Updated: February 05, 2025, 6:04 PM IST
| Mumbai
فلم ’’اسکائی فورس‘‘ کے اداکار ویر پہاڑیا نے اسٹینڈ اپ کامیڈین پرنیت مورے سے معافی مانگ لی اور کہا کہ ان کا اس معاملے میں کوئی دخل نہیں ہے۔ واضح رہے کہ شولاپور میں شو کے دوران پرنیت مورے نے ویر پہاڑیا پر لطیفہ سنایا تھا، شو ختم ہونے کے بعد ۱۱سے ۱۲؍ افراد نے کامیڈین کو زدوکوب کیا جس سے وہ زخمی ہوگئے۔
پرنیت مورے اور ویر پہاڑیا۔ تصویر: آئی این این
حال ہی میں ریلیز ہوئی فلم ’’اسکائی فورس‘‘ کے اداکار ویر پہاڑیا نے کامیڈین پرنیت مورے سے عوامی طور پر معافی مانگ لی ہے۔ ویر پہاڑیا نے کامیڈین پرنیت مورے کے اس بیان کے بعد ایک بیان جاری کیا ہے کہ حال ہی میں اداکار کا مذاق اڑانے پر ایک’’ `گینگ‘‘ نے ان پر حملہ کیا تھا۔ انسٹاگرام پرپرنیت نے بتایا کہ شولاپور میں ان کے شو کے بعد تقریباً۱۲؍ افراد کا ایک گروپ ان کے پاس آیا، اور انہیں زدوکوب کیا جس سے پرنیت زخمی ہوگئے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پولیس نے ان کی مدد نہیں کی اور کلب نے ثبوت کے طور پر سی سی ٹی وی فوٹیج شیئر کرنے سے انکار کردیا۔ نوٹ کے ایک اقتباس میں لکھا گیا’’اس حملے کا سرغنہ تنویر شیخ تھا اور اس کے گینگ نے واضح کیا کہ وہ ایسا کیوں کر رہے ہیں۔ وہ ویر پہاڑیا کے بارے میں مذاق کرنے پر پرنیت کو خاموش کرنا چاہتے تھے۔ ان میں سے ایک نے تو دھمکی بھی دی کہ ’’اگلی بار ویر پہاڑیا بابا پہ جوک مارکے دکھا۔ ‘‘یہ ایک کھلی دھمکی تھی کہ اگر اس نے دوبارہ ویر پر جوک سنایا تو اس کے بدتر نتائج سامنے آسکتے ہیں۔ ٹیم نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے ممبئی سے آن لائن شکایت درج کرائی ہے۔
پوسٹ ڈالے جانے کے چند گھنٹے بعدویر پہاڑیا نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر عوامی معافی نامہ شیئر کیا۔ ویر نے لکھا کہ ’’کامیڈین پرنیت مور ےکے ساتھ جو کچھ ہوا اس سے میں واقعی حیران اور غمزدہ ہوں۔ میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ میرا اس میں کوئی دخل نہیں تھااور میں کسی بھی قسم کے تشدد کی سختی سے مذمت کرتا ہوں۔ میں نے ہمیشہ ان لوگوں کی بھی عزت کی ہے جنہوں نے مجھے ٹرول کیا ہےاور یہاں تک کہ اپنے ناقدین سے بھی محبت کا اظہار کیا ہے۔ میں کبھی بھی کسی کو نقصان پہنچانے کی حوصلہ افزائی نہیں کروں گا اور نہ ہی حمایت کروں گا۔ ‘‘بتا دیں کہ ویر پہاڑیا شیکھر پہاڑیا کے بھائی اور مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ سشیل کمار شندے کے پوتے ہیں۔ ویر پہاڑیا نے اکشے کمار کی اسکائی فورس سے اپنی اداکاری کا آغاز کیا۔ اس فلم میں انہوں نے آئی اے ایف افسر کا کردار ادا کیا تھا۔