Updated: December 19, 2024, 9:00 PM IST
| New Delhi
۲۰۲۴ء کے ٹیک بال ورلڈ چیمپئن شپ کے ۷؍ ویں ایڈیشن میں تھائی لینڈ نے اول مقام حاصل کیا جبکہ ہندوستان نے کانسہ کے ایک تمغہ کے ساتھ ۹؍ویں پوزیش حاصل کی۔ ہندوستان کے انس بیگ اور ڈیکلن گونزالوز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندوستان کو ’’ٹیک بال‘‘ جیسے منفرد کھیل میں پہلا تمغہ دلوایا ہے۔
ڈیکلن گونزالوز اور انس بیگ۔ تصویر: ایکس
عالمی سطح پر کھیلوں کا دائرہ مسلسل ایک انقلابی مرحلے سے گزر رہا ہے جس میں نت نئے کھیل شامل کئے جارہے ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ الگ الگ کھیلوں میں ہندوستان اپنی شمولیت درج کر رہا ہے۔ حال ہی میں دو ہندوستانی کھلاڑیوں نے ’’ٹیک بال‘‘ (Teqball) کے انوکھے کھیل میں نمایاں کامیابی حاصل کی۔ انس بیگ اور ڈیکلن گونزالوز نامی ۲؍ ہندوستانیوں نے ٹیک بال ورلڈ چمپئن شپ ۲۰۲۴ء میں حصہ لیا اور اپنی شاندار کارکردگی سے شائقین کو حیران کردیا۔ حالانکہ اس چیمپئن شپ میں ہندوستانی ٹیم طلائی تمغہ نہیں حاصل کرسکی لیکن دونوں کھلاڑیوں نے ٹورنامنٹ میں تیسرا مقام حاصل کیا اور ڈبلز زمرے میں ہندوستان کیلئے کانسہ کا تمغہ جیتا۔
انس بیگ اور ڈیکلن گونزالوز نے ٹیک بال ورلڈ چیمپئن شپ ۲۰۲۴ء میں ہندوستان کیلئے پہلا تمغہ جیتا ہے۔ بیگ اور گونزالوز کی جوڑی کو سیمی فائنل میں طلائی تمغہ جیتنے والی تھائی لینڈ کی ٹیم کے ہاتھوں شکست ہوئی۔ ہندوستانی ٹیم کو اندازہ تھا کہ انہیں تھائی ٹیم کو شکست دینے میں مشکل پیش آسکتی ہے لیکن انہوں نے جم کر مقابلہ کیا اور اس منفرد کھیل میں ملک کیلئے پہلا کانسہ جیت کر تاریخ رقم کردی۔ انہوں نے کسی دباؤ کے بغیر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے کوارٹر فائنل میں یوکرین کے شیوچک اوراسچینکو کو ۱۔۲؍ سے شکست دی تھی۔ اس کھیل میں تمغہ جیتنے والا ہندوستان ۱۱؍ واں ملک بن گیا ہے۔
خیال رہے کہ امسال کا ٹیک بال ورلڈ چیمپئن شپ ویتنام میں منعقد کیا گیا تھا جس میں ۹۵؍ ممالک سے ۲۲۱؍ کھلاڑیوں نے ۵؍ مختلف زمروں میں حصہ لیا: مینز سنگلز، ویمنز سنگلز، مینز ڈبلز، ویمنز ڈبلز، اور مکسڈ ڈبلز۔ تھائی لینڈ پانچ تمغوں کے ساتھ لیڈر بورڈ پر سرفہرست رہا جبکہ ہندوستان نے کانسہ حاصل کرکے ۹؍ ویں پوزیشن پر قبضہ جمایا۔ رومانیہ، ہنگری، پولینڈ، برازیل، سربیا، ڈنمارک اور فرانس، دوسری سے ۸؍ ویں پوزیشن پر برقرار رہے۔
ٹیک بال (TeqBall )کیا ہے؟
ٹیک بال، دو کلاسک کھیلوں کا مجموعہ ہے۔ یہ کھیل فٹ بال کے ’’فٹ ورک‘‘ اور ٹیبل ٹینس کی مہارتوں کا انضمام ہے۔ یہ گیم ایک منفرد ڈیزائن کردہ ٹیبل پر کھیلا جاتا ہے جسے ’’ٹیک ٹیبل‘‘ کہتے ہیں۔ ٹینس ٹیبل کے برعکس ٹیک ٹیبل دونوں جانب سے جھکا ہوا ہوتا ہے۔ کھیل کے اصول بتاتے ہیں کہ ایک سرونگ میں کھلاڑیوں کو گیند کو صرف ۳؍ مرتبہ چھونے کی اجازت ہوتی ہے۔ تاہم، انہیں گیند کو ہاتھ یا جسم کا کوئی اور حصہ لگانے کی اجازت نہیں ہوتی۔ انہیں صرف پاؤں سے گیند کو حریف کی جانب اچھالنا ہوتا ہے۔ علاوہ ازیں، ایک سرونگ میں وہ مسلسل ۳؍ مرتبہ پاؤں کا ایک ہی حصہ استعمال نہیں کرسکتے۔اس کھیل کا اپنا گورننگ فیڈریشن ہے، جسے انٹرنیشنل ٹیک بال فیڈریشن (FITEQ) کہا جاتا ہے۔