جنوبی ہند کی فلموں کے سپر اسٹار دھنش نے ۲۵؍جنوری کو تروپتی میں اپنی اگلی فلم کی شوٹنگ شروع کی۔ علی پیری علاقے میں مندر کمپلیکس کےقریب واقع ہرے راما ہرے کرشنا روڈ پر شوٹنگ جاری تھی۔ اس موقع پر دھنش کو دیکھنے کیلئےہزاروں کا ہجوم امڈ آیا جس کی وجہ سے سڑک پر ٹریفک جام ہوگیا۔
جنوبی ہند کے مشہور اداکار دھنش۔ تصویر : آئی این این
جنوبی ہند کی فلموں کے سپر اسٹار دھنش نے ۲۵؍جنوری کو تروپتی میں اپنی اگلی فلم کی شوٹنگ شروع کی۔ علی پیری علاقے میں مندر کمپلیکس کےقریب واقع ہرے راما ہرے کرشنا روڈ پر شوٹنگ جاری تھی۔ اس موقع پر دھنش کو دیکھنے کیلئےہزاروں کا ہجوم امڈ آیا جس کی وجہ سے سڑک پر ٹریفک جام ہوگیا۔ ۲؍گھنٹےتک جام میں پھنسے رہنے کے بعد مقامی لوگوں اورعقیدت مندوں نے پولیس سے شکایت کی جس کے بعد پولیس نے فلم بنانے والوں سے اجازت واپس لے کر فلم کی شوٹنگ روک دی۔
فلم کی شوٹنگ کے باعث ٹریفک جام میں پھنسےکئی لوگوں نے اس معاملے پر پولیس سے ناراضگی کااظہار کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اتنی مصروف سڑک پرپولیس نے شوٹنگ کی اجازت کیوں دی؟ اور اگر دی بھی گئی تو ٹریفک کا رخ کیوں نہیں موڑا گیا؟شوٹنگ کے باعث سڑک کے دونوں جانب گاڑیوں کا ۲؍کلومیٹر طویل جام لگ گیا جس کاایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
دھنش کی اس فلم کا عارضی ٹائٹل ڈی این ایس(دھنوش، ناگارجن اور شیکھر) ہے۔ فلم میں دھنش کے مقابل رشمیکا مندنا ہوں گی اور سپر اسٹار ناگارجن اس میں خاص کردار ادا کریں گے۔ اس کی ہدایت کاری نیشنل ایوارڈ یافتہ ہدایت کار شیکھر کمولا کر رہے ہیں۔ دھنش کی یہ ۵۱؍ویں فلم ہے اور اس کے ساتھ وہ تیلگو سنیما میں بھی قدم رکھ رہے ہیں۔