Updated: April 24, 2025, 10:36 PM IST
| Mumbai
اداکارہ سوناکشی سنہا نے پہلگام میں ہونے والے ہولناک دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ سوناکشی نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ دہشت گردوں کا مقصد صرف جان لینا نہیں تھا، بلکہ وہ ہندوؤں کو مسلمانوں کے خلاف کرنا چاہتے تھے۔ اگر ہم ایسا کرتے ہیں تو یہ اُن کی جیت ہوگی۔
سوناکشی سنہا۔ تصویر: آئی این این۔
اداکارہ سوناکشی سنہا نے پہلگام میں ہونے والے ہولناک دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ سوناکشی نے اپنے انسٹاگرام اسٹوری پر نیشنلسٹ کانگریس پارٹی ( این سی پی ) کے ترجمان انیش گاونڈے کی ایک پوسٹ شیئر کی جس میں اس حملے کو’’نفرت پھیلانے کی منظم مہم‘‘ قرار دیا گیا تھا۔ سوناکشی کی جانب سے شیئر کی گئی پوسٹ میں کہا گیا کہ دہشت گردوں کا مقصد صرف جان لینا نہیں تھا، بلکہ وہ لوگوں کے درمیان بداعتمادی پیدا کرنا چاہتے تھے۔ ہندوستانی ہندوؤں کو ہندوستانی مسلمانوں کے خلاف کرنا چاہتے تھے۔ برادریوں کو توڑنا چاہتے تھے۔ ہمسایوں اور دوستوں کے درمیان زہر گھولنا چاہتے تھے۔ ‘‘انیش گاونڈے نے واضح الفاظ میں لکھا، ’’یہ ایک منظم اور منصوبہ بند مہم ہے۔ ہمیں بطور ہندوستانی سوگ منانے کے بجائے، بطور ہندو سوگ منانے کو کہا جا رہا ہے۔ ہمیں اتحاد کے بجائے مذہب کی بنیاد پر تقسیم کیا جا رہا ہے۔ ‘‘
پوسٹ کے آخر میں گاونڈے نے لکھا، ’’لیکن اگر ہم اس غم کو ایک دوسرے کے خلاف استعمال ہونے دیں تو یہ دہشت گردوں کی آخری جیت ہوگی اور ہمیں انہیں جیتنے نہیں دینا چاہئے۔ ‘‘سوناکشی نے بھی اسی بات کو دہراتے ہوئے اپنے مداحوں سے کہا کہ وہ مکمل پوسٹ پڑھیں اور لکھا، ’’ہمیں انہیں جیتنے نہیں دینا چاہئے۔ ‘‘جہاں سوناکشی نے پہلگام حملے پر ردعمل دیا، وہیں ان کے شوہر ظہیر اقبال کی جانب سے تاحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔ اس سے قبل شاہ رخ خان، سلمان خان، سونو سود، انوپم کھیر، کترینہ کیف، عالیہ بھٹ، پرینکا چوپڑہ، اللو ارجن، دیا مرزا سمیت کئی ستارے اس دہشت گرد حملے پر اپنے صدمے اور غصے کا اظہار کر چکے ہیں۔