تیسرے سیزن میں ایک ماں نے اپنے بچو ں کو بچانے کیلئے ایک نئی دنیا میں قدم رکھا ہے اور یہ جرائم کی دنیا ہے۔
EPAPER
Updated: November 12, 2023, 10:23 AM IST | Inquilab Desk | Mumbai
تیسرے سیزن میں ایک ماں نے اپنے بچو ں کو بچانے کیلئے ایک نئی دنیا میں قدم رکھا ہے اور یہ جرائم کی دنیا ہے۔
آریہ سیزن-۳(Aarya- 3)
اسٹریمنگ ایپ :ڈزنی پلس ہاٹ اسٹار
اسٹار کاسٹ:سشمتاسین،وکاس کمار ، ایلا ارون ، وشواجیت پردھان ، سکندر کھیر
ہدایت کار:ر ام مادھوانی
رائٹر: خوشبو راج امیت راج اور انو سنگھ چودھری
پروڈیوسر:رام مادھوانی ، امیتا مادھوانی
سنیماٹوگرافی:کاویہ شرما
ایڈیٹنگ:خوشبوراج ، ابھیمنیو چودھری
ریٹنگ: ***
سشمتا سین نے ویب سیریز آریہ ون اور ٹو میں بہترین اداکاری سے ناظرین کا دل جیتنے کے بعد آریہ سیزن تھری میں خود کو نئے انداز میں پیش کیا ہے۔ پہلے دو حصوں میں ان کے کئی روپ دیکھے گئے ، تیسرے حصے میں اپنے بچوں کیلئے ماں کا ان کا روپ گزشتہ دو حصوں سے الگ ہے۔ آریہ تھری کی او ٹی ٹی پلیٹ فارم ڈزنی پلس ہاٹ اسٹار پر ۳؍نومبر کو اسٹر یمنگ ہوئی ہے۔ آریہ ایک مضبوط ماں کی کہانی ہے جو اپنے شوہر کی موت کے بعد اپنے بچوں کی حفاظت کیلئے کسی بھی حد تک جانے کیلئے تیار ہے۔ پہلے دو سیزن کے بعد اب تیسرے سیزن میں اس بار ایک ماں نے اپنے بچوں کیلئے ایک نئی دنیا میں قدم رکھا ہے اور یہ جرائم کی دنیا ہے۔
کہانی:اس سیزن کی کہانی وہیں سے شروع ہورہی ہے جہاں سے پچھلا سیزن ختم ہوا تھا۔ آریہ اپنے بچوں کی حفاظت کے لئے ان کے ساتھ رک گئی ہے اور ڈرگس آپریشن کو پوری طرح اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے ۔ آریہ کو کئی دشمن بھی وراثت میں ملے ہیں جو اس کی راہ میں رکاوٹ بنتے رہتے ہیں۔آریہ کو اپنے کاروبار کو سنبھالنے کے ساتھ ساتھ ان دشمنوں کا بھی خبرلینا ہے لیکن اس جنگ کو جیتنے کیلئے اسے بہت کچھ کھونا ہے۔ اس کے سامنے کئی راستے ہوتے ہیں جن میں سے اسے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہے۔
منظرنامہ اور اداکاری : منظرنامے اور مکالمے خوشبو راج اور امیت راج کے ہیں، انو سنگھ چودھری معاون ہیں۔کہانی تیزی سے آگے بڑھتی ہے۔اس میں تسلسل ہے۔ عام طور پر اس طرح کی سیریز تھوڑی دیر کے بعد روایتی انداز میں آگے بڑھتی ہے۔ آریہ تھری بھی اس سے محفوظ نہیں ہےلیکن منظرناموں اور بہترین مکالموں سے یہ کمزوری ظاہر نہیں ہوتی ہے۔ آریہ کے کردار میں سشمتا کا کردارحاوی ہے، حالانکہ انہیں کرنے سے زیادہ بولنے کا موقع دیا گیا ہے، اسی کچھ فلم نقادوں کا کہنا ہے کہ آریہ بولتی بہت ہے لیکن کرتی کم ہے۔ سشمتا نے رام مادھوانی کی ہدایت کاری میں آریہ سیریز کے پہلے سیزن سے اوٹی ٹی کی دنیا میں قدم رکھا۔ اس سیریز کو شروع سے دیکھنے والے آریہ کے کردار میں سشمتا میں تبدیلی کو واضح طور پر محسوس کر سکتے ہیں۔
سیریز کی سب سے خاص بات آریہ کی تبدیلی ہے جو کل تک اپنے شوہر اور بچوں کے ساتھ اپنے خاندان کی دیکھ بھال کر رہی تھی اور اب اپنے شوہر کو کھونے کے بعد اپنے بچوں کو بچانے کیلئےجدوجہد کر رہی ہے۔سشمتا نے اپنے بچوں کیلئےماں کی فکرمندی اور اپنے دشمنوں پر حملہ کرنے کی تیاری کو کامیابی کے ساتھ ظاہرکیا ہے۔ وکاس کمار اے سی پی خان کے کردار میں متاثرکرتے ہیں۔ اس سے قبل وکاس کمار نے کالا پانی میں بہترین کام کیا تھا۔ اس سیزن میں منشیات فروش کے طور پرنندنی ایلا ارون کا کردار دلچسپ ہے۔معاون کرداروں میں سکندر کھیر اوراندرانیل سین گپتا قابل ذکر ہیں۔ اس سیریز میںانکور بھاٹیہ، وریتی و گھنانی، جینت کرپلانی، مایا اور دیگر اداکاروں نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔
نتیجہ:آریہ سیزن تھری دلچسپ اور تفریح سے بھرپور ہے۔ اس میں تھرل اور سسپنس ہے۔ جرم کے ساتھ ساتھ اس میں اپنے خاندان کیلئے کچھ بھی کر گزرنے کا جذبہ نمایاں ہے۔ خاص بات یہ ہےکہ سشمتا سین کے پرانے فین انہیں اس روپ میں دیکھ کر حیران ہوں گے،کیونکہ ایک زمانے میں اُن کی شہر ت رومانس سے بھر پور فلموں کے اداکارہ کی تھی۔