• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’کوئی سینئر ساتھی تعریف کردے تو آپ کی ذمہ داری بڑھ جاتی ہے‘‘

Updated: November 24, 2024, 3:57 PM IST | Abdul Karim Qasim Ali | Mumbai

فلم اور ویب شو اداکارہ اسنیہا پال کا کہنا ہےکہ مجھے اس بات سے بہت خوشی ہے کہ میں نے انوپم کھیر اور مہیما چودھری جیسے اہم فنکاروں کے ساتھ اسکرین شیئر کیا ہے۔

Sneha Paul. Photo: INN
اسنیہا پال۔ تصویر : آئی این این

گزشتہ ماہ ریلیز ہونے والی ویب فلم ’سگنیچر‘ میں نلنی کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ اسنیہا پال نے اس رول کیلئے بہت محنت کی تھی۔ انہوں نے اس کیلئے اپنا وزن بھی کم کیا تھا۔ انہوں نے اس فلم میں انوپم کھیر کی بہو کا رول نبھایا تھا۔ اسنیہا کی پیدائش اور پرورش کولکاتامیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کولکاتا میں تعلیم مکمل کرنے کے بعد ایکٹنگ کے شعبے میں اپنی قسمت آزمانے کا فیصلہ کیا۔ اداکاری کے ساتھ ہی انہوں نے ماڈلنگ میں بھی قسمت آزمائی۔ وہ ایک سوشل میڈیا انفلوئنسر بھی ہیں۔ انہوں نے اُلّو چینل کیلئے کام کیا ہے۔ ویب فلم سگنیچر میں انوپم کھیر کے ساتھ ہی مہیماچودھری بھی تھیں۔ اس فلم کیلئے اسنیہا کو ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ نمائندہ انقلاب نے اسنیہا پال سے بات چیت کی ہے جسے یہاں پیش کیا جارہا ہے:
فلم ’سگنیچر‘ کیلئے آپ کو بہترین ڈیبیوٹنٹ کا ایوارڈ ملا ہے، اس کے بارے میں آپ کا کیا کہنا ہے؟
 ج: مجھے بہت خوشی ہورہی ہے کہ میری پہلی ویب مووی کیلئے مجھے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ بہت اچھا لگتاہے جب آپ کی محنت اور صلاحیت کو اس طرح سے پزیرائی ملتی ہے۔ اس بات کی بھی خوشی ہے کہ میں اس فلم کا حصہ بنی کیونکہ اس فلم میں میرے کردار کی پزیرائی پوری دنیا میں ہورہی ہے۔ پوری فلم میں اچھا فوٹیج ملا اور سب سے اچھی بات یہ ہے کہ میں نے تجربہ کار اداکاروں کے ساتھ کام کیا ہے۔ یہ ایوارڈ ملنے کے بعدایسا لگتاہے کہ اب میری ذمہ داری بڑھ گئی ہے۔ 
 یہ فلم کس طرح ملی اور اس رول کی تیاری کس طرح کی ؟
 ج: فلم کی کاسٹنگ ٹیم انوپم کھیر کی بہو کیلئے ایک اداکارہ کی تلاش کررہی تھی اور اس کیلئے آڈیشن لے رہی تھی۔ میں نے بھی آڈیشن دیا اور اس میں کامیاب بھی رہی۔ آڈیشن دینے کے بعد ٹیم کو جس طرح کی بہو اس فلم کیلئے چاہئے تھا، وہ ساری چیزیں مجھ میں تھیں۔ آدیشن کے بعد انہوں نے مجھ سے کہا کہ آپ اس رول کیلئے پوری طرح فٹ ہیں۔ مجھے یہ سن کر بہت اچھا لگا اور دو روز انتظار کرنے کے بعد پروڈکشن ہاؤس سے فون آگیا کہ اس رول کیلئےمنتخب ہوگئی ہوں۔ اس کے بعد میں نے اس کردار کیلئے تھوڑا وزن کم کیا اور اس کی بھرپور تیاری کی۔ میں خوش تھی کہ مجھے انوپم کھیر اور مہیما چودھرے جیسے اچھے اور بڑے اداکاروں کے ساتھ کام کرنے کا موقع مل رہا تھا۔ 
 اتنے بڑے اداکاروں کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ کیسا رہا؟
  ج: شوٹنگ کے پہلے دن تو میں بہت خوفزدہ اور نروس تھی کیونکہ اتنے بڑے اور منجھے ہوئے اداکاروں کے ساتھ کام کرنے کازیادہ تجربہ نہیں تھا۔ انوپم کھیر اور مہیماچودھری نے مجھ سے کہاکہ زیادہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ سبھی چیزیں آسانی سے ہوجائیں گی۔ ان کے علاوہ دیگراداکاروں نے بھی یہی کہا۔ اس طرح میرا کام آسان ہوگیا اور میں نے بہتر انداز میں اپنی شوٹنگ مکمل کی۔ ان سبھی کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بہت اچھا تھا اور ان سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع بھی ملا۔ میں اس بات پر ناز کرسکتی ہوں کہ انڈسٹری میں میرا آغاز بہت اچھا ہوا ہے۔ 
 انوپم کھیر کے ساتھ کوئی یادگار واقعہ آپ ہم کو بتانا چاہیں گی؟
 ج: ہم نے انوپم کھیر کو بچپن ہی سے اسکرین پر دیکھا ہے اور ان کی فلم دیکھ کر ہی بڑے ہوئے ہیں۔ شوٹنگ کے پہلے دن ان کے ساتھ میرا ایک منظر تھا، جب میں ان کے سامنے کھڑی ہوئی تو میری آواز ہی نہیں نکل رہی تھی۔ میں بالکل سُن تھی اورسمجھ میں نہیں آرہا تھا کہ کیا کروں ؟ اس وقت انوپم کھیر نے ایک استاد کی طرح مجھے سمجھایا کہ اتنا گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے اور یہ سمجھو کہ میں بھی تمہاری ہی طرح ایک اداکار ہوں۔ ان کی حوصلہ افزائی کے بعدمیں نے اپنا شاٹ پورا کیا۔ اس کے بعد انہوں نے پوری فلم میں میری مدد کی اور میرے کیریکٹر کی باریکی کے بارے میں بھی بتاتے رہے۔ میں بے حد خوش ہوں کہ میں نے اتنے بڑے اداکار کے ساتھ اسکرین شیئر کیاہے۔ 
ہدایتکار گجیندر اہیر کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ کیسا رہا؟
 ج: ہدایتکار گجیندر اہیر نے اس فلم میں میرے کام کو آسان بنا دیا تھا۔ انہوں نے میرے کردار کو بہتر انداز میں سمجھایا تھا اور اس کے بعد ان کا ڈائریکشن کا طریقہ بھی بہت اچھا تھا۔ وہ ہر چیز کو فوری طورپر انجام دیتے تھے اور کسی بھی بات کو بہت باریکی سے دیکھتے تھے۔ میں ایک واقعہ ضرور بتانا چاہوں گی۔ ایک دن میں سیٹ پر ریہرسل کررہی تھی کہ وہ اچانک آگئے۔ انہوں نے مجھ سے کہاکہ آپ ریہرسل کریں میں دیکھتا ہوں۔ میری تیاری کے دوران انہوں نے کب شوٹنگ پوری کرلی مجھے پتہ ہی نہیں چلا۔ اس کے بعد میں نے شاٹ کیلئے کہا توانہوں نے کہاکہ شاٹ تو ہوگیااور مجھے جو چاہئے تھا وہ مل گیا۔ میں حیران رہ گئی کہ انہوں نے کس طرح یہ انجام دیا۔ بہرحال وہ بہت اچھے اسٹوری نیریٹر بھی ہیں۔ ان کے ساتھ کام کر کے بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔ 
کیا آپ بھی اوٹی ٹی کی سپراسٹار بنتی جارہی ہیں ؟
 ج:جی نہیں ، ابھی ا س کیلئے بہت وقت ہے۔ میں تو خود ابھی او ٹی ٹی پر سیکھنے کے مراحل میں ہوں۔ میرے خیال میں، میں اب بھی او ٹی ٹی کی سپراسٹار کہلانے سے کافی دور ہوں۔ ہاں یہ کہنا چاہوں گی کہ میرے کام کی پزیرائی شائقین کرتے ہیں اور ان کو میری اداکاری اچھی لگتی ہے۔ ا س فلم سے قبل میری ایک اور ویب سیریز ریلیز ہوئی تھی اور وہ بھی کافی کامیاب رہی تھی۔ اس میں بھی میرے کام کی تعریف ہوئی تھی۔ 
شوٹنگ کے دوران جب ساتھ میں کام کرنے والے سینئر اداکار آپ کے کام کی تعریف کرتے تھے تو وہ سب سن کر کیسا لگتا تھا؟
 ج: بہت اچھا لگتا تھا اورخوشی ہوتی تھی کہ سینئر ایکٹر میرے کام کی تعریف کررہے ہیں۔ اگر کوئی معاون اداکار آپ کے کام کی تعریف کرے تو آپ کو اپنا رول نبھانے میں دلچسپی پیدا ہوتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی زیادہ کام کرنے کا حوصلہ ملتاہے۔ ایک دو شاٹ کے دوران مہیماچودھری نے میرےمکالموں اور ایکٹنگ کی تعریف کی تھی۔ یہ سننے کے بعد میں نے اپنے کام کو مزیدبہتر انداز میں کیا۔ اگر ایسا کوئی کرتاہے تو چیلنجنگ رول بھی ہمارے لئے آسان ہوجاتاہے۔ بہرحال مجھے اس بات کی بے حد خوشی ہےکہ اتنے اچھے اداکاروں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ 
 آپ کے اگلے پروجیکٹس کون سے ہیں ؟
 ج: میں جنوبی ہند کی ایک فلم میں کام کررہی ہوں۔ وہ فلم بھی جلد ریلیز ہونے والی ہے۔ اس کے ساتھ ہی میں آئندہ سال بالی ووڈکی فلم میں بھی نظرآؤں گی۔ اس کے بعد دیکھتے ہیں کہ قسمت میں اور کون سی فلم یا ویب شو ہے۔ بہرحال میں چاہوں گی کہ میں اچھے رول کروں اور اپنے کام سے شائقین کو تفریح فراہم کروں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK