ہندوستانی سنیما میں سنجے لیلا بھنسالی کا شمار بہترین فلمسازوں اور ہدایتکاروں میں ہوتا ہے۔ ۲۴؍ فروری ۱۹۶۳ء کو ممبئی میں پیدا ہونے والے سنجے نے بالی ووڈ کو کئی سپرہٹ فلمیں دی ہیں جن میں ’’ہم دے چکے صنم‘‘، ’’دیوداس‘‘، ’’باجی راؤ مستانی‘‘ اور ’’پدماوت‘‘ کے نام قابل ذکر ہیں۔ جانئے ان کے بارے میں چند دلچسپ باتیں۔ تمام تصاویر: آئی این این، ایکس، یو ٹیوب، فیس بک، انسٹا گرام
سنجے لیلا بھنسالی اپنے ساتھ اپنی ماں کا نام ’’لیلا‘‘ لگاتے ہیں۔ ان کی ماں کپڑے سیتی تھیں۔ سنجے بھنسالی کا تعلق ایک جین خاندان سے ہے۔ انہیں گجراتی پکوانوں، موسیقی اور ادب سے خاصا لگاؤ ہے۔ ان کے والد نوین بھنسالی فلم پروڈیوسر تھے۔
سنجے نے اپنے کریئر کا آغاز ودھو ونود چوپڑا کے اسسٹنٹ کے طور پر فلم ’’پرندہ‘‘ (۱۹۸۹ء) سے کیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے مختلف فلموں میں ودھو ونود چوپڑہ کے ساتھ کام کیا۔
۱۹۹۶ء میں انہوں نے ’’خاموشی: دی میوزیکل‘‘ سے بطور ہدایتکار اپنے کریئر کا آغاز کیا جسے ۵؍ فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔
۱۹۹۹ء میں اپنی دوسری فلم ’’ہم دل دے چکے صنم‘‘ سے وہ بالی ووڈ میں اپنی پہچان بنانے میں کامیاب ہوگئے تھے۔ اس فلم کو ۴؍ قومی ایوارڈ اور ۸؍ فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔
۲۰۰۲ء میں ان کی تیسری فلم ’’دیوداس‘‘ نے تاریخی کامیابی حاصل کی۔ اسے ۱۰؍ فلم فیئر ایوارڈ اور ۵؍ قومی ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ اسے غیر ملکی ایوارڈ بھی ملے تھے۔ ٹائم میگزین نے صدی کی بہترین ۱۰؍ فلموں میں ’’دیوداس‘‘ کو ۸؍ واں مقام دیا تھا۔
سنجے لیلا اپنی فلموں کے نغمے اور موسیقی پہلے تیار کرتے ہیں، اس کے بعد فلم بناتے ہیں۔
سنجے ہمیشہ چاہتے تھے کہ وہ فردین خان کو اپنی فلم میں شامل کریں کیونکہ وہ خوبرو ہیرو کو باصلاحیت مانتے تھے۔ ’’بلیک‘‘ میں ان کیلئے سنجے نے رول بھی لکھا تھا مگر ان کی کاسٹنگ کسی وجہ سے نہیں ہوسکی البتہ سنجے لیلا بھنسالی نے ’’ہیرا منڈی‘‘ میں فردین خان کو کاسٹ کرکے اپنی دیرینہ خواہش پوری کی۔
سنجے کی بہن بیلا بھنسالی سیگل نے ’’شیرین فرہاد کی تو نکل پڑی‘‘ (۲۰۱۲ء) کی ہدایتکاری کے فرائض انجام دیئے تھے جس کی کہانی سنجے نے لکھی تھی جبکہ بیلا کی بیٹی شرمین سیگل (سنجے کی بھانجی) نے بالی ووڈ میں ’’ملال‘‘ (۲۰۱۹ء) فلم سے کریئر کا آغاز کیا تھا جسے سنجے نے پروڈیوس کیا تھا جبکہ وہ اس کے شریک مصنف اور موسیقار بھی تھے۔
۲۰۱۵ء میں سنجے لیلا بھنسالی کو حکومت ہند کی جانب سے پدم شری سے نوازا گیا تھا۔
سنجے لیلا بھنسالی نے دپیکا پڈوکون اور رنویر کے ساتھ مسلسل ۳؍ فلمیں بنائی ہیں جن کے نام ’’رام لیلا‘‘ (۲۰۱۳ء)، ’’باجی راؤ مستانی‘‘ (۲۰۱۵ء) اور ’’پدماوت‘‘ (۲۰۱۹ء) ہیں۔