• Fri, 24 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ایسا وقت بھی تھا جب عامر خان کے والد طاہر حسین کو شدید مالی بحران کا سامنا تھا

Updated: September 19, 2024, 11:52 AM IST | Mumbai

طاہر حسین نے اپنا فلمی سفر ۱۹۵۷ء میں اپنے بھائی ناصر حسین کی فلم ’تم سا نہیں دیکھا‘ میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے طور پر شروع کیا تھا لیکن انہوں نے بالی ووڈ میں اپنی صحیح پہچان ایک کامیاب پروڈیوسر کے طور پر بنائی۔

Aamir Khan with his father Tahir Hussain. Photo: INN.
عامر خان اپنے والدطاہرحسین کے ساتھ۔ تصویر: آئی این این۔

بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ اداکار عامر خان کے والد محمد طاہر حسین ۱۹؍ ستمبر۱۹۳۸ء کو یوپی کے ہردوئی کے ضلع شاہ آباد میں پیدا ہوئے تھے۔ طاہر حسین نے بطور فلم ساز، ہدایت کار اور مصنف اپنا فلمی کریئر بنایا۔ ان کی بیوی کانام زینت تھا جبکہ ان کے دو بیٹوں  کے نام عامر اور فیصل ہیں۔ ان کی ۲؍ بیٹیوں کےنام نزہت اور نکہت ہیں۔ طاہر حسین نے اپنا فلمی سفر ۱۹۵۷ء میں اپنے بھائی ناصر حسین کی فلم ’تم سا نہیں دیکھا‘ میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے طور پر شروع کیا تھا لیکن انہوں نے بالی ووڈ میں اپنی صحیح پہچان ایک کامیاب پروڈیوسر کے طور پر بنائی۔ کارواں، انامیکا، زخمی، مدہوش، جنم جنم نا ساتھ اور ہم ہیں راہی پیار کے جیسی کئی سپرہٹ فلمیں فلم ساز طاہر حسین نے پروڈیوس کی ہیں۔ طاہر حسین نے۱۹۹۰ء میں عامر اور جوہی چاؤلہ کے ساتھ ’تم میرے ہو‘ فلم کیلئے پہلی بار ہدایت کاری کے فرائض بھی انجام دیئے تھے۔ بہت کم لوگ واقف ہیں کہ عامر کے والد نے ’جب پیار کسی سے ہوتا ہے‘، ’جنم جنم کا ساتھ‘ اور’پیار کا موسم‘ فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر بھی دکھائے تھے۔ 
 ان سب کے باوجود عامر خان کے والد نے معاشی مشکلات کا سامنا کیا۔ عامر خان کا شمار انڈسٹری کے دولتمند ستاروں میں ہوتا ہے لیکن ایک وقت ایسا آیا جب ان کا خاندان مالی بحران سے گزرا۔ یہ عامر خان کے بچپن کا دور تھا، جب ان کے والد طاہر حسین قرضوں کے بوجھ تلے دب گئے تھے اور دیوالیہ ہو گئے تھے۔ اس بات کا تذکرہ خود عامر خان نے ایک گفتگو کے دوران کیا تھا۔ معاشی حالات اس قدر بگڑ گئے کہ طاہر حسین تقریباً سڑک پر آ گئے تھے۔ 
عامر خان نے بتایا، ’’ `میں فلمی گھرانے سے آیا ہوں۔ میں نے اپنے چچا (ناصر حسین) کو فلمیں بناتے دیکھا ہے۔ باپ کو فلمیں بناتے دیکھا ہے۔ میرے والد بہت پرجوش اور اچھے فلم ساز تھے لیکن وہ کاروبار کرنا نہیں جانتا تھا۔ اس لئے انہوں نے کبھی کوئی پیسہ نہیں بنایا، ا ن کا یہی مسئلہ تھا۔ وہ قرض میں ڈوبے ہوئے تھے۔ 
 طاہر حسین کے مالی حالات اس قدر بگڑ گئے تھے کہ انہوں  نے۴۰؍ سال کی عمر میں نوکری کی تلاش شروع کر دی تھی۔ عامر خان نے اپنی والدہ کے حوالے سے بتایا، ’’ ایک دن میرے والد نے اپنی گریجویشن کی ڈگری تلاش کرنی شروع کردی کیونکہ انہیں نوکری کی ضرورت محسوس ہوئی۔ ایسے حالات ہوگئے تھے کہ ایک۴۰؍ سال کا آدمی اپنا گریجویشن سرٹیفکیٹ ڈھونڈنے لگا تھا۔ ‘‘
 عامر خان نے اپنے والد طاہر حسین کی مالی پریشانیوں کے بارے میں مزید بتایا، ’’ جب میں ۱۰؍ سال کا تھا اس وقت ہمارے مالی حالات بہت خراب تھے۔ میرے والد نے لاکٹ نامی فلم بنانے کیلئے بہت سے افراد سے سود پر قرض لیا تھا اور۸؍ سال سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود وہ وہ فلم نہیں بنا سکے تھے، یہ وہ وقت تھا جب اداکار بیک وقت کئی فلمیں کیا کرتے تھے۔ والد صاحب کو بنیادی سہولیات کیلئے کسی کے سامنے ہاتھ پھیلاتے ہوئےدیکھ کر گھر والوں کو بہت پریشانی ہوتی تھی۔ وہ بہت سادہ انسان تھے اور میرے والد کی کچھ فلمیں بہت چلیں لیکن ان کے پاس اتنا پیسہ کبھی نہیں تھا۔ اپنے والد کو مشکل میں دیکھ کر بہت تکلیف ہوتی تھی کیونکہ انہیں ان افراد کے فون آتے تھے جن سے انہوں نے پیسے لے رکھے تھے، میرے والد کا فون پر جھگڑا شروع ہو جاتا تھا اور والد کہتے تھے کہ میرے پاس پیسے نہیں ہیں کیونکہ میری فلم پھنس گئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK