• Fri, 20 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

سہیل خان صرف سلمان کے بھائی نہیں خود بھی اہم شخصیت ہیں

Updated: December 20, 2024, 4:23 PM IST | Agency | Mumbai

بالی ووڈ میں سہیل خان کا شمار ایسےاداکار اور ہدایتکار کے طور پرہوتا ہے کہ جنہوں نے اپنے فلمی مداحوں کے دلوں میں ایک منفرد شناخت بنائی۔ 

Famous filmmaker, director and actor Sohail Khan. Photo: INN
مشہور فلمساز، ہدایت کار اوراداکار سہیل خان۔ تصویر: آئی این این

بالی ووڈ میں سہیل خان کا شمار ایسےاداکار اور ہدایتکار کے طور پرہوتا ہے کہ جنہوں نے اپنے فلمی مداحوں کے دلوں میں ایک منفرد شناخت بنائی۔ سہیل خان ۲۰؍دسمبر۱۹۷۲ء کو ممبئی میں معروف اسکرپٹ رائٹرسلیم خان کے یہاں پیدا ہوئے۔ گھر میں فلمی ماحول کی وجہ سے سہیل خان بھی فلم انڈسٹری میں کام کرنے کے خواہش مند تھے۔ 
 سہیل خان نے فلم انڈسٹری میں اپنے کریئر کی ابتدا بطور ہدایتکار ۱۹۹۷ءمیں فلم ’اوزار‘ سے کی۔ اس فلم میں ان کے بڑے بھائی سلمان خان اورسنجے کپور کے علاوہ شلپا شیٹی نے اہم کردار ادا کئےتھے۔ کمزور کہانی کی وجہ سے یہ فلم باکس آفس پر کوئی خاص کمال نہیں دکھا سکی۔ ۱۹۹۸ء میں سہیل خان نے اپنے بھائی سلمان خان اورارباز کے ساتھ ایک رومانی فلم ’پیارکیا تو ڈرنا کیا‘ بنائی۔ اس فلم میں کاجول سلمان خان کی ہیروئن تھیں۔ یہ فلم باکس آفس پر ہٹ ثابت ہوئی۔ اس فلم کے بعد سہیل خان فلم انڈسٹری میں اپنی شناخت بنانے میں کامیاب رہے۔ ۱۹۹۹ء میں سہیل خان نے ایک مرتبہ پھراپنے بھائی سلمان خان اور ارباز خان کو لے کر فلم ’ہیلو برادر‘ بنائی لیکن اس بار وہ شائقین کی پسندپرپورے نہیں اتر پائے۔ سہیل خان فلم ہدایتکار کےعلاوہ اداکار بننےکی بھی خواہش رکھتےتھے۔ اسی حسرت کو پورا کرنے کے لئے انہوں نے ۲۰۰۲ء میں فلم’ میں نے دل تجھ کو دیا ‘ سے بطور اداکار اپنے کریئر کا آغاز کیا۔ حالانکہ یہ فلم باکس آفس پر کوئی خاص کمال نہیں دکھا سکی۔ 
 اس کے علاوہ سہیل خان نے ’ڈرنا منع ہے‘، ’لکیر‘، ’میں نے پیار کیوں کیا‘، ’آئرن‘، ’سلام عشق‘، ’گاڈ توسی گریٹ ہو‘، ’کسان‘، ’مسز کھنہ‘ اور ’ویر‘ جیسی فلموں میں کام بھی کیا لیکن بطور ہیرو انہیں اتنا پسند نہیں کیا گیا۔ ۲۰۰۵ء میں سہیل خان نے ’میں نے پیار کیوں کیا‘ پروڈیوس کی۔ اس فلم میں سلمان خان، کترینہ کیف اور سشمتا سین کے اہم کردارتھے۔ یہ کامیڈی فلم ناظرین کو بہت پسند آئی۔ اس فلم کی کامیابی کے بعد سہیل خان نے فلم ’پارٹنر‘ کے ذریعہ کامیڈی میں ہاتھ آزمایا۔ یہ فلم باکس آفس پر ہٹ رہی۔ ۲۰۱۱ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’ریڈی‘ سہیل خان(فلمساز) کےکریئر کی اب تک کی سب سے کامیاب فلم شمار کی جاتی ہے۔ سلمان خان اور اسین کی جوڑی والی اس فلم نے زائد از ۱۰۰؍ کروڑ روپے کا کاروبار کیا۔ سہیل خان کی فلم ’جے ہو‘ (فلمساز) ۲۰۱۴ء میں ریلیز ہوئی۔ فلم نے۱۰۰؍کروڑ روپے سے زیادہ کی کمائی کی۔ سہیل خان نے فلم ’ٹیوب لائٹ‘ میں بھی کام کیا لیکن فلم کوئی خاص کمال نہیں دکھا سکی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK