• Sat, 23 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

یش چوپڑہ: رومانی فلموں کے خالق

Updated: September 28, 2020, 12:48 PM IST | Agency | Mumbai

بالی ووڈ میں کنگ آف رومانس یش چوپڑہ وکو ایک فلم ساز کے طور پر یاد کیا جاتا ہے جنہوں نے رومانی فلموں کے ذریعہ ناظرین کے درمیان اپنی ایک خاص شناخت بنائی۔

 Yash Chopra . Picture:INN
یش چوپڑہ۔ تصویر: آئی این این

بالی ووڈ میں کنگ آف رومانس یش چوپڑہ وکو ایک فلم ساز کے طور پر یاد کیا جاتا ہے جنہوں نے رومانی فلموں کے ذریعہ ناظرین کے درمیان اپنی ایک خاص شناخت بنائی۔ برطانوی پنجاب کے لاہور میں ۲۷؍ ستمبر ۱۹۳۲ءکو پیدا ہوانے والے یش چوپڑہ کے بڑے بھائی بی آر چوپڑہ فلم انڈسٹری کے جانے مانے پروڈیوسر و ڈائریکٹر تھے۔اپنے کریئر کے ابتدائی دور میں یش چوپڑہ نے  آئی ایس جوہر کے ساتھ بطور معاون کام کیا۔بطور ہدایت کار یش چوپڑہ نے اپنے سنیما کریئر کا آغاز۱۹۵۹ء میں اپنے بھائی کے بینر تلے بننے والی فلم’دھول کا پھول‘ سے کیا ۔ ۱۹۶۱ء میں یش چوپڑہ کو ایک بار پھر اپنے بھائی کے بینر تلے بنی فلم’ دھرم پتر‘کو ڈائرکٹ کرنے کا موقع ملا۔اس فلم سے ہی بطور اداکار ششی کپور نے اپنے کریئر کا آغاز کیاتھا۔ ۱۹۶۵ءمیں فلم ’وقت‘یش چوپڑہ کی ہدایتکاری میں بننے والی  فلم، بہترین فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔اس فلم کو بالی ووڈ کی پہلی ملٹی اسٹارر فلم مانا جاتاہے۔’وقت ‘ میں بلراج ساہنی،راج کمار،سنیل دت ،ششی کپور اور رحمٰن نے اہم رول ادا کئے تھے۔ ۱۹۶۹ءمیں یش چوپڑہ کے کریئر کی ایک اور سپر ہٹ فلم ’ اتفاق‘آئی۔دلچسپ بات یہ ہے کہ راجیش کھنہ اور نند اکی جوڑی والی سسپنس تھرلر اس فلم میں کوئی نغمہ نہیں تھااس کے باوجود ناظرین میں فلم  نے زبردست پذیرائی حاصل کی اور اسے سپر ہٹ بنادیا۔  ۱۹۷۳ءمیں آئی فلم ’داغ‘کے ذریعہ یش چوپڑہ نے فلم سازی کے شعبہ میں قدم رکھااور ’یش راج‘بینر کا قیام عمل میں آیا۔راجیش کھنہ،شرمیلا ٹیگور اور راکھی کی اداکاری والی یہ فلم ٹکٹ کھڑکی پر سپر ہٹ ثابت ہوئی۔۱۹۷۵ء میں آنے والی فلم ’دیوار‘ اور یش چوپڑہ کے فلمی کریئر کیلئے میل کا پتھر ثابت ہوئی۔ ۱۹۷۶ء میں یش چوپڑہ کی فلم ’کبھی کبھی‘آئی۔رومانی پس منظر پر مبنی اس فلم میں یش چوپڑہ نےاینگری ینگ مین  امیتابھ بچن سے رومانی کردار کرواکر فلم ناظرین کو حیرت میں ڈال دیا۔سمجھا جاتاہے کہ یش چوپڑہ نے امیتابھ بچن کے ذریعہ شاعر اورنغمہ نگار ساحر لدھیانوی کی زندگی سے جڑے پہلوؤں کو پردۂ سیمیں پر پیش کیاتھا۔
