• Tue, 24 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ونود مہرا، ہر کردار میں ڈھل جانے والے فنکار کے طور پر جانے جاتے ہیں

Updated: October 29, 2024, 11:52 AM IST | Mumbai

ہندی فلموں کے اپنے وقت کے سپر اسٹار ونودمہرا نے بطور چائلڈ آرٹسٹ اپنےکرئیر کا آغاز کیا اور ۱۰۰؍سےزائد فلموں میں بطورہیرو نظر آئے۔

Vinod Mehra. Photo: INN.
ونود مہرا۔ تصویر: آئی این این۔

ہندی فلموں کے اپنے وقت کے سپر اسٹار ونودمہرا نے بطور چائلڈ آرٹسٹ اپنےکرئیر کا آغاز کیا اور ۱۰۰؍سےزائد فلموں میں بطورہیرو نظر آئے۔ ونود مہراکی پیدائش ۱۳؍فروری ۱۹۴۵ء کو امرتسر میں ہوئی۔ ۵۰ء اور۶۰ء کی دہائی میں انہوں نےبطور چائلڈآرٹسٹ کام کیا۔ بطور چائلڈ آرٹسٹ ان کی پہلی فلم عدل جہانگیر تھی جو ۱۹۵۵ء میں ریلیز ہوئی تھی۔ ۱۹۵۸ءمیں فلم راگنی آئی جس میں انہوں نے کشور کمار کے بچپن کا رول ادا کیا اور بچپن میں ہی ثابت کر دیا کہ اداکاری میں ان کا کوئی ثانی نہیں ہے۔ ۱۹۶۵ءمیں جب آل انڈیا کانٹیسٹ ہواتو ہزاروں امیدواروں میں ونود مہرہ دوسرے نمبر پر آئے تھےجب کہ راجیش کھنہ پہلے نمبر پرتھے۔ آل انڈیا کانٹیسٹ کے بعد ونود مہرا نے یہ سوچ لیا تھا کہ اب میں ایک بڑا اداکار بنوں گااور انہوں نے ایسا ہی کیا۔ 
۱۹۷۱ءمیں انہوں نے فلم ’ایک تھی ریٹا ‘میں بطورہیرو کام کیا۔ یہ فلم انگریزی ڈرامے پر بنی تھی جس کانام تھا’اےگرل کالڈ ریٹا‘اس فلم میں ان کی ہیروئن تنوجا تھیں۔ اس فلم کےبعد ونود نے کئی کامیاب فلمیں کیں جن میں ’پردے کے پیچھے‘، ’امر پریم‘ اور ’لال پتھر‘ شامل تھیں۔ ’لال پتھر‘ میں تو کمال ہی ہوگیا تھا۔ اس فلم میں ان کے ساتھ راج کمار، ہیما مالنی اور راکھی جیسےسپرہٹ اداکار تھے۔ اس فلم میں بھی ونود مہرا نے ان کا خوب ساتھ دیااور ۱۹۷۲ءآئی فلم انوراگ نےسب کچھ بدل کر رکھ دیا، یہ فلم بڑی کامیاب ہوئی اور اسی فلم نے ونود کو سپر اسٹار بنا ڈالا۔ 
ونودنےبطور ہیرو اور کبھی سائیڈ ہیرو بہت ساری فلمیں کیں اور ہر کردار بڑی خوبصورتی سے نبھایا۔ انہوں نے کئی کامیاب فلمیں دیں جن میں، جانی دشمن، ناگن، انورودھ امر دیپ اور بے مثال جیسی فلموں کے لیے انھیں کئی ایوارڈز بھی دئیے گئے۔ 
ونود مہرہ نے۳؍بار شادی کی ان کی پہلی شادی مینا بروکا سے ہوئی جو ایک ارینج میرج تھی اپنی ماں کےکہنےپر انہوں نے یہ شادی تو کرلی لیکن وہ اس سےخوش نہیں تھے۔ پہلی شادی کے بعد ان کو دل کا دورہ پڑا جیسےہی ان کی طبیعت ٹھیک ہونے لگی انھیں اپنی پسندیدہ ہیروئن بندیا گوسوامی سے عشق ہوگیا اور ان سے دوسری شادی کرلی۔ یہ خبریں بھی سامنے آئی تھیں کہ ان کی شادی ریکھا سے بھی ہوئی تھی کیونکہ فلم ’گھر‘ میں ان کی کیمسٹری دیکھنے لائق تھی مگر ریکھا نے ایک انٹرویو میں کہہ دیاتھاکہ میں اور ونود صرف دوست تھے ہماری کبھی شادی نہیں ہوئی۔ ۱۹۸۸ء میں ونود نےکرن سے شادی کرلی۔ ان کے دو بچے بیٹی سونیااور بیٹا روہن ابھی چھوٹےہی تھے کہ ۳۰؍ اکتوبر ۱۹۹۰ءکومحض ۴۵؍سال کی عمر میں ونود مہرا کو دل کا دورہ پڑا اور وہ اس دنیا کو چھوڑ کر چلے گئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK