• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

زہرہ سہگل نے پرتھوی راج سے رنبیرکپورتک کے ساتھ کام کیا

Updated: July 12, 2024, 4:07 PM IST | Mumbai

سنیما کی دنیا میں زہرہ سہگل کا نام ایک ایسی اداکارہ اور رقاصہ کے طور پر یاد کیا جاتا ہے جنہوں نے تقریباً ۷؍ دہائیوں تک بہترین اداکاری سے ناظرین کو اپنا دیوانہ بنایا۔

Zehra Sehgal can be seen in a scene from the movie Dekha with Ranbir Kapoor. Photo: INN
زہرہ سہگل کو رنبیر کپور کے ساتھ دیکھافلم کے ایک منظر میں دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر: آئی این این

سنیما کی دنیا میں زہرہ سہگل کا نام ایک ایسی اداکارہ اور رقاصہ کے طور پر یاد کیا جاتا ہے جنہوں نے تقریباً ۷؍ دہائیوں تک بہترین اداکاری سے ناظرین کو اپنا دیوانہ بنایا۔ غیر معمولی صلاحیت اور توانائی سےبھرپور زہرہ سہگل ایک ایسی اداکارہ تھیں جنہوں نے فلمی دنیا کی۴؍نسلوں پرتھوی راج کپورسےلےکر رنبیر کپور کے ساتھ بھی کام کیا۔ ۲۷؍اپریل  ۱۹۱۲ء کو اترپردیش کے سہارنپور میں پیدا ہوئیں زہرہ کی زندگی کے تئیں جوش و جذبے اور ان کے دلفریب انداز کا کوئی جواب نہیں تھا۔  زہرہ سہگل جب ایک برس کی تھیں تب ان کی بائیں آنکھ کی روشنی چلی گئی۔ اس وقت۳؍لاکھ پونڈ خرچ کرکے لندن کے ایک اسپتال میں ان کا علاج کرایاگیا اور آنکھ کی روشنی واپس آگئی۔ زہرہ کی پڑھائی لڑکوں کے اسکول میں ہوئی تھی اس لئے ان کےمزاج میں کھلنڈراپن تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ زہرہ اسکول کے دنوں میں درختوں پر چڑھ جایا کرتی اور لڑکوں جیسی شرارتیں کرتی تھیں۔ بطور اداکارہ زہرہ سہگل نے اپنے کریئر کا آغاز ۱۹۴۶ءمیں آئی فلم’’دھرتی کے لال‘‘سے کیا۔ اپٹا کے تعاون سے، خواجہ احمد عباس کی ہدایت میں بنی پہلی فلم دھرتی کے لال سے بلراج ساہنی نےبھی بطور اداکار اپنےکریئر کا آغاز کیا تھا۔ اسی سال زہرہ سہگل کو ایک اور فلم’’نیچا نگر‘‘ میں بھی کام کرنے کا موقع ملا۔۱۹۵۰ءمیںزہرہ سہگل کو چیتن آنند کی ہدایت کاری میں بنی فلم ’افسر‘میں کام کرنے کا موقع ملا۔ اس فلم میں دیو آنند نے اہم کردار ادا کیاتھا۔ تاہم فلم ٹکٹ کھڑکی پر کامیاب نہیں ہوئی لیکن زہرہ سہگل کی اداکاری کو ناظرین نے ضرور پسند کیا۔ اس کے بعد زہرہ سہگل نے کچھ فلموں میں کوریوگرافر کے طور پر بھی کام کیا۔ زہرہ سہگل نے اپنے کریئر کے دوران ہندی فلموں کے علاوہ بہت سی انگریزی فلموں میں بھی کام کیا۔ زہرہ سہگل ۱۴؍برس تک پرتھوی تھیٹر سے وابستہ رہنے کےساتھ وہ’اپٹا‘ سے بھی منسلک رہیں۔ زہرہ سہگل کو ان کی قابل ذکر شراکت کےلئے حکومت ہند نے ۱۹۹۸ءمیں پدم شری، ۲۰۰۲ءمیں پدم بھوشن اور۲۰۱۰ءمیں پدم وبھوشن سے نوازا۔۲۰۰۷ءمیں زہرہ سہگل نے فلم چینی کم میں امیتابھ بچن کی ماں کاکردار اداکیا تھا۔۲۰۰۷ءمیںہی ریلیزہوئی سنجے لیلا بھنسالی کی فلم سانوريا میں بھی زہرہ سہگل نے کام کیا تھا۔اپنی اداکاری سے ناظرین کے درمیان خاص شناخت بنانے والی زہرہ سہگل۱۰؍جولائی۲۰۱۴ءکو اس دنیا کو الوداع کہہ گئیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK