• Mon, 13 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

سورج بڑجاتیہ کے آئیڈیل ’پریم‘ سلمان خان ہی ہیں لیکن اس بار وہ ساتھ ساتھ نہیں ہیں

Updated: June 14, 2024, 4:55 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

ان دنوں کارتک آرین کی فلم ’چندو چمپئن‘ موضوع بحث ہے۔ اسی کے ساتھ سورج بڑجاتیہ بھی خبروں میں آگئے ہیں۔

The duo of Sooraj Barjatia and Salman Khan became a hit with their first film `Maine Pyaar Kya`. Photo: INN
سورج بڑجاتیہ اور سلمان خان کی جوڑی پہلی فلم ’میں نے پیار کیا‘ ہی سے ہٹ ہوگئی تھی۔ تصویر : آئی این این

ان دنوں کارتک آرین کی فلم ’چندو چمپئن‘ موضوع بحث ہے۔ اسی کے ساتھ سورج بڑجاتیہ بھی خبروں میں آگئے ہیں۔ سورج کے خبروں میں آنے کی وجہ اُن کا آنے والا پروجیکٹ ہے جس کے متعلق کہا جارہا ہے کہ اس فلم میں ’پریم‘ کا کردار کارتک آرین نے سلمان خان سے چھین لیا ہے۔ حالانکہ یہ سچائی نہیں ہے۔ سچائی تو یہ ہے کہ سورج اور سلمان ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم بن کر رہ گئے ہیں۔ سورج بڑجاتیہ ایک اچھے ہدایت کار ہیں اور بالی ووڈ کو انہوں نے کئی اچھی فلمیں دی ہیں لیکن یہ بھی سچ ہے کہ سورج کی وہ فلمیں زیادہ کامیاب اور زیادہ موضوع بحث رہی ہیں جن میں سلمان رہے ہیں۔ ان کے اگلے پروجیکٹ میں سلمان خان کے نہ ہونے کی وجہ موجودہ صورتحال ہے۔ حالیہ دنوں میں جس طرح سے ان پر حملے ہوئے ہیں، اس کی وجہ سے وہ اب ایک وقت میں صرف ایک فلم کرنا چاہتے ہیں تاکہ انہیں بہت زیادہ دوڑ بھاگ نہ کرنا پڑے اور ایک ہی جگہ پر زیادہ سے زیادہ کام ہوجائے۔ اسی وجہ سے انہوں نے ’بگ باس او ٹی ٹی‘کی میزبانی سے بھی معذرت کرلی ہے۔ سورج نے بھی اس کا اعتراف کیا ہے کہ ان کا آئیڈیل ’پریم‘ سلما ن خان ہی ہیں۔ خیال رہے کہ سورج کے فلموں کے مرکزی کردار کا نام ’پریم ‘ ہوتا ہے۔ 
 بالی ووڈ میں سورج بڑجاتیہ کا ایک ایسے فلم ساز کے طور پر شمار کیا جاتا ہے جنہوں نے گھریلو، صاف ستھری اور دل کو چھو لینے والی فلمیں بنا کر ناظرین کے دلوں میں اپنی ایک خاص شناخت قائم کی۔ سورج بڑجاتیہ تعداد سے زیادہ معیار پر یقین رکھتے ہیں، اسلئے کم فلمیں کرتے ہیں۔ ۲۲؍ فروری۱۹۶۴ء کو ممبئی میں پیدا ہونے والے سورج بڑجاتیہ نے اپنے کریئر کا آغاز بطور ڈائریکٹر ۱۹۸۹ءمیں ریلیز فلم ’میں نے پیار کیا‘ سے کیا تھا۔ رومانوی پس منظر پر بنی اس فلم میں سلمان خان اور بھاگیہ شری کی جوڑی کو شائقین نے بے حد پسند کیا۔ یہ فلم باکس آفس پر سپر ہٹ ثابت ہوئی۔ اس کے پانچ سال بعد۱۹۹۴ء میں انہوں نے اپنے پسندیدہ اداکار سلمان خان کے ساتھ فلم ’ہم آپ کے ہیں کون‘ بنائی۔ اس فلم میں سلمان خان کے ساتھ مادھوری دکشت نے اداکاری کی تھی۔ خاندانی پس منظر پر بنی اس فلم میں سلمان خان اور مادھوری دکشت کی جوڑی کافی پسند کی گئی۔ اس فلم نے کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کئے اور آل ٹائم گریٹ ہٹس میں شمار ہو گئی۔ یہ فلم ان کے دادا تارا چند بڑجاتیہ کے ہوم پروڈکشن کی ایک کامیاب فلم ’ندیا کے پار‘ کی ری میک تھی جو ندیا کے پار سے بھی زیادہ کامیاب رہی۔ ۱۹۹۹ء میں فلم ’ہم ساتھ ساتھ ہیں ‘ سلور اسکرین پر جلوہ گر ہوئی جو خاندانی پس منظرپر بنی ایک ملٹی اسٹارر فلم تھی۔ اس فلم میں بھی سلمان خان تھے۔ ان کے ساتھ ہی سیف علی خان، موہنیش بہل، تبو، سونالی بیندرے اور کرشمہ کپور نے بھی اہم کردار نبھایا تھا۔ یہ فلم باکس آفس پر سپر ہٹ ثابت ہوئی تھی اور ناقدین نے بھی پسند کیا تھا۔ 
 ۲۰۰۳ء میں سورج بڑجاتیہ نے ایک اور رومانی فلم ’میں پریم کی دیوانی‘کی ہدایت کاری کی۔ یہ فلم بھی تارا چند بڑجاتیہ کے راج شری پروڈکشن کے بینر تلے بنی فلم ’چت چور‘ کا ری میک تھی۔ اس فلم میں رتیک روشن، ابھیشیک بچن اور کرینہ کپور نے مرکزی کردار ادا کئے تھے لیکن یہ فلم باکس آفس پر کوئی خاص کمال نہیں دکھا پائی۔ ۲۰۰۶ءمیں ریلیز فلم ’وِواہ‘ ان کے کریئر کی ایک اور ہٹ فلم ثابت ہوئی۔ اس فلم میں شاہد کپور اور امرتا راؤ نے مرکزی کردار ادا کئے تھے۔ یہ دونوں ہی فلمیں کامیاب رہیں لیکن اتنی نہیں جتنی کہ سلمان کی فلمیں ہوتی ہیں۔ 
  اس فلم کے بعد سورج بڑجاتیہ نے ہدایتکاری بند کر دی۔ ۲۰۰۷ء میں انہوں نے سونو سود اور ایشا کوپیکر کے ساتھ فلم ’ایک وِواہ ایسا بھی‘ بنائی جو راج شری پروڈکشن کے بینر تلے بنی فلم ’تپسیا‘ کا ر ی میک تھی۔ حالانکہ اس فلم کو تپسیا جیسی کامیابی حاصل نہیں ہو سکی لیکن فلم کامیاب رہی۔ سورج بڑجاتیہ نے تقریباً آٹھ سال بعد ایک بار پھر ہدایت کاری شروع کی اور سلمان خان کو لے کر۲۰۱۵ء میں فلم ’پریم رتن دھن پایو‘ بنائی۔ فلم میں سلمان خان اور سونم کپور نے اہم کردار نبھائے تھے اس فلم نے۲۰۰؍ کروڑ سے زیادہ کی کمائی کی تھی۔ 
 سورج بڑجاتیہ کو فلم ’ہم آپ کے ہیں کون‘کیلئے بہترین ہدایتکار اور اسکرین رائٹر کے طور پر فلم فیئر ایوارڈ ملا تھا۔ اس سے قبل’میں نے پیا ر کیا‘کیلئے بھی بطور ہدایتکار نامزد کئے گئے تھے لیکن اُس سال ہدایتکاری کا ایوارڈ وِدھو ونود چوپڑہ کو فلم ’پرندہ‘ کیلئے دیا گیا تھا۔ ان دونوں ہی فلموں میں سلمان خان تھے۔ 
  اب نئے پروجیکٹ میں دونوں کے ایک ساتھ نہ آنے سے فلم شائقین میں مایوسی پائی جارہی ہے۔ n

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK