غیرمعمولی صلاحیت اور توانائی سےبھرپورزہرہ سہگل ایک ایسی اداکارہ تھیں جنہوں نےفلمی دنیا کی۴؍نسلوں پرتھوی راج کپور سے لے کررنبیر کپور کے ساتھ بھی کام کیا۔
EPAPER
Updated: July 10, 2023, 4:56 PM IST | Mumbai
غیرمعمولی صلاحیت اور توانائی سےبھرپورزہرہ سہگل ایک ایسی اداکارہ تھیں جنہوں نےفلمی دنیا کی۴؍نسلوں پرتھوی راج کپور سے لے کررنبیر کپور کے ساتھ بھی کام کیا۔
غیرمعمولی صلاحیت اور توانائی سے بھرپورزہرہ سہگل ایک ایسی اداکارہ تھیں جنہوں نےفلمی دنیا کی۴؍نسلوں پرتھوی راج کپور سے لے کررنبیر کپور کے ساتھ بھی کام کیا۔ ۲۷؍ اپریل ۱۹۱۲ءکو اترپردیش کے سہارنپورمیں پیدا ہوئیں زہرہ کی زندگی کے تئیں جوش و جذبے اور ان کے دلفریب انداز کا کوئی جواب نہیں تھا۔زہرہ سہگل جب ایک برس کی تھیں تب ان کی بائیںآنکھ کی روشنی چلی گئی۔اس وقت۳؍ لاکھ پونڈ خرچ کر کے لندن کے ایک اسپتال میں ان کا علاج کرایاگیا اور آنکھ کی روشنی واپس آگئی۔ زہرہ کی پڑھائی لڑکوں کے اسکول میں ہوئی تھی اس لئے ان کےمزاج میں کھلنڈراپن تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ زہرہ اسکول کے دنوں میں درختوں پر چڑھ جایاکرتی اور لڑکوں جیسی شرارتیں کرتی تھیں ۔زہرہ سہگل نے اپنےکریئر کا آغاز بطور رقاصہ ۱۹۳۵ءمیں اس زمانے کے مشہور رقاص اودے شنکر کےساتھ کیا۔ زہرہ سہگل نے اودے شنکر کے ساتھ جاپان، مصر، یوروپ اور امریکہ سمیت کئی ملکوں میں اپنےرقص کے پروگرام پیش کئے۔۱۹۴۲ءمیںزہرہ سہگل نےسائنس داں پینٹر اور رقاص کملیشور سہگل سے شادی کی۔
بطور اداکارہ زہرہ سہگل نےاپنے کریئر کا آغاز ۱۹۴۶ءمیںآئی فلم’دھرتی کے لال‘سے کیا۔ اپٹا کے تعاون سے ، خواجہ احمد عباس کی ہدایت میں بنی پہلی فلم دھرتی کے لال سے بلراج ساہنی نے بھی بطور اداکار اپنےکریئرکا آغاز کیا تھا۔ اسی سال زہرہ سہگل کو ایک اور فلم’نیچا نگر‘ میں بھی کام کرنے کا موقع ملا۔۱۹۵۰ءمیں زہرہ سہگل کو چیتن آنند کی ہدایت میں بنی فلم ’افسر‘ میں کام کرنے کا موقع ملا۔ اس فلم میں دیو آنند نے اہم کردار ادا کیاتھا۔ تاہم فلم ٹکٹ کھڑکی پر کامیاب نہیں ہوئی لیکن زہرہ سہگل کی اداکاری کو ناظرین نے ضرور پسند کیا۔ اس کے بعد زہرہ سہگل نے کچھ فلموں میں کوریوگرافر کے طور پر بھی کام کیا۔
زہرہ سہگل نےاپنے کریئر کے دوران ہندی فلموں کے علاوہ بہت سی انگریزی فلموں میں بھی کام کیا۔زہرہ سہگل نے ۱۴؍برس تک پرتھوی تھیٹر سے وابستہ رہنے کے ساتھ وہ’اپٹا‘سےبھی منسلک رہیں ۔ زہرہ سہگل کو ان کی قابل ذکر شراکت کےلئے حکومت ہند نے۱۹۹۸ءمیں پدم شری،۲۰۰۲ءمیں پدم بھوشن اور۲۰۱۰ءمیں پدم وبھوشن سے نوازا۔
۲۰۱۲ءمیںزہرہ سہگل نے جب ۱۰۰؍ سال پورےکئےتھے تب امیتابھ بچن نے انہیں ۱۰۰؍ سال کی بچی کہا تھا۔امیتابھ نے کہا تھا کہ زہرہ ایک چھوٹی سی بچی کی طرح ہیں اور اس عمر میں بھی ان کی لا محدود توانائی قابل دید ہے۔ امیتابھ نے کہا تھا میں نےانہیں کبھی مایوس یا کسی مشکل میں نہیں دیکھا وہ ہمیشہ ہنستی، كھلكھلاتی رہتی ہیں۔
زہرہ سہگل کہتی تھیں کہ ان کی لمبی عمر کا راز طویل عرصے تک فعال رہنا تھا۔ زہرہ سہگل کہتی تھیں اگر آپ غیر فعال ہوکر گھر پر بیٹھ گئے تو سمجھ لیجئے آپ ختم ہو گئے۔ زہرہ سہگل نے اپنے کریئر کے دوران ہم دل سے دل دے چکے صنم، ویر زارا جیسی کئی سپر ہٹ فلموں میں بھی کام کیا تھا۔
۱۹۶۲میںزہرہ سہگل لندن چلی گئیں اور ۲۵؍سال بعد ہندوستان واپس آئیں۔ ۱۹۷۶ء میں بی بی سی کی جانب سے بنایا گیا سیریل پڑوسی‘ کافی مقبول ہوا۔۱۹۸۴ءمیںسیریل `’جویل ان دی کراؤن ‘میں لیڈی چٹرجی کا رول ان کے کریئر کا بہترین رول تھا۔اس کے بعد زہرہ نے سرخیوں میں چھائےرہنے والے سیریل ’تندوری نائٹس‘ میں کام کیا۔۱۹۹۷ءمیںزہرہ نے اپنی سوانح عمری’اسٹیجس‘ لندن سے شائع کی تھی۔ اپنی اداکاری سے ناظرین کے درمیان خاص شناخت بنانے والی زہرہ سہگل ۱۰؍ جولائی۲۰۱۴ءکو اس دنیا کو الوداع کہہ گئیں ۔