیں اور اپنے بیٹے کو شریا کے بارے میں بتایا۔ سنجے لیلا بھنسالی اس وقت فلم ’دیوداس‘بنا رہے تھے اور وہ چاہتے تھے کہ فلم میں ایک نئی، کلاسیکی موسیقی سے آراستہ آواز ہو۔ شریا گھوشال نے ۲۰۰۲ءمیں فلم ’دیوداس‘سے بالی ووڈ میں قدم رکھا۔ انہوں نے فلم کے۵؍گانے گائے، جن میں ’بیری پیا‘، ’چلک چلک‘، ’ڈولا رے ڈولا‘، ’سلسلہ یہ چاہت کا‘ اور’بھیگی بھیگی‘ شامل تھے۔ ان گانوں نے نہ صرف سامعین کا دل جیت لیا بلکہ انہیں فلم فیئر اور نیشنل ایوارڈ بھی دلوایا۔ 
 ان کی ذاتی زندگی کی بات کی جائےتو۲۰۱۵ءمیں انہوں نے شلیندر سنگھ سے شادی کی، جو ان کےکالج کے دوست تھے۔ ان کے ہاں ۲۰۲۱ءمیں بیٹے کی پیدائش ہوئی، جس کا نام دیویانش رکھا گیا۔ 
 شریاکو اپنے کیریئر میں بے شمار ایوارڈز ملے ہیں، جن میں ’۴؍ نیشنل فلم ایوارڈز، ۷؍فلم فیئر ایوارڈز (بہترین پلے بیک سنگر)، بہترین گلوکارہ کے لیے کئی آئیفا اور زی سنے ایوارڈزشامل ہیں۔ 
 ان کے قابل ذکر ایوارڈس کی بات کی جائے تو انہیں فلم ’دیوداس‘ کے لیے پہلافلم فیئر ایوارڈ برائے بہترین نئی گلوکارہ ۲۰۰۳ء میں دیا گیا۔ اس کے بعد۲۰۱۳ءمیں فلم عاشقی۲؍ کے گانے’سن رہا ہے‘ کیلئے نیشنل فلم ایوارڈ دیا گیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے عالمی سطح پر بھی شناخت حاصل کی ہے جس کےتحت قابل ذکر بات یہ ہے کہ۲۰۱۰ء میں امریکہ میں ’شریاگھوشال ڈے‘ منایا گیا، جو ان کی عالمی مقبولیت کو ظاہر کرتا ہے۔ ۲۰۲۰ءمیں فوربس انڈیا نے انہیں ’ٹاپ۱۰۰؍ سیلیبریٹیز‘ میں شامل کیا۔ اس کے علاوہ وہ کئی بین الاقوامی شوز اور کنسرٹس میں پرفارم کر چکی ہیں۔ آج بھی، شریا گھوشال کا نام بہترین پلے بیک گلوکاروں میں شمار ہوتا ہے اور وہ مسلسل بہترین گیتوں سے اپنے مداحوں کے دل جیت رہی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK