سوہا نے اپنی ابتدائی تعلیم دی برٹش اسکول نئی دہلی میں حاصل کی۔ اس کے بعد آکسفورڈ یونیورسٹی سے تاریخ میں گریجویشن کیا اور ماسٹرس کی ڈگری لندن اسکول آ ف اکنامکس سے حاصل کی ہے۔
EPAPER
Updated: October 04, 2024, 11:49 AM IST | Mumbai
سوہا نے اپنی ابتدائی تعلیم دی برٹش اسکول نئی دہلی میں حاصل کی۔ اس کے بعد آکسفورڈ یونیورسٹی سے تاریخ میں گریجویشن کیا اور ماسٹرس کی ڈگری لندن اسکول آ ف اکنامکس سے حاصل کی ہے۔
بالی ووڈ اداکارہ سوہا علی خان ۴۵؍ سال کی ہوگئیں۔ سوہا علی خان کی پیدائش ۴؍ اکتوبر ۱۹۷۸ء کو نئی دہلی میں ہوئی تھی۔ سوہا کے والد منصور علی خان پٹودی کرکٹرتھے جبکہ ان کی والدہ شرمیلاٹیگور اداکارہ ہیں۔ جبکہ ان کے بھائی سیف علی خان بھی ایک مشہور اداکار ہیں اور ان کی بھابھی کرشمہ کپور خان بھی ایک مشہور اداکارہ رہی ہیں جبکہ ان کی بھتیجی سارہ علی خان بھی ایک مشہور اداکارہ بن چکی ہیں اور کئی فلموں سے نام کما چکی ہیں۔ سوہا نے اپنی ابتدائی تعلیم دی برٹش اسکول نئی دہلی میں حاصل کی۔ اس کے بعد آکسفورڈ یونیورسٹی سے تاریخ میں گریجویشن کیا اور ماسٹرس کی ڈگری لندن اسکول آ ف اکنامکس سے حاصل کی ہے۔
انہوں نےاپنے اداکاری کے کریئرکا آغاز رومانوی مزاحیہ فلم دل مانگے مور (۲۰۰۴ء) سے کیا تھا اس فلم میں ان کے مقابل شاہد کپور تھے۔ اور ڈراما فلم رنگ دے بسنتی (۲۰۰۶ء)میں اپنے کردار کے لیے سب سے زیادہ جانی جاتی ہیں ، جس کے لیے انھیں فلم فیئر اعزاز برائے بہترین معاون اداکارہ کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔ فلم ’رنگ دے بسنتی‘ باکس آفس پر ہٹ ثابت ہوئی۔ اس کے بعد انہوں نے بنگالی فلم ’انتر محل‘ جیسی فلم کی۔ اس کے بعدوہ سدھیرمشرا کی فلم ’کھویا کھویا چاند‘ میں نظر آئیں۔ حالانکہ یہ فلم کچھ خاص نہیں چلی لیکن ناقدین نے ان کی اداکاری کی تعریف ضرور کی تھی۔ اس کے بعد ۲۰۰۹ء میں انہوں نے فلم ’۹۹‘ میں کام کیا۔ ان کی اگلی فلم ’تم ملے‘ تھی جس میں ان کے مد مقابل عمران ہاشمی نے اہم رول ادا کیا تھا۔ انہوں نے ایک گیم شو ’گودریج کھیلوجیتو جیو‘ کی میزبانی بھی کی ہے۔ انہوں نے ’مسٹر جو بی کاروالہو‘ میں بھی کام کیا ہے۔
انہوں نے ایک کتاب ’دی پیرلس آف بیئنگ موڈریٹلی فیمس‘ بھی لکھی ہے جس میں انہوں نے اپنی زندگی میں پیش آنے والے واقعات کو مزاحیہ انداز میں پیش کیا ہے۔ یہ کتاب ۲۰۱۷ء میں منظر عام پر آئی تھی۔ ۲۰۱۷ء ہی میں انہوں نے ’سائونڈ پروف‘ نامی شارٹ فلم میں کام کیا تھا۔ اس فلم کو مختلف فلم فیسٹیول میں نمائش کیلئے پیش کیا گیا اور اس نے نیو یارک انڈین فلم فیسٹیول، انڈین فلم فیسٹیول آف ہائوسٹن، اوٹاوا انڈین فلم فیسٹیول ایوارڈ، اس کے علاوہ انٹرنیشنل ڈاکیومنٹری اینڈ شارٹ فلم فیسٹیول آف کیرالامیں اسے بیسٹ شارٹ فکشن کا ایوارڈ دیا گیاجبکہ بیلگام انٹرنیشنل شارٹ فلم فیسٹیول میں بھی اسے ایوارڈ دیا گیا۔ سوہا نے کنال کھیمو سے ۲۰۱۵ء میں شادی کر لی جبکہ ۲۰۱۷ء میں ایک بچی کو جنم دیا۔ سوہا نےاپنے فلمی کریئر کے دوران اب تک تقریباً ۳۰؍فلموں میں کام کیا ہے۔ ان فلموں میں ’شادی نمبر وَن‘، ’دل کبڈی‘، ’۹۹‘، ’صاحب بیوی اور گینگسٹر‘، ’گوگوا گون‘، ’۳۱؍ اکتوبر‘ اور ’گھائل وَنس اگین‘ شامل ہیں۔