دنیا کی خوبصورت ترین خواتین میں شمار ہونے والی ایشوریہ رائے یکم نومبر ۱۹۷۳ء کو منگلور، کرناٹک میں پیدا ہوئی تھیں۔ انہوں نے اپنی تعلیم ممبئی یونیورسٹی سے مکمل کی۔ تعلیمی سفر کے دوران ہی انہوں نے ماڈلنگ کی شروعات کردی تھی، اس کے بعد انہوں نے فلموں میں قدم رکھا تھا۔ ان کا شمار ہندوستانی سنیما کی کامیاب ترین اور سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ جانئے ایشوریہ رائے کے متعلق چند دلچسپ باتیں۔ تمام تصاویر: آئی این این، ایکس، انسٹاگرام، فیس بک، یو ٹیوب
ایشوریہ جب ۹؍ ویں جماعت میں تھیں، تب انہوں نے اپنا پہلا اشتہار شوٹ کیا تھا جو کیملن پنسل کا تھا۔ تاہم، ۱۹۹۳ء میں عامر خان کے ساتھ پیپسی کے اشتہار میں آنے کے بعد انہیں شہرت ملی۔
ووگ انڈیا سے ایک انٹرویو میں ایشوریہ نے کہا تھا کہ مس انڈیا میں شریک ہونے سے پہلے ہی انہیں فلمیں ملنے لگی تھیں لیکن انہوں نے فلموں سے بریک لینے کا فیصلہ کیا تھا۔ اسی انٹرویو میں انہوں نے کہا تھا کہ اگر وہ اس وقت فلم سائن کر لیتیں تو ’’راجہ ہندوستانی‘‘ (۱۹۹۶ء) ان کی پہلی فلم ہوتی جس میں کرشمہ کپور مرکزی کردار میں تھیں۔
۱۹۹۴ء میں مس ورلڈ بننے کے بعد سے لے کر اب تک ایشوریہ رائے نے ۵۰؍ سے زائد فلموں میں کام کیا ہے۔
ایشوریہ پہلے طب کے شعبے میں کریئر بنانا چاہتی تھیں۔ تاہم، انہوں نے آرکیٹکچر بننے کا فیصلہ کیا اور اس کی تعلیم بھی حاصل کی۔
ایشوریہ پہلی ہندوستانی اداکار تھیں جنہیں ’’کانز فلم فیسٹیول‘‘ میں جیوری کیلئے منتخب کیا گیا تھا۔
اپنے سسر امیتابھ بچن کے بعد وہ دوسری ہندوستانی اداکار اور پہلی خاتون تھیں جن کا لندن کے مشہور مومی میوزیم مادام تساؤ میں مومی مجسمہ بنایا گیا تھا۔
کوکن ہوف پارک، نیدرلینڈس میں ایک پھول ایشوریہ رائے کی خوبصورتی کے جشن منانے کے طور پر اُن سے موسوم کیا گیا ہے۔
ایشوریہ اور پرینکا چوپڑہ کے درمیان اس بات پر تنازع ہے کہ پرینکا نے ’’بلف ماسٹر‘‘ میں ابھیشیک کے مقابل ایشوریہ کا رول چھین لیا تھا۔ فلم ’’رام لیلا‘‘ میں ’’رام چاہے لیلا‘‘ نغمہ بھی ایشوریہ پر شوٹ کیا جانا تھا مگر یہ بھی پرینکا کو دے دیا گیا۔
ایشوریہ پہلی ہندوستانی تھیں جنہیں اوپرا ونفرے کے شو پر مدعو کیا گیا تھا۔
ایشوریہ رائے اور ابھیشک بچن کی شادی ۲۰۰۷ء میں ہوئی تھی۔ دونوں نے متعدد فلموں میں ساتھ کام کیا ہے جن میں ’’امراؤ جان‘‘ اور ’’گرو‘‘ کے نام قابل ذکر ہیں۔