 ۱۹۸۱ء میں آئی فلم ’سلسلہ‘یش چوپڑہ کی ہدایتکاری کی اہم فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔مانا جاتا ہے کہ اس فلم میں امیتابھ-ریکھا کے رشتوں پر مبنی فلم ہے۔ ۱۹۸۲ء سے ۱۹۸۹ءتک کا وقت یش چوپڑہ کیلئے برا ثابت ہوا۔ اس دوران ان کی ’ناخدا‘ ، ’سوال‘، ’فاصلے‘، ’مشعل‘، ’وجے‘ جیسی فلمیں باکس آفس پر ناکام ہوگئیں۔ ۱۹۸۹ءمیں سری دیو اور رشی کپور کی اداکاری سے سجی فلم’چاندنی‘کی کامیابی کے ساتھ یش چوپڑہ ایک بار پھر سے شہرت کی بلندیوں پر جاپہنچے۔۱۹۹۱ءمیں آئی ’لمحے‘یش چوپڑہ کے فلمی کریئر کی اہم فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔اس فلم کے ذریعہ یش چوپڑہ نے یہ دکھانے کی کوشش کی کہ محبت کی کوئی عمر نہیں ہوتی ہے۔حالانکہ یہ فلم ناظرین کے معیار پر کھری نہیں اتری لیکن فلمی مبصرین کا ماننا ہے کہ یہ فلم یش چوپڑہ کے کریئر کی بہترین فلموں میں سے ایک ہے۔۱۹۹۵ءمیں یش چوپڑہ کے کریئر کی ایک اور سپر ہٹ فلم ’دل والے دلہنیاں لے جائیں گے‘ آئی، نوجوانوں کی محبت پر مبنی کہانی شاہ رخ خان کی بہترین اداکاری سے مزین یہ فلم سپر ہٹ ثابت ہوئی۔ ۱۹۹۷ء میں آئی فلم ’دل تو پاگل ہے‘ یش چوپڑہ کی ایک اور شاندار فلم شمار کی جاتی ہے۔مادھوری دکشت ،شاہ رخ خان اور کرشمہ کپور کی محبت کے مثلث پر مبنی اس فلم کے ذریعہ یش چوپڑہ نے فلم ناظرین کو یہ بتایا کہ جوڑی اوپر والے کی مرضی سے سورگ میں بنتے ہیں۔اس فلم کے بعد بطور ہدایتکار یش چوپڑہ نے کچھ برسوں تک فلموں کی ہدایتکاری بند کر دی۔ ۲۰۰۴ءمیں آنے والی فلم ’ویر زارا‘سے یش چوپڑہ نے ایک بار پھر ڈائریکشن میں قدم رکھا۔ شاہ رخ خان اور پریٹی زنٹا کی اداکاری والی اس فلم کے ذریعہ یش چوپڑہ نے ناظرین کو بتایا کہ محبت کوکسی ملک کی سرحد میں قید نہیں رہ سکتی ہے۔اس فلم کی موسیقی سے جڑی دلچسپ کہانی یہ ہے آنجہانی موسیقارمدن موہن کی ۸؍دھنوں کو فلم میں استعمال کیا گیا۔ یش چوپڑہ کواپنے فلمی کریئر میں۱۱؍بار فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔فلم کے شعبہ میں نمایاں کام کرنے کے صلہ میں انہیں پروقار’دادا صاحب پھالکے‘ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔یش چوپڑہ کی آخری فلم ’جب تک ہے جان‘ ۲۰۱۲ءمیں آئی ۔ اپنی فلموں کے ذریعہ ناظرین کو رومانس کا احساس کروانے والے یش چوپڑہ نے۲۱؍اکتوبر ۲۰۱۲ء میں دنیا کو الوداع کہہ دیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK