• Tue, 17 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

فوٹوگرافرکی حیثیت سے بالی ووڈ میں قدم رکھنے والے یش جوہرنےکئی عمدہ فلمیں بنائیں

Updated: September 07, 2021, 11:20 AM IST | Agency | Mumbai

بالی ووڈ کے لئے متعدد یادگار فلمیں بنانے والے فلم ساز یش جوہر کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے۔فلم کبھی خوشی کبھی غم، کچھ کچھ ہوتا ہے اورکل ہو نہ ہو جیسی سپر ہٹ فلموں کے پروڈیوسر یش جوہر۶؍ ستمبر ۱۹۲۹ء کو لاہور کے پنجاب میں پیدا ہوئے۔

Yash Johar Awards can be seen in hand.Picture:INN
یش جوہر ایوارڈس ہاتھ میں لئے ہوئےدیکھے جاسکتے ہیں تصویر: آئی این این

بالی ووڈ کے لئے متعدد یادگار فلمیں بنانے والے فلم ساز یش جوہر کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے۔فلم کبھی خوشی کبھی غم، کچھ کچھ ہوتا ہے اورکل ہو نہ ہو جیسی سپر ہٹ فلموں کے پروڈیوسر یش جوہر۶؍ ستمبر ۱۹۲۹ء کو لاہور کے پنجاب میں پیدا ہوئے۔
 یش جوہرنے ۶۰ء کی دہائی میں ایک فوٹوگرافر کی حیثیت سے فلمی دنیا میں قدم رکھا تھا اور مختلف ہدایتکاروں کے ساتھ معاون کی حیثیت سے کام کیا۔ انہوں نے بالی ووڈ میں اپنے کریئر کی شروعات ۱۹۵۲ء میں سنیل دت پروڈکشن ہاؤس اجنتا آرٹ سے کی۔ یش جوہر نے فلم ’مجھے جینے دو ‘ اور ’یہ راستے ہیں پیار کے ‘ جیسی فلموںمیں اسسٹنٹ کے طور پر کیا۔ یہی نہیں انہوں نے دیو آنند کی فلم ’گائیڈ ‘ میں بھی اپنا بھرپور تعاون دیا ۔ اس فلم نے باکس آفس پر شہرت کے ساتھ زبردست کمائی کی تھی۔ یش جوہر زندگی میں ایک کامیاب انسان بننا چاہتے تھے۔ بس اسی مقصد کے ساتھ وہ بالی ووڈ میں اپنے وقت کے معروف اداکار دیوا ٓنند کے ساتھ مسلسل کام میں مصروف رہنے لگے۔ یش جوہر ، دیو آنند کی ’نوکیتن ‘ فلم سے وابستہ ہوگئے اور ان کے ساتھ ’جویل تھیف‘، پریم پجاری اور ہرے راما ہرے کرشنا جیسی فلموں میں اپنا تعاون دیا۔ ایک معاون کے طور پر کام کرتے ہوئے یش جوہر کو خاصہ تجربہ ہوگیا تھا ۔ انہوں نے۱۹۷۶ءمیں ’دھرما پروڈکشن ‘ کے نام سے اپنا بینر قائم کیا اور فلمسازی کے میدان میں قسمت آزمائی کی۔ انہوں نے راج کھوسلہ کی ہدایتکاری میں سب سے پہلے فلم ’دوستانہ ‘ بنائی جو باکس آفس پر ہٹ ثابت ہوئی۔ اس فلم میں امیتابھ بچن، شتروگھن سنہا اور زینت امان نے کام کیا۔ دھرما پروڈکشن نے۸۰ءاور۹۰ءکی دہائی میں ’اگنی پتھ ‘ ، ’گمراہ ‘ اور ’ڈپلی کیٹ ‘ جیسی فلمیں بنائیں۔ یش جوہر کی شادی ہیرو جوہر سے ہوئی تھی جو نامور فلم ہدایت کار بی آرچوپڑا اور یش چوپڑا کی بہن تھیں۔یش جوہر کے دھرما پروڈکشن کی۱۹۹۸ءمیں ریلیزہونے والی فلم ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ کوبہترین فلم قرار دیا گیا۔ یہ فلم ان کے صاحبزادے کرن جوہر نے بنائی تھی۔ اس فلم میں شاہ رخ، رانی مکھرجی، کاجول کے اہم کردار تھے۔ اس فلم نے ملک میں ہی نہیں بلکہ غیر ممالک میں شہرت کے جھنڈے گاڑدیئے۔ کرن جوہر نے اس فلم کو اس قدر بہترین انداز میں بنایا تھا کہ اس فلم کو۴۴؍ ویں سالانہ فلم فیئر ایواڑ میں بہترین فلم کا خطاب حاصل ہوا۔ نیز اسے لکس زی سنے ایوارڈ، سانسوئی ویورس چوائس ایوارڈ ، بالی ووڈ مووی ایوارڈ اور نیشنل فلم ایوارڈ سے بھی سرفراز کیا گیا۔
 زندگی کی مشکلات کا سامنا کرکے کامیابی کی بلندیوں پر پہنچنے والے یش جوہر کینسر جیسی موذی بیماری میں مبتلا ہوگئے تھے اور۲۶؍جون۲۰۰۴ءمیں اس دنیا کو الوداع کہہ دیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK