۲۰۱۲ء میں سیف علی خان سے شادی سے قبل لوگوں نے کرینہ کپور سے کہا تھا کہ شادی مت کرو ورنہ تمہارا کریئر ختم ہوجائے گا جس کے جواب میں کرینہ نے کہا تھا کہ اگر میرا کریئر ختم ہوتا ہے تو ہوجائے۔ تاہم، شادی کے بعد انہوں نے زیادہ فلمیں کیں اور بالی ووڈ میں علاحدہ شناخت بنائی۔
کرینہ کپور۔ تصویر : آئی این این
کرینہ کپور خان نے ۲۱؍ ستمبر کو اپنی ۴۴؍ ویں سالگرہ منائی۔ سوشل میڈیا پر بالی ووڈ شخصیات اور مداحوں نے انہیں مبارکباد پیش کی۔ اسی دوران سوشل میڈیا پر ان کا ایک پرانا انٹرویو وائرل ہورہا ہے جس میں کرینہ ،سیف علی خان سے شادی کرنے پر لوگوں کے ردعمل کے بارے میں بتارہی ہیں کہ لوگ انہیں کہہ رہے تھے کہ شادی مت کرو ورنہ تمہارا کریئر ختم ہوجائے گا۔ لیکن کرینہ نے ان باتوں پر توجہ نہیں دی اور آج ان کا شمار بالی ووڈ کی صف اول کی اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ فیور ایف ایم کے ساتھ بات چیت میں، کرینہ کپور نے کہا کہ ’’لوگ کہتے تھے کہ شادی مت کرو! ورنہ تمہارا کریئر ختم ہو جائے گا! مَیں نے کہا ٹھیک ہے اگر میرا کریئر ختم ہوتا ہے تو ہوجائے۔ مَیں نے شادی کے بعد زیادہ کام کیا ہے۔ مَیں نے اولاد کی پیدائش کے بعد بھی کام کیا ہے۔ لہٰذا میں سمجھتی ہوں کہ یہ چیلنج ہے کہ آپ پُراعتماد رہیں اور اپنے خلاف آنے والی لہر کا رُخ موڑ دیں۔‘‘
واضح رہے کہ کرینہ کپور اور سیف علی خان کی شادی ۱۶؍ اکتوبر ۲۰۱۲ء کو ہوئی تھی۔ ان کے دو بیٹے، تیمور علی خان (پیدائش: ۲۰۱۶ء) اور جہانگیر علی خان عرف جے (پیدائش: ۲۰۲۱ء) ہیں۔ کام کے محاذ پر، کرینہ کو آخری بار ہنسل مہتا کی ’’دی بکنگھم مرڈرز‘‘ میں دیکھا گیا۔ وہ فی الحال ’’سنگھم اگین‘‘ کی ریلیز کی تیاری کر رہی ہیں جو یکم نومبر کو سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