۲۶؍ اکتوبر ۱۹۷۴ء کوممبئی میں پیدا ہونے والی روینہ ٹنڈن نے اسی شہر کے تعلیمی اداروں سے تعلیم حاصل کی اور بالی ووڈ میں اپنے کریئر کا آغاز کیا۔ اپنے فلمی کریئر میں انہوں نے کئی اعزازت اپنے نام کئے ہیں جن میں پدم شری (۲۰۲۳ء) قابل ذکر ہے۔ان کے والد روی ٹنڈن فلم ڈائریکٹر تھے۔ جانئے روینہ ٹنڈن کے بارے میں عندچند دلچسپ باتیں۔ تمام تصاویر: آئی این این، ایکس، انسٹاگرام، فیس بک
روینہ کا نام ان کے والد اور والدہ کے نام سے مل کر بنا ہے۔ ان کے والد کا نام روی اور والدہ کا نام وینا تھا۔ انہیں گھر میں سبھی ’’مُن مُن‘‘ کے نام سے پکارتے ہیں۔
۱۹۹۱ء میں روینہ ٹنڈن کی پہلی فلم ’’پتھر کے پھول‘‘ ریلیز ہوئی تھی جس میں ان کے مقابل سلمان خان ہیرو تھے۔ اس وقت روینہ کی عمر صرف ۱۶؍ سال تھی۔ ان کی پہلی ہی فلم باکس آفس پر ہٹ ہوئی تھی جس کے بعد انہیں کئی فلموں کی پیشکش ہوئی۔
روینہ کے والد بڑے ڈائریکٹر تھے لیکن انہوں نے اپنی بیٹی کو فلموں میں لانچ کرنے سے انکار کردیا تھا۔ انہوں نے بطور ماڈل کام شروع کیا اور پھر فلموں میں آگئیں۔ ۹۰ء کے عشرے میں وہ بیک وقت ۴؍ سے ۵؍ فلموں کی شوٹنگ کرتی تھیں۔
روینہ نے ۲۱؍ سال کی عمر ہی میں ۲؍ بچیوں (پوجا اور چھایا) کو گود لیا تھا۔ فاروق شیخ کے شو ’’جینا اسی کا نام ہے‘‘ (۲۰۰۲ء) میں روینہ، ان دونوں کے ساتھ شریک ہوئی تھیں۔ جب روینہ نے ان دونوں کو گود لیا تھا تو پوجا کی عمر ۱۱؍ سال اور چھایا کی ۸؍ سال تھی۔
پوجا کی شادی ۲۰۱۱ء میں جبکہ چھایا کی ۲۰۰۹ء میں ہوئی تھی۔ روینہ ٹنڈن نے مشہور فلم ڈسٹری بیوٹر انیل تھا ڈانی سے ۲۰۰۴ء میں شادی کی تھی۔ ان کے دو بچے ہیں۔
’’دل والے‘‘ اور ’’غیر‘‘ جیسی فلموں میں ایک ساتھ نظر آنے سے قبل روینہ ٹنڈن اور اجے دیوگن ایک دوسرے کو جانتے تھے۔ دونوں نے ایک ہی کالج (میٹھی بائی کالج) سے تعلیم حاصل کی تھی اور کلاس میٹس تھے۔
’’مہرہ‘‘ (۱۹۹۴ء) کی شوٹنگ کے دوران روینہ ٹنڈن اور اکشے کمار نے منگنی کرلی تھی۔ تاہم، کچھ عرصہ بعد دنوں نے منگنی ختم کردی تھی۔
’’تو چیز بڑی ہے مست مست‘‘ نغمہ کی ریلیز کے بعد روینہ ٹنڈن راتوں رات اسٹار بن گئی تھیں۔
ان کی جوڑی گووندہ، اکشے کمار اور اجے دیوگن کے ساتھ کافی پسند کی گئی۔ ’’انداز اپنا اپنا‘‘، ’’دل والے‘‘، ’’پتھر کے پھول‘‘، ’’مہرہ‘‘، ’’دلہے راجہ‘‘، ’’کھلاڑیوں کا کھلاڑی‘‘ اور ’’بڑے میاں چھوٹے میاں‘‘ کا شمار ان کی بہترین فلموں میں ہوتا ہے۔