مہیش بابو جو پرنس کے نام سےمشہور ہیں، تیلگو سنیما کے راج کرنےوالے نوجوان ستاروں میں سے ایک ہیں۔ مہیش۹؍اگست ۱۹۷۵ء کو چنئی میں اداکار کرشنا کے ہاں پیدا ہوئے۔
EPAPER
Updated: August 09, 2024, 12:02 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai
مہیش بابو جو پرنس کے نام سےمشہور ہیں، تیلگو سنیما کے راج کرنےوالے نوجوان ستاروں میں سے ایک ہیں۔ مہیش۹؍اگست ۱۹۷۵ء کو چنئی میں اداکار کرشنا کے ہاں پیدا ہوئے۔
مہیش بابو جو پرنس کے نام سےمشہور ہیں، تیلگو سنیما کے راج کرنے والے نوجوان ستاروں میں سے ایک ہیں۔ مہیش ۹؍اگست ۱۹۷۵ء کو چنئی میں اداکار کرشنا کے ہاں پیدا ہوئے۔ وہ ۵؍بہن بھائیوں میں چوتھے نمبر پر ہیں۔ ان کا ایک بڑا بھائی رمیش ہے۔ ۲؍ بڑی بہنیں، پدماوتی اور منجولا، اور ایک چھوٹی بہن، پریادرشنی ہے۔ انہوں نےاپنی اسکول کی تعلیم چنئی کے سینٹ بیڈیس اسکول میں حاصل کی اور لیوولا کالج، چنئی سے کامرس میں ڈگری حاصل کی۔ مہیش بابوکا قد ۶؍فٹ ۳؍انچ کا ہے۔ خود اداکار ہونے کے باوجود وہ کرکٹ کے بہت بڑے مداح ہیں۔ مہیش نے۲۰۰۵ءمیں سابق مس انڈیا اور اداکارہ نمرتا شیروڈکر سے شادی کی، اور۲۰۰۶ءمیں ان کا ایک بیٹا، گوتم کرشنا گٹامنینی پیدا ہوا۔
شہرت کی بلندیوں پر موجودمہیش بابو تھمبس اپ اور ہیرو ہونڈا کےبرانڈ ایمبیسڈر ہیں۔ ان کی شہرت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ وہ بہت زیادہ رقم پانے والے اداکاروں میں شامل ہیں۔ یہاں تک کہ وہ ۲۰۱۲ء سے فوربس انڈیا کی ۱۰۰؍مشہور شخصیات کی فہرست میں شامل ہیں۔ میڈیا میں سپراسٹار کے نام سے پکارے جانے والے مہیش بابو ۲۵؍ سے زیادہ فلموں میں کام کرچکے ہیں۔ انہیں کئی ایوارڈ بھی مل چکے ہیں جن میں ۹؍نندی ایوارڈ، ۵؍ فلم فیئر تیلگو ایوارڈ، ۴؍ ایس آئی آئی ایم اے ایوارڈ اور ایک آئی آئی ایف اے اتسوم ایوارڈ شامل ہے۔ مہیش بابو کا ایک پروڈکشن ہائوس بھی ہے جس کا نام’جی مہیش بابو اینٹرٹینمنٹ‘ ہے۔
تیلگو کے مشہور اداکار کرشنا کے بیٹے ہونے کی وجہ سے انہوں نے بچپن ہی سے اداکاری کا اغاز کردیا تھا اور محض ۴؍سال کی عمر میں انہوں نے ’نیڈا‘ نامی فلم میں ایک چھوٹا سا رول ادا کیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے مزید ۸؍فلموں میں بطور چائلڈ آرٹسٹ کام کیا۔ راجکماروڈو بطور ہیرومہیش کی پہلی فلم تھی۔ اس فلم میں پریتی زنٹانے بھی اہم کردار اداکیا تھا۔ اس فلم کیلئے انہیں بیسٹ میل ڈیبو کانندی ایوارڈ دیا گیا تھا۔
۲۰۰۰ء میں انہوں نے یوراجو اور وامسی نامی فلموں میں نمرتا شیروڈکر اور اپنے والد کرشناکے ساتھ کام کیاتھا۔ مراری کی۲۰۰۱ء میں ریلیز ہونے والی سونالی بیندرے کے ساتھ فلم کیلئے انہیں اسپیشل جیوری کا نندی ایوارڈ دیا گیا تھا۔
مہیش بابوانسانیت نواز اور خیراتی کام کرنے والےشخص بھی ہیں۔ انہوں نے مہیش بابو فائونڈیشن قائم کیا ہے جو بچوں کی مدد پر توجہ مرکوزکرتی ہے۔ اس فائونڈیشن کے ذریعہ ان بچوں کو پیسہ دیا جاتا ہے جنہیں خطرناک دل کے آپریشن کی ضرورت ہوتی ہے۔ ان کی تنظیم مہیش بابو فائونڈیشن نے دوگائوں گود لئے ہوئے ہیں جن میں سے ایک آندھرا پردیش اور دوسرا تلنگانہ میں ہے۔ تنظیم نے ان گائوں میں لوگوں کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے کئی کام کئے ہیں جن میں اسکولوں، آنگن واڑیوں ، لائبریریوں، روڈ اور ڈرینیج سسٹم کی تعمیر شامل ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے کمپیوٹر لیب بھی تعمیر کی ہیں تاکہ وہاں کے عوام کو ڈجیٹل صلاحیتوں سے بھی آراستہ کیا جائے۔
وہ رینبو اسپتال سے بھی بطور گڈول امباسیڈر منسلک ہیں۔ وہ ۲۰۱۸ء میں ایشین گروپ کے ساتھ مل کر فلم کی نمائش کے کاروبار میں بھی سرگرم ہیں۔ اس کمپنی کے ذریعہ گچی بائولی علاقے میں ۷؍ اسکرین کا ملٹی پلیکس اے ایم بی سنیما شروع کیا گیا ہے۔