انگریزی شو پر مبنی اس سیریز میں ہدایت کاری اور اسکرپٹ بہت ہی سست ہے، ابتدائی ۳؍ایپی سوڈ سنسنی اور تفریح سے خالی ہیں۔
EPAPER
Updated: July 21, 2024, 11:40 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai
انگریزی شو پر مبنی اس سیریز میں ہدایت کاری اور اسکرپٹ بہت ہی سست ہے، ابتدائی ۳؍ایپی سوڈ سنسنی اور تفریح سے خالی ہیں۔
۳۶؍ڈیز (36 Days)
اسٹریمنگ ایپ :سونی لیو(۸؍ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ:نیہا شرما، چندن رائے سانیال، شروتی سیٹھ، شارب ہاشمی، امرتا کھانولکر، سشانت دیوگیکر، پورب کوہلی، شرناز پٹیل، کینتھ دیسائی، فیصل راشد، چاہت وج، کے سی شنکر۔
رائٹر:اناہتا مہتا، سینیکا مینڈوسا
ڈائریکٹر:وشال فوریا
پروڈیوسر:سمیر گوگاٹے، دیپک سیگل، سمیر نائر، کریٹ سہگل، پراسون گرگ، دیپالی ہانڈا، سواتی پٹنایک، پری شنکھلا۔
سنیماٹوگرافی:قیس وسیق
ایڈیٹنگ: ابھیجیت دیشپانڈے
کاسٹنگ:سنی ڈاگر
پروڈکشن ڈیزائن:جہانوی وڑکے
آرٹ ڈائریکٹر:سیبن تھامس، پرتم رائے
ریٹنگ: **
او ٹی ٹی جس نےکبھی آؤٹ آف دی باکس اور اچھے مواد کی امیدیں پیدا کی تھیں، اب بے ڈھنگےپن کا شکار ہو گیا ہے۔ ایسا لگتا ہےجیسےہرپلیٹ فارم پر زیادہ سے زیادہ مواد لانے کا مقابلہ ہو رہا ہے۔ اگر آپ کوئی کہانی نہیں سوچ سکتے توکوئی غیر ملکی شو چنیں اورکسی نہ کسی طرح اسے دیسی اندازمیں ڈھال کرپیش کردیں۔ ایسے شوز کی فہرست میں نیا نام۳۶؍ڈیز‘ہے۔ اس کے ہدایت کاروشال فوریا ہیں جو اس سے قبل’چھوری‘ جیسےعمدہ پیغام کے ساتھ ڈارک تھریلربنا چکے ہیں۔ یہ سیریز برطانو ی شو’۳۵؍ڈیز‘ پر مبنی ہے۔ اگرچہ اصل شو بہت زیادہ ہٹ تھا، لیکن اس کا دیسی ورژن کافی پھیکا اور بورنگ ہے۔
سیریز کی کہانی
گوا کے پس منظر پر مبنی یہ کہانی ایک خوبصورت ایئر ہوسٹس کےقتل سے شروع ہوتی ہے اور۳۶؍دن پہلےتک پہنچتی ہے، جب یہ لڑکی فرح زیدی (نیہا شرما) گوا کے ایک پاش ولا میں رہنے آئی تھی۔ یہاں فرح کچھ پڑوسیوں سےملتی ہے۔ ان میں ٹونی (چندن رائے سانیال)ہے، جوایک بدکردارمنیجر ہےجوگھرمیں ایک خوبصورت نوجوان بیوی سیا(خوشی بھردواج)ہونے کے باوجود دوسری عورتوں پرنظر رکھتاہے۔ وہ سیا کے دوست ترون عرف تارا (سشانت دیوگیکر)کے ساتھ گڑبڑ کرتا رہتا ہے، جو جنس کی تبدیلی کی سرجری کے عمل سے گزر رہا ہے۔
ایک پڑوسی ہےنئی امیر شوگرل للیتا(امرتا کھانولکر)اور اس کےفرمانبردار شوہر ونود(شارب ہاشمی)۔ قریبی ولا میں ایک بزرگ جوڑا، ڈینجی (کینی ڈیسائی) اور بنیفر عرف بنی (شیرناز پٹیل) رہتے ہیں۔ بنی، جو بیکنگ میں اپنی تنہائی کا علاج ڈھونڈتی ہے، اپنے بیٹے ریاض کی طلاق اور اپنی بیٹی کے کھو جانے سےذہنی طور پر پریشان ہے۔ ایک خاندان مشہور مصنف ڈاکٹر رشی (پورب کوہلی) اور ان کی بیوی رادھیکا(شروتی سیٹھ) کا ہے۔ دنیا کے لیے پرفیکٹ اس جوڑے کی ازدواجی زندگی اتارچڑھائو کا شکارہے۔
فرح کے یہاں آنے کے بعد یہ ساری زندگیاں کیسے بدل جاتی ہیں ؟ اس کا قاتل کون ہے؟ اسے کیوں قتل کیا گیا؟ یہ تمام راز ۳۶؍ دنوں کے اس سفر میں کھل کر سامنے آتے ہیں، لیکن اناہتا مینن کی یہ اڈاپٹیشن بہت سادہ اورڈھیلی ڈھالی ہے۔
سیریز کیسی ہے؟
۸؍ ایپی سوڈپرمشتمل اس سیریز کے تمام کرداروں کے اپنے اپنےگہرے راز ہیں لیکن یہ کردار اتنے بوجھل اور ان کی زندگیاں اتنی پھیکی ہیں کہ ان کے بارے میں جاننے کا تجسس پیدا نہیں ہوتا۔ اس کا اسکرین پلےاتنا سست ہے کہ دل چاہتا ہے اسے فاسٹ فارورڈ میں دیکھا جائے۔ ہدایت کاری میں بھی میں بھی پختگی نہیں ہے۔ ابتدائی ۲؍ سے ۳؍ ایپی سوڈ میں تو کوئی سنسنی نہیں ہے۔ کئی مناظرمیں ایک جیسے محسوس ہوتے ہیں۔ کہانی میں کچھ دلچسپی چوتھے ایپی سوڈسےپیدا ہوتی ہے، لیکن کوئی بھی انکشاف چونکانے والا نہیں ہے۔
اداکاری کیسی ہے؟
اداکاری کی بات کریں تو چندن رائے سانیال یہاں بھی منفی کردارکیلئےموزوں ہیں۔ امریتا، سوشانت اور شیرناز نے اپنے کرداروں کےساتھ انصاف کیا ہے، جب کہ پورب، شروتی سیٹھ، شارب ہاشمی ٹھیک ہیں۔ تاہم، ان کے کردار کو زیادہ توسیع نہیں ملی ہے، جبکہ، مرکزی کردار ہونے کےباوجود، نیہا کے پاس گلیمرس نظر آنے کے علاوہ کچھ نہیں تھا۔ باقی، سینماٹوگرافی، سیٹنگ، بیک گراؤنڈ موسیقی جیسے فنی پہلو ماحول کو پراسرار بنانے میں اپنا حصہ ڈالتے ہیں، لیکن کمزور کہانی کی وجہ سے وہ کوئی سنسنی پیدا کرنے سے قاصر ہیں۔
نتیجہ
اگر آپ کو اپنے فارغ وقت میں فاسٹ فارورڈمیں کرائم تھریلر دیکھنے کی خواہش ہوتو آپ اسےدیکھ سکتے ہیں۔