• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

سنیل شیٹی ہیروبھی رہے اور منفی و مزاحیہ کردار بھی ادا کئے

Updated: August 11, 2024, 1:08 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

ہندی فلموں میں جب ایکشن ہیرو کی بات ہوتی ہے تو اکشے کمار کے بعد جس اداکار کا نام لیا جاتا ہے وہ سنیل شیٹی ہیں۔

Action hero Sunil Shetty. Photo: INN
ایکشن ہیرو سنیل شیٹی۔ تصویر : آئی این این

ہندی فلموں میں جب ایکشن ہیرو کی بات ہوتی ہے تو اکشے کمار کے بعد جس اداکار کا نام لیا جاتا ہے وہ سنیل شیٹی ہیں۔ انا کے نام سے مشہور اداکار سنیل شیٹی نے کئی فلموں میں ایکشن ہیرو کے طور پر کام کیا ہے اور کچھ فلموں میں تو انہوں نے ویلن کا کردار بھی اداکیا ہے۔ ان میں فلموں میں شاہ رخ خان کی فلم’میں ہوں نا‘ قابل ذکر ہے جس میں انہوں نے عمدہ ایکشن سین پیش کئے تھے۔ 
 سنیل شیٹی۱۱؍اگست ۱۹۶۱ءکو تیلگو بولنے والے خاندان میں پیدا ہوئے اور ہندی فلموں میں نام روشن کیا۔ وہ اداکارکے علاوہ پروڈیوسر بھی ہیں جبکہ وہ ایک کاروباری شخصیت بھی ہیں۔ ۲۵؍سال سےزیادہ عرصے کے کرئیرمیں انھوں نے ۱۱۰؍سےزیادہ فلموں میں اداکاری کی ہے۔ ان کے اداکاری کے طریقے نے پورے ہندوستان میں اداکاروں کو ہندی، تمل، تلگو یا دوسری زبان کی فلمی صنعتوں میں متاثرکیا ہے۔ انھوں نے ملیالم، تمل اور انگریزی زبان کی فلموں میں بھی کام کیا ہے۔ ان کی پہلی کنڑ فلم۲۰۱۹ءمیں ریلیز ہونے والی پہلوان ہے
 وہ پروڈکشن ہاؤس پاپ کارن انٹرٹینمنٹ پرائیویٹ لمیٹڈ کے مالک بھی ہیں۔ انھوں نے پوپ کارن موشن پکچرز کے بینر تلےکھیل- نو آرڈینری گیم، رکت اور بھاگم بھاگ سمیت متعدد فلمیں بنائی ہیں۔ 
 سنیل شیٹی نے ۱۹۹۲ء میں ۳۱؍سال کی عمر میں فلم ’بلوان‘ کے ذریعہ فلمی سفر کا آغاز کیا جس میں ان کے مقابل ادکارہ دیویہ بھارتی تھیں۔ یہ فلم ہٹ رہی اور ایکشن ہیرو کی حیثیت سے سنیل نے اپنے کریئرکاآغاز کیا۔ اس کے بعد انہوں نے دیگر کئی مشہور فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے جن میں ’وقت ہمارا ہے(۱۹۹۳ء)، دل والے (۱۹۹۴ء)، انت (۱۹۹۴ء)، مہرا(۱۹۹۴ء)، گوپی کشن (۱۹۹۴ء)، کرشنا (۱۹۹۶ء)، سپوت (۱۹۹۶ء)رکشک (۱۹۹۶ء)، بارڈر (۱۹۹۷ء)، بھائی (۱۹۹۷ء)جیسی فلمیں شامل ہیں۔ وہ ۱۹۹۰ء کی دہائی میں بنیادی طورپرایکشن فلموں میں کام کیا۔ اس دہائی میں انہوں نے جتنی فلموں میں کام کیاان میں زیادہ تر ہیرو کےطور پر نظر آئے۔ ۲۰۰۰ءکے اوائل سے، وہ دیگر کئی طرح کے رول کرنے لگے۔ اس دوران وہ اکثرملٹی اسٹاررفلموں میں دیکھے گئے۔ انھوں نے ارجن رامپال کی پہلی فلم پیار عشق اور محبت(۲۰۰۱ء)میں بھی ایشا کوپیکرکے ساتھ کام کیا۔ اس کے علاوہ ہیراپھیری(۲۰۰۰ء)، دھڑکن (۲۰۰۰ء)، جنگل(۲۰۰۰ء)، یہ تیرا گھر یہ میرا گھر (۲۰۰۱ء)، میں ہوں نا(۲۰۰۴ء)، ویلکم (۲۰۰۷ء)اور ریڈ الرٹ: دی وار ودھ ان(۲۰۱۰ء)، شوٹ آؤٹ ایٹ لوکھنڈ والا (۲۰۰۷ء)، ون ٹو تھری (۲۰۰۸)اوردے دنا دن(۲۰۱۰ء) شامل ہیں۔ ان میں سے اکثرمزاحیہ فلمیں ہیں۔ سنیل نے کئی فلموں میں منفی کردار بھی ادا کیا جن میں دھڑکن(۲۰۰۰ء)، کھیل - نو آرڈنری گیم (۲۰۰۳ء)، باز: اے برڈ ان ڈینجر (۲۰۰۳ء)، میں ہوں نا (۲۰۰۴)ء، ردراکش(۲۰۰۴ء)، کیش، نو پرابلم اور اے جنٹلمین (۲۰۱۷ء)شامل ہیں۔ وہ۵؍بار فلم فیئر ایوارڈ کے لیے نامزد ہوئے ہیں اور ایک بار جیت بھی چکے ہیں۔ اس کے علاوہ ۲۰۰۵ء میں سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کی ۶۱؍ویں سالگرہ کے موقع پر انہیں ممبئی پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے انہیں راجیو گاندھی نیشنل کوالیٹی ایوارڈ بھی دیا جاچکاہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK