• Sat, 22 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

یوپی سرکار کا بجٹ پیش، طالبات اور نوجوانوں کیلئے سوغات

Updated: February 21, 2025, 1:08 PM IST | Inquilab News Network | Lucknow

۰۸ء۸؍ لاکھ کروڑ کے اب تک کے سب سے بڑے بجٹ میںکئی دلکش اعلانا ت، طالبات کو اسکوٹی دی جائیگی ، نوجوانوں کوبلاسود قرض فراہم کیاجائے گا۔

Outside the Assembly, Finance Minister Suresh Khanna and Chief Minister Yogi Adityanath and other members.  Photo: PTI
اسمبلی کے باہروزیر خزانہ سریش کھنہ اوروزیر اعلیٰ  یوگی آدتیہ ناتھ اوردیگراراکین۔ تصویر: پی ٹی آئی

 اتر پردیش کی یوگی حکومت نے اپنی دوسری میعاد کے چوتھے بجٹ میں نئی ​​اسکیموں اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کیلئے خزانہ کھول دیا ہے۔ حکومت نے اہلیت کی بنیاد پر ہونہار طالبات کو اسکوٹی فراہم کرنے، نالج پارک کی طرز پر سائنس پارک، سرکاری پالی ٹیکنک میں اسمارٹ کلاسیز اور ڈیجیٹل لائبریری، اے آئی کو فروغ دینے کیلئے سینٹر آف ایکسلینس سٹی کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ اترپردیش حکومت نے جمعرات کو یوپی اسمبلی میں مالی سال ۲۶-۲۰۲۵ء کیلئے۰۸ء۸؍ لاکھ کروڑ کا بجٹ پیش کیا جو ابھی تک پیش کئے گئے بجٹ میں سب سے بڑا ہے۔ بجٹ تجاویز کو ایوان کی میز پر رکھتے ہوئے وزیر خزانہ سریش کھنہ نے کہا کہ پیش کردہ بجٹ حجم ۸؍ لاکھ ۸؍ ہزار۷۳۶؍ کروڑ روپے ہے جو مالی ۲۵-۲۰۲۴ء میں پیش کئے گئے بجٹ کے حجم سے۹ء۸؍فیصد زیادہ ہے۔ بجٹ میں سرمایہ کاری کل بجٹ کا تقریباً ۵ء۲۰؍ فیصد ہے۔ 
  وزیر خزانہ سریش کھنہ نے کہا کہ حکومت نے بجٹ میں رانی لکشمی بائی اسکیم کے تحت ہونہار طالبات کو اسکوٹی فراہم کرنے کی تجویز بھی پیش کی ہے۔ اس کیلئے حکومت نے بجٹ میں ۴۰۰؍کروڑ روپے کا انتظام کیا ہے جبکہ نوجوانوں کوغیر سودی قرض بھی فراہم کیاجائے گا۔ بجٹ پیش کرتے ہوئے وزیر خزانہ سریش کھنہ نے کہا کہ بجٹ کا۲۲؍ فیصد شہریوں کی بہتر سہولیات، ۱۳؍ فیصدتعلیم، ۱۱؍فیصد زراعت، ۶؍ فیصد صحت خدمات اور۴؍ فیصد سماجی تحفظ کیلئے مختص کیا گیا ہے۔ ریاست کو مصنوعی ذہانت کے شعبے میں ایک مرکز کے طور پر ترقی دینے کیلئے ’مصنوعی ذہانت شہر‘ کے قیام اور سائبر سیکوریٹی میں ٹیکنالوجی ریسرچ پارک کے قیام کی نئی اسکیم شامل کی گئی ہے۔ 
۵۸؍ ماڈل ا سمارٹ میونسپل باڈیز کا اعلان
  ریاست کے پرائمری اور ہائر سیکنڈری اسکولوں میں آئی سی ٹی لیب اور اسمارٹ کلاسیز کے قیام پر کام کیا جا رہا ہے۔ سرکاری پالی ٹیکنک میں اسمارٹ کلاسیز اور مکمل ڈیجیٹل لائبریریاں قائم کرنے کی اسکیم کیلئے بجٹ میں ایک انتظام کیا گیا ہے۔ میونسپل کارپوریشنوں کے علاوہ ریاست کے ضلع ہیڈکوارٹرس کی۵۸؍ میونسپل باڈیز کو مثالی اسمارٹ میونسپل باڈیز کے طور پر تیار کرنے کیلئے مختلف اسکیموں کو اکٹھا کرکے کام کیا جائے گا۔ اس کے لیے بجٹ میں ۵ء۲؍ کروڑ روپے فی میونسپل باڈی یعنی کل۱۴۵؍کروڑ روپے کا پروویژن تجویز کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ بجٹ میں ۴؍ نئےایکسپریس وے تعمیر کرنےکیلئےایک ہزارکروڑ روپےکا انتظام ہے۔ 
اقلیتی طبقے کیلئے۱۹۹۸؍ کروڑ روپےمختص
 ریاست میں اقلیتی طبقے کی بہتری کیلئے بجٹ میں ۱۹۹۸؍ کروڑ روپے کا انتظام کیا گیا ہے۔ اقلیتی طبقے کے طلبہ کی تعلیم کیلئے پری میٹرک اور پوسٹ میٹرک اسکالرشپ اسکیموں پر۳۶۵؍کروڑ روپےخرچ کئے جائیں گے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق مجوزہ بجٹ میں اقلیتوں کی تعلیم، صحت اور روزگارکے مسائل کو حل کرنےاور بنیادی انفراسٹریکچر کومزید مضبوط کرنے پر توجہ دی گئی ہے۔ وزیر خزانہ سریش کھنہ کے مطابق حکومت نے نوجوان، کسان اورمسلمان سب کا خیال رکھا ہے اور سب کو ساتھ لیکرریاست کی ترقی کو یقینی بنانا ہے۔ غورطلب ہے کہ گزشتہ سال کے بجٹ میں یوپی محکمہ اقلیتی بہبود کا مجوزہ بجٹ ۱۹۷۱ء۵۶؍کروڑروپئے تھا۔ موجودہ بجٹ میں اقلیتوں سے متعلق الگ الگ اسکیموں کیلئے کتنی رقم مختص کی گئی ہے۔ اس کی تفصیلات کا ابھی انتظارہے۔ مگر سماجوادی پارٹی کے لیڈران کا کہنا ہے کہ بجٹ کتنا مختص کیا جاتا ہے یہ بات اہم نہیں، اہم یہ ہے کہ اس میں سےکتنا خرچ ہوتا ہے۔ ایس پی کے رکن اسمبلی ضیاءالدین رضوی نے ’انقلاب ‘ کو بتایا کہ اقلیتوں سے متعلق حکومت کے پاس کوئی خاص منصوبہ نہیں ہے، اس لئے بجٹ میں کوئی خاص توجہ نہیں دی گئی ہے۔ انہوں نے بھدوہی کی قالین صنعت کی ابترصورتحال، مدرسوں کی جانچ و ان کی امدادکے حوالے سے بھی تشویش کا اظہارکیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کا اردو اور مسلمانوں کےتئیں رویہ جگ ظاہر ہے۔ موجودہ بجٹ میں شمشان گھاٹوں کیلئے تو رقم مختص ہے مگر قبرستانوں کیلئے نہیں۔ ساجوادی رکن اسمبلی سدھاکرسنگھ نے بتایا کہ حکومت کا دعوی ہے کہ اس سال کے بجٹ میں اضافہ کیا گیا ہے مگر دراصل یہ ۵۰۰؍کروڑ روپے کم ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK