Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

جتنی عمر لکھی ہے، اتنی ہی رہے گی: سلمان خان

Updated: March 28, 2025, 10:44 AM IST | Mumbai

یہ بھی کہا کہ سیکوریٹی کی وجہ سے انہیںخود مشکلات پیش آتی ہیں۔ سلمان کو وائی پلس سیکوریٹی حاصل ہے۔

Salman Khan. Photo: INN
سلمان خان۔ تصویر: آئی این این

بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان اب تک جان سے مارنے کی دھمکیوں اور کوششوں پر خاموش تھے لیکن گزشتہ روز انہوں نے یہ خاموشی توڑدی ہے اور اس انداز میں توڑی ہے کہ اس سے انہیں دھمکیاں دینے والوں کے حوصلہ ضرور پست ہوجائیںگے ۔ انہوں نے اپنی آنے والی  فلم سکندر کی تشہیری مہم کے دوران جان سے مارنے کی دھمکیوں پر کھل کر بات کی۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران جب ان سے سیکوریٹی اور ان کی  جان کو لاحق خطرات کے بارے میں سوال کیا گیا تو سلمان نے بالکل دوٹوک انداز میں کہا کہ ’’ میری جتنی عمر خدا نے لکھ دی ہے اتنی تو میں پوری کروں گا اورایسا کرنے سے مجھے کوئی نہیں روک سکتا۔ میری جتنی عمر لکھی ہوئی ہے اتنی ہی رہے گی۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ وہ خدا کی رضا پر یقین رکھتے ہیں کیوں کہ موت و زندگی کا فیصلہ اسی کے ہاتھ میں ہے۔ جان سے مارنے کی دھمکیوں سے وہ بالکل بھی نہیں ڈرتے بلکہ دھمکی دینے والوںپر ہنستے ہیں کیوں کہ ان دھمکیوں سے ان کی بزدلی سامنے آجاتی ہے۔ یہ  بات ان کو بھی معلوم ہے کہ دھمکیوں سے وہ کسی کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے ۔ اس کے باوجود یہ حرکتیں کرتے رہتے ہیں۔ ان سے انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا ہے۔ 

خیال رہے کہ سلمان خان کو طویل عرصے سے گینگسٹر لارنس بشنوئی کی جانب سے دھمکیاں مل رہی ہیں۔ اس کے پیشِ نظر حکومت نے انہیں وائی پلس سیکوریٹی فراہم کر رکھی ہے جس کے تحت ۱۲؍ پولیس اہلکار اور ۴؍ کمانڈوز ہمہ وقت ان کے ساتھ رہتے ہیں۔ اس کے علاوہ ان کی ذاتی سیکریٹی ٹیم میں مشہور  باڈی گارڈ ’شیرا‘ کے ساتھ تقریباً ۴۰؍ باؤنسرز اور پرائیویٹ گارڈز بھی موجود ہوتے ہیں۔سلمان نے سیکوریٹی کے باعث پیدا ہونے والی مشکلات پر بھی اس گفتگو کے دوران  روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ بعض اوقات اتنے زیادہ محافظوں اور گارڈس کے ساتھ گھومنا مسئلہ بن جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہر جگہ اتنے لوگ ساتھ ہوں تو یہ خود ایک بڑی پریشانی ہے کیوں کہ اتنا بڑا قافلہ ساتھ لے کر چلنے کی وجہ سے وہ اپنے حقیقی مداحوں سے بھی دور ہو جاتے ہیں اور اس قافلے کو ہر جگہ ایڈجسٹ کردینا بھی بڑا مسئلہ بن جاتا ہے لیکن انہیں اپنے گھر والوں کی وجہ سے یہ برداشت کرنا پڑتا ہے۔ 
 واضح رہے کہ گزشتہ کچھ مہینوں میں سلمان کے خلاف لارنس بشنوئی کی دھمکیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ کچھ عرصہ قبل  ان کے مکان کی ریکی بھی ہو چکی ہے اور وہاں فائرنگ بھی ہو چکی ہے۔ اسی کے بعد  بینڈ اسٹینڈ پر واقع ان کے فلیٹ کے باہر بلٹ پروف شیشہ لگادیا گیا ہے۔ ساتھ ہی ان کے گھر پر فائرنگ کرنے والوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ اسی سے ملتا جلتا ایک اور واقعہ مشہور سیاستداں اور سابق ریاستی وزیر بابا صدیقی کا قتل بھی ہے۔ اس کی تفتیش کے دوران بھی سلمان سے ان کی قربت زیر بحث آئی ۔ اسی وجہ سے ان کی سیکوریٹی میں کافی اضافہ کردیا گیا ہے۔ اس کے باوجود سلمان کے حوصلے پست نہیں ہوئے ہیں۔ وہ پہلے کی طرح سے پورے جوش و خروش کے ساتھ مداحوں کے درمیان جاتے ہیں، فلموں کی شوٹنگ بھی کررہے ہیں اور اپنی فلموں کی تشہیری مہم میں بھی حصہ لے رہے ہیں۔ اس سے قبل سلمان خان کے والد مشہور اسکرپٹ رائٹر سلیم خان بھی یہ واضح کرچکے ہیں کہ سلمان نے کسی کا کچھ نہیں بگاڑا ہے اس لئے نہ وہ معافی مانگیں گے اور نہ ہی کسی سے ڈر گھر میںبیٹھیں گے ۔ وہ اپنا کام کرتے رہیں گے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK