بالی ووڈ میں سورج برجاتیہ کا شمار ایک ایسے فلم ساز کے طور پر کیا جاتا ہے جنہوں نے گھریلو ، صاف ستھری اور دل کو چھو لینے والی فلمیں بنا کر ناظرین کے دلوں میں اپنی ایک خاص شناخت قائم کی۔
EPAPER
Updated: February 22, 2025, 11:53 AM IST | Agency | New Delhi
بالی ووڈ میں سورج برجاتیہ کا شمار ایک ایسے فلم ساز کے طور پر کیا جاتا ہے جنہوں نے گھریلو ، صاف ستھری اور دل کو چھو لینے والی فلمیں بنا کر ناظرین کے دلوں میں اپنی ایک خاص شناخت قائم کی۔
بالی ووڈ میں سورج برجاتیہ کا شمار ایک ایسے فلم ساز کے طور پر کیا جاتا ہے جنہوں نے گھریلو ، صاف ستھری اور دل کو چھو لینے والی فلمیں بنا کر ناظرین کے دلوں میں اپنی ایک خاص شناخت قائم کی۔ ۲۲؍ فروری۱۹۶۴ء کو ممبئی میں پیدا ہونے والے سورج برجاتیہ نے اپنے کیریئر کا آغاز بطور ڈائریکٹر ۱۹۸۹ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’میں نے پیار کیا‘ سے کیا تھا۔رومانوی پس منظر پر بنائی گئی اس فلم میں سلمان خان اور بھاگیہ شری کی جوڑی نے تہلکہ مچادیا تھا ۔ یہ فلم اب تک کی آل ٹائم کلاسک میں شمار ہوئی اور باکس آفس پر یہ بالی ووڈ کی سب سے کامیاب فلموں میں سے ایک ہے۔ اس کے بعد سورج برجاتیہ نے اپنے پسندیدہ اداکار سلمان خان کے ساتھ فلم ’ہم آپ کے ہیں کون‘ بنائی۔اس فلم میں سلمان کے ساتھ مادھوری دکشت نے اداکاری کی تھی۔خاندانی پس منظر پر بنائی گئی اس فلم نے مقبولیت اور پسندیدگی کے تمام ریکارڈس توڑ دئیے تھے۔ فلم میں سلمان خان اور مادھوری دکشت کی جوڑی کافی پسند کی گئی۔۱۹۹۹ء میں سورج کی شاہکار فلم ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ سلور اسکرین پر جلوہ گر ہوئی جو خاندانی پس منظرپر بنی ایک ملٹی اسٹارر تھی۔ اس فلم میں سلمان خان، سیف علی خان، مو ہنش بہل، تبو، سونالی بیندرے اور کرشمہ کپور نے اہم کردار نبھایا تھا۔ یہ فلم بھی باکس آفس پر سپر ہٹ ثابت ہوئی۔
۲۰۳۳ء میں سورج برجاتیہ نے نیا تجربہ کرتےہوئے اور نوجوانوں کی پسند کو دھیان میں رکھتے ہوئے’میں پریم کی دیوانی ہوں‘ کی ہدایت کاری کی۔ یہ فلم ان کے دادا تارا چند برجاتیہ کے راج شری پروڈکشن کے بینر تلے بنی فلم ’چت چور‘ کا ریمیک تھی۔ اس فلم میں رتیک روشن، ابھیشیک بچن اور کرینہ کپور نے مرکزی کردار ادا کئے تھے لیکن یہ فلم باکس آفس پر اتنی کامیاب نہیں ہوئی جتنے کی توقع تھی ۔ اس تجربے کے بعد سورج برجاتیہ نے دوبارہ اپنے کامیاب فارمولے کی جانب مراجعت کی اور ۲۰۰۶ء میں وہ فلم ’وواہ‘ لے کر آئے جو سپر ہٹ ثابت ہوئی ۔ اس فلم میں شاہد کپور اور امرتا راؤ نے مرکزی کردار ادا کئے تھے۔ اس فلم کے بعد سورج برجاتیہ نے ہدایت کاری کرنا بند کر دیا تھا ۔ لیکن اس دوران انہوں نے سونو سود اور ایشا کوپیکر کے ساتھ فلم ’ایک وواہ ایسا بھی‘ بنائی جو راج شری پروڈکشن کی ہی فلم ’تپسیا‘ کا ریمیک تھی۔ حالانکہ اس فلم کو تپسیا جیسی کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔ سورج برجاتیہ نے تقریباً آٹھ سال بعد ایک بار پھر ہدایت کاری شروع کی اور سلمان خان کو لے کر۲۰۱۵ءمیں فلم ’پریم رتن دھن پایو‘ بنائی۔ فلم میں سلمان خان اور سونم کپور نے اہم کردار نبھائے تھے۔ اس فلم نے۲۰۰؍کروڑ سے زیادہ کی کمائی کی تھی۔