• Tue, 19 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

یش چوپڑا بالی ووڈ میں کنگ آف رومانس کے طور پر مشہور ہیں

Updated: September 27, 2024, 11:13 AM IST | Agency | Mumbai

بالی ووڈ میں مشہور فلمساز یش چوپڑا کوکنگ آف رومانس کےطور پر یاد کیا جاتا ہے جنہوں نےرومانٹک فلموں کے ذریعے ناظرین کے دلوں میں اپنے لئے ایک خاص جگہ بنائی۔ 

Yash Chopra who made romantic films. Photo: INN
رومانی فلمیں بنانے والے یش چوپڑا۔ تصویر : آئی این این

بالی ووڈ میں مشہور فلمساز یش چوپڑا کوکنگ آف رومانس کےطور پر یاد کیا جاتا ہے جنہوں نےرومانٹک فلموں کے ذریعے ناظرین کے دلوں میں اپنے لئے ایک خاص جگہ بنائی۔ 
 یش چوپڑاکی پیدائش ۲۷؍ستمبر۱۹۳۲ءکو پاکستان میں پنجاب صوبے کے تاریخی شہر لاہور میں ہوئی تھی۔ ان کے بڑے بھائی بی آر چوپڑا فلم انڈسٹری کے مشہور پروڈیوسر و ڈائریکٹرتھے۔ یش نے بمبئی آکر آئی ایس جوہر کے ساتھ بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر اپناکریئر شروع کیاتھا۔ ۱۹۵۹ءمیں انہوں نے بطور ہدایت کاراپنےکرئیرکی شروعات اپنے بڑے بھائی بی آر چوپڑا کے بینرتلے فلم ’دھول کا پھول‘سے کی تھی۔ ۱۹۶۱ءمیں انہیں دوبارہ اپنے بھائی کے بینر تلےبنی فلم ’دھرم پتر‘میں ہدایت کاری کرنے کا موقع ملا۔ اس فلم میں ششی کپور نے بطور اداکار اپنے فلمی کرئیر کی شروعات کی تھی۔ ان دونوں فلموں کی کامیابی سے حوصلہ پاکر چوپڑا بھائیوں نے۶۰ءکی دہائی میں دیگر کئی فلمیں بنائیں۔ ۱۹۶۵ءمیں بنی فلم ’وقت‘ان کی بہترین فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔ اس فلم کو پہلی ملٹی اسٹارر فلم مانا جاتا ہے۔ اس فلم میں بلراج ساہنی، راجکمار، سنیل دت، ششی کپور اور رحمان نے اہم کردار ادا کئے تھے۔ ۱۹۶۹ءمیں ایک اور سپر ہٹ فلم’اتفاق‘ منظرعام پر آئی۔ راجیش کھنہ اور نندا کی سسپنس تھریلر والی اس فلم میں حالانکہ کوئی نغمہ نہیں تھااس کے باوجود فلم کو ناظرین نے بہت پسند کیا۔ 
 ۱۹۷۳ءمیں ریلیزہونے والی فلم’داغ‘کے ذریعہ یش چوپرانےفلم سازی کے میدان میں بھی قدم رکھا۔ ۱۹۷۵ءمیں ریلیز ہونےوالی فلم ’دیوار‘ یش چوپڑا کے فلمی کریئر کیلئے ایک نیا سنگ میل ثابت ہوئی۔ ۱۹۷۶ءمیں یش چوپڑا کی فلم کبھی کبھی ریلیز ہوئی۔ کہا جاتا ہے کہ اس فلم میں مبینہ طور پر سپرسٹار امیتابھ بچن کےذریعہ نغمہ نگار ساحر لدھیانوی کی زندگی سےوابستہ پہلوؤں کو پردہ سیمیں پر پیش کیا تھا۔ ۱۹۸۱ءمیں ریلیزہوئی فلم ’سلسلہ‘ یش چوپڑا کی ہدایت کاری میں بننے والی اہم فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔ یہ تصور کیا جاتا ہے کہ اس فلم میں امیتابھ بچن اور ریکھاکی اصل زندگی کو پردہ سیمیں میں پیش کیا گیا تھا۔ ۱۹۸۲ء سے ۱۹۸۹ءیش چوپڑا کے سنے کیریئر کے لئےبرا ثابت ہوا۔ اس دوران ناخدا، سوال، فاصلے، مثال اوروجے جیسی کئی فلمیں باکس آفس پر ناکام ثابت ہوئیں۔ ۱۹۸۹ءمیں فلم’چاندنی‘نےایک مرتبہ پھر یش چوپڑاکو شہرت دلائی۔ 
 ۱۹۹۵ءمیں یش چوپڑا کی ایک اور سپرہٹ فلم ’دلوالے دلہنیا لے جائیں گے‘ ریلیز ہوئی۔ ۱۹۹۷ء میں ریلیزہوئی فلم دل تو پاگل ہے یش چوپڑا کی ہدایت کاری میں بنی سپر ہٹ فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔ ۲۰۰۴ءمیں فلم ’ویر زارا‘ سے یش چوپڑا نے ایک مرتبہ پھر ہدایت کاری کے شعبے میں قدم رکھا۔ شاہ رخ خان اور پریتی زنٹا نےاس فلم میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ اس فلم کے ذریعہ یش چوپڑا نےیہ بتادیا کہ محبت کرنے والوں کو کوئی بھی سرحد روک نہیں سکتی۔ 
 یش چوپڑاکو اپنےفلمی کریئرمیں اب تک ۱۱؍ بار فلم فیئر ایوارڈسےنوازا جاچکا تھا۔ فلمی دنیا میں اہم تعاون کیلئے۲۰۰۱ءمیں یش چوپڑا کو دادا صاحب پھالکے ایوراڈ ملا۔ یش چوپڑا کی آخری فلم جب تک ہےجان ۲۰۱۲ءمیں ریلیز ہوئی۔ ہندی فلموں کو رومان کے رنگوں سےشرابور کرنےوالے مشہور اور معروف فلم ساز اورہدایت کار یش چوپڑا ۲۱؍ اکتوبر ۲۰۱۲ء کو اس دنیا کو الوداع کہہ گئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK